پاکستان بمقابلہ انگلینڈ: اظہر علی کا کڑا امتحان آج سے، انگلینڈ کا ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ


اظہر علی، انگلینڈ، پاکستان

ساؤتھمپٹن میں انگلش کرکٹ ٹیم کے کپتان جو روٹ نے پاکستان کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

جو روٹ کی ٹیم کو سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے اور اگر وہ تیسرا ٹیسٹ میچ جیت جاتے ہیں تو گذشتہ دس برسوں میں وہ پہلے انگلش کپتان ہوں گے جنھوں نے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتی ہو۔

2010 کے بعد سے پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف چار ٹیسٹ سیریز کھیلی ہیں جن میں سے دو متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے نام رہیں جبکہ دو انگلینڈ میں ڈرا ہوئیں۔

میچ میں جیمز اینڈرسن کو اپنے ٹیسٹ کیریئر میں 600 وکٹیں مکمل کرنے کے لیے صرف چھ وکٹیں درکار ہیں۔ جبکہ بابر اعظم 29 رنز کے ساتھ اپنے دو ہزار ٹیسٹ رنز مکمل کر لیں گے۔

یہ بھی پڑھیے

’ہر بادشاہ تاج نہیں پہنتا، ہمارا بادشاہ ہیلمٹ پہنتا ہے‘

۔۔۔اور اظہر علی کی جیب بھی خالی تھی

دوسرا ٹیسٹ میچ بارش کی وجہ سے برابر

اس ڈریسنگ روم میں کافی شامیں بیت چکی ہیں۔۔۔

پاکستان اور انگلینڈ کے ٹیموں نے دوسرے ٹیسٹ کے نتائج کو مدنظر رکھتے ہوئے شروعات کے بہتر اوقات پر اتفاق کیا ہے۔ اس سے بعد اب میچ آفیشلز اگلے دن کا کھیل آدھا گھنٹہ پہلے شروع کر سکیں گے۔ تیسرے پانچ روزہ ٹیسٹ میں محض ڈیڑٌھ دن ممکن ہوسکا تھا اور باقی میچ بارش کی وجہ سے متاثر ہونے کے بعد ڈرا ہوگیا تھا

محمد رضوان

پاکستانی وکٹ کیپر محمد رضوان نے دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 72 رنز بنائے

کورونا وائرس کی عالمی وبا کی رفتار میں کمی کے بعد سے انگلینڈ نے اب تک پانچ ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں جس میں انھوں نے پہلے ویسٹ انڈیز کو دو ایک سے ہرایا جبکہ پاکستان کے خلاف انھوں نے ایک ٹیسٹ جیتا اور دوسرا بارش کے باعث ڈرا ہوگیا۔

انگلینڈ نے دوسرے ٹیسٹ کے لیے اعلان کردہ 14 کرکٹرز کے سکواڈ میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔

پہلے کرکٹ ٹیسٹ میں انگلش آل راؤنڈر بین سٹوکس کی کارکردگی خاص نہیں رہی تھی اور فتح کے بعد انگلش کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا تھا کہ سٹوکس پاکستان کے خلاف کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز کے باقی دو میچوں میں اپنی گھریلو وجوہات کی وجہ سے حصہ نہیں لے سکیں گے۔

دوسرے ٹیسٹ میں بین سٹوکس کی جگہ انگلش ٹیم میں زیک کرالی جبکہ آرچر کی جگہ سیم کرن کو شامل کیا گیا تھا۔

پاکستانی ٹیم میں دوسرے ٹیسٹ کے لیے ایک تبدیلی کی گئی تھی اور بلے بازی کے شعبے کو مضبوط کرتے ہوئے مڈل آرڈر بلے باز فواد عالم کو لیگ سپنر شاداب خان کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ فواد عالم تقریباً 11 برس کے بعد پاکستان کی جانب سے کسی ٹیسٹ میچ میں میدان میں اترے تھے تاہم وہ اپنی واحد باری میں صفر پر آؤٹ ہوگئے تھے۔

ساؤتھمپٹن میں دوسرے ٹیسٹ کے دوران وقفے وقفے سے بارش ہوتی رہی تھی اور میچ برابر قرار پایا تھا۔ پاکستان نے پہلی اننگز میں 236 رنز بنائے تھے جس میں محمد رضوان کے قیمتی 72 شامل تھے۔ کھیل کے پانچویں دن انگلینڈ کی پہلی اننگز جاری تھی اور اس نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 110 رنز بنائے تھے۔

پاکستان، انگلینڈ

انگلینڈ نے پہلے ٹیسٹ میں جوس بٹلر اور کرس ووکس کی ذمہ دارانہ بلے بازی کی بدولت تین وکٹوں سے فتح حاصل کی تھی

اولڈ ٹریفرڈ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے دوسری اننگز میں جوس بٹلر اور کرس ووکس کی ذمہ دارانہ بلے بازی کی بدولت تین وکٹوں سے فتح حاصل کی تھی۔

پاکستان نے انگلینڈ کو جیتنے کے لیے 277 رنز کا ہدف دیا تھا جو انگلینڈ نے کھیل کے چوتھے دن سات وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔

میچ کے دوران ایک وقت ایسا آیا کہ انگلینڈ کی نصف ٹیم پویلین لوٹ گئی جبکہ جیت کے لیے ڈیڑھ سو سے زائد رنز درکار تھے۔ تاہم اس کے بعد چھٹی وکٹ کے لیے کرس ووکس اور جوس بٹلر کی طویل شراکت داری انگلینڈ کو جیت کی طرف لے گئی۔ ووکس 84 جبکہ بٹلر 75 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے مگر اس وقت تک دونوں اپنی ٹیم کو فتح کے بہت قریب لے آئے تھے۔

پاکستان کے کپتان اظہر علی نے میچ کے اختتام پر شکست کی بڑی وجہ اس پارٹنرشپ کو قرار دیا تھا۔

انگلینڈ سکواڈ: جو روٹ (کپتان)، جیمز اینڈرسن، جوفرا آرچر، ڈومنک بیس، سٹیورٹ براڈ، روری برنس، جوس بٹلر، زیک کرالی، سیم کرن، اولی پوپ، اولی رابنسن، ڈوم سبلی، کرس ووکس، مارک ووڈ

پاکستان سکواڈ: اظہر علی (کپتان)، شان مسعود، عابد علی، بابر اعظم، اسد شفیق، فواد عالم، محمد رضوان، یاسر شاہ، شاہین آفریدی، محمد عباس، نسیم شاہ، امام الحق، کاشف بھٹی، سرفراز احمد، سہیل خان، شاداب خان


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32509 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp