نیوزی لینڈ: بچے کی ناک میں دو سال پہلے پھنسنے والا لیگو کا ٹکڑا باہر نکل آیا


نیوزی لینڈ میں ایک بچے کی ناک میں پھنسا ہوا لیگو کا ٹکڑا دو سال بعد بالآخر نکل آیا ہے۔

ساؤتھ آئلینڈ کے علاقے ڈیونڈن کے رہائشی سمیر انور سنہ 2018 میں لیگو کے ٹکڑے سے کھیل رہے تھے جب انھوں نے اسے اپنے نتھنے میں ڈال لیا تھا۔

ان کے والد مدثر نے اس وقت ان کی ناک میں ٹارچ کی روشنی سے دیکھنے کی کوشش کی تاہم انھیں کچھ نظر نہیں آیا۔

ڈاکٹر نے اس خاندان کو بتایا کہ یہ ٹکڑا جسم سے جلد ہی خود بخود باہر نکل آئے گا مگر ایسا نہیں ہوا۔

بی بی سی نیوز بیٹ سے بات کرتے ہوئے مدثر نے بتایا کہ ‘تب سے اب تک ہمیں کافی یقین تھا کہ اس کی ناک میں کچھ نہیں ہے۔’

یہ بھی پڑھیے

بچوں نے تشدد کرنے والے والدین کو معاف کر دیا

بچوں میں ’اینگزائیٹی‘ پر کیسے قابو پایا جا سکتا ہے؟

محبت ننھے بچوں کی ذہنی نشوونما میں معاون

مگر سمیر کو یقین نہیں تھا کہ ان کے لیگو سیٹ میں سے یہ ہاتھ والا ٹکڑآ ان کے ناک سے نکل گیا ہے۔

ان کے والد کہتے ہیں کہ انھوں نے کچھ دن بعد شکایت کرنی شروع کر دی: ‘وہ کہتے رہے کہ نہیں، میرے ناک میں کچھ ہے۔’

مگر دو سال گزر گئے اور اس خاندان کو یقین ہوگیا کہ لیگو کا یہ ٹکڑا ان کے جسم سے نکل گیا ہے۔

لیکن اس ہفتے سمیر اپنے گھر والوں کے ساتھ باہر گئے تھے اور ایک مفِن کھا رہے تھے تو اس پر موجود چمکیلے پاؤڈر نے ان کے ناک میں بے چینی پیدا کر دی۔

ان کے والد کہتے ہیں ‘وہ کافی بے چین ہوگئے تھے، ہم نے ان سے ناک صاف کرنے کے لیے کہا۔’

یہ وہ وقت تھا جب لیگو کا سیاہ ٹکڑا ٹشو پیپر پر آ گرا اور وہ سب حیران رہ گئے۔

‘ہم سب حیران رہ گئے۔ سمیر کہنے لگے، میں آپ سے کب سے کہہ رہا تھا کہ لیگو میری ناک میں ہی ہے مگر آپ کو میری بات پر یقین نہیں تھا۔’

منگل کو سمیر ایک مرتبہ پھر ڈاکٹر کے پاس گئے ہیں اور انھیں دوبارہ اور شاید آخری مرتبہ بتایا گیا ہے کہ ان کی ناک اب پوری طرح صاف ہو چکی ہے۔

سمیر نے نیوز بیٹ کو بتایا کہ ‘مجھے حیرانی بھی تھی اور تھوڑا سا خوف بھی۔’

انھوں نے بتایا کہ وہ اب بھی لیگو کے بہت بڑے شیدائی ہیں اور وہ یہ دیکھ کر بہت متاثر ہوئے ہیں کہ لیگو کا ٹکڑا اب تک سلامت رہا ہے۔

وہ کہتے ہیں: ‘یہ اب بھی ہاتھ جیسا ہی لگ رہا تھا۔’

یاد رہے کہ اگر آپ کے ساتھ بھی ایسا کچھ ہو تو برطانیہ کی نیشنل ہیلتھ سروس کے مطابق والدین کو چاہیے کہ بچوں کو فوراً ہسپتال لے کر جائیں اور بچوں کی ناک میں سے کوئی بیرونی چیز خود نکالنے کی کوشش نہ کریں ورنہ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ یہ چیز ناک میں مزید اوپر تک چلی جائے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32540 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp