پاکستان بمقابلہ انگلینڈ: چوتھے دن کے آغاز پر پاکستان کی بیٹنگ کا محتاط آغاز، اوپنرز تاحال کریز پر موجود


پاکستان

ساؤتھیمپٹن میں پاکستان اور انگلینڈ کی سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز محتاط انداز میں کیا ہے اور اس وقت پاکستان کا سکور کا 41 ہے اور اوپنرز شان مسعود اور عابد علی اس وقت کریز پر موجود ہیں۔ بارش کی وجہ سے میچ روک دیا گیا ہے اور میچ میں کھانے کے وقفے کا بھی اعلان کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 583 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں گذشتہ روز کھیل کے اختتام پر پاکستان کی پہلی اننگز 273 رنز پر اختتام پذیر ہوئی تھی اور ٹیم کو فالو آن کا سامنا کرنا پڑا۔ انگلینڈ کو میچ میں مجموعی طور پر 310 رنز کی برتری حاصل ہے۔

میچ کا مکمل سکور کارڈ

تیسرے دن کا کھیل

تیسرے دن کے کھیل کے اختتام پر کپتان اظہر علی 141 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ انھوں نے پراعتماد اننگز کھیلی اور آخر تک انگلینڈ کے باؤلرز کا سامنا کیا۔ میچ کے آخر میں انھیں دو مواقع بھی ملے۔

وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کے آؤٹ ہونے کے بعد یاسر شاہ میدان میں اترے ہیں۔ یاسر شاہ 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ان کے بعد شاہین شاہ بیٹنگ کے لیے آئے مگر وہ جلد ہی وکٹ کیپر کو اپنا کیچ تھما بیٹھے۔

محمد عباس آؤٹ ہونے والے نویں بیٹسمین تھے جو رنز آؤٹ ہوئے۔

اس سے قبل محمد رضوان 53 رنز بنا کر کرس ووکس کی گیند پر وکٹ کیپر جوس بٹلر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

انگلش بولر جیمز اینڈرسن نے اب تک چاروں وکٹیں حاصل کی ہیں۔ تیسرے روز کے آغاز پر اسد شفیق جیمز اینڈرسن کی آؤٹ سوئنگ گیند پر سلپ میں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ وہ صرف 5 رنز بنا سکے تھے۔

دوسرے دن کیا ہوا؟

دوسرے روز انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 8 وکٹوں پر 583 رن بنا کر اننگز ڈکلیئر کر دی۔ جواب میں پاکستان نے کھیل کے اختتام تک 3 وکٹوں کے نقصان پر 24 رن بنائے تھے۔

پاکستان

پاکستان کی طرف سے شان مسعود اور عابد علی نے بیٹنگ کا آغاز کیا اور چھ کے سکور پر پہلی اور 11 کے سکور پر اس کی دوسری وکٹ گر گئی۔ 24 کے سکور پر بابر اعظم بھی آؤٹ ہو گئے۔ اس وقت اظہر علی کریز پر موجود ہیں۔ شان مسعود، عابد علی اور بابر اعظم تینوں جمی اینڈرسن کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

انگلینڈ کی طرف سے زیک کرولی نے 267 رن بنائے اور ان کی جوس بٹلر کے ساتھ 359 رن کی شراکت ہوئی تھی۔ کرولی اسد شفیق کی گیند پر سٹمپ ہوئے۔ انھوں نے 393 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 34 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ جوس بٹلر 152 رن بنا کر فواد عالم کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

پاکستانی بولرز میں سے یاسر شاہ، فواد عالم اور شاہین آفریدی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

زیک کرالی کے لیے یاد گار پہلا روز

میچ کے پہلے روز ساؤتھمپٹن میں انگلش کرکٹ ٹیم کے کپتان جو روٹ نے پاکستان کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے اور کھیل ختم ہونے پر انگلینڈ نے 332 رنز سکور کر لیے جس میں زیک کرولی کے شاندار 171 رنز شامل ہیں۔

کھیل ختم ہونے پر زیک کرولی اور جوس بٹلر ناٹ آؤٹ تھے۔ جوس بٹلر نے کھیل ختم ہونے تک 87 رنز سکور کیے تھے جس میں نو چوکے اور دو زبردست چھکے شامل تھے۔

یاد رہے کہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پاکستان پہلا میچ ہار گیا تھا جبکہ دوسرے میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔ تیسرے اور آخری میچ میں اب تک انگلینڈ کی گرفت میچ پر کافی مضبوط ہو گئی ہے اور اگر یہ میچ پاکستان کے ہاتھ سے نکل گیا یا برابر رہا تو گزشہ دس برس میں انگلینڈ میں ٹسیٹ سیریز نہ ہارنے کا پاکستان کی کرکٹ ٹیم کا ریکارڈ بھی خراب ہو جائے گا۔

نئی گیند شاہین آفریدی اور محمد عباس کو دی گئی۔ شاہین نے اپنے تیسرے ہی اوور میں روی برنز کو آؤٹ کیا۔ برنز شاہین کی آؤٹ سوئنگ پر سلپ میں کیچ آؤٹ ہوئے۔

ڈوم سبلی اور زیک کرولی کے درمیان 50 رنز کی شراکت قائم ہوئی جس کے بعد یاسر شاہ کی گیند پر سبلی 22 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

شاہین آفریدی

شاہین نے برنز کی وکٹ حاصل کر کے پاکستان کو پہلی کامیابی دلائی

پہلے روز کھانے کے وقفے تک انگلینڈ نے دو وکٹوں کے نقصان پر 91 رنز بنائے تھے اور کرولی نے آخری گیند پر چوکا لگا کر اپنی نصف سنچری مکمل کر لی تھی۔

کھیل دوبارہ شروع ہونے پر پہلے نسیم شاہ نے کپتان جو روٹ کو 29 رنز پر کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کیا اور اس کے بعد یاسر شاہ نے اولی پوپ کو بولڈ کر کے اپنا دوسرا شکار بنایا۔

انگلینڈ نے دوسرے ٹیسٹ کے بعد سیم کرن کی جگہ جوفرا آرچر کو ٹیم میں شامل کیا ہے جبلکہ پاکستان نے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔

جو روٹ کی ٹیم کو سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے اور اگر وہ تیسرا ٹیسٹ میچ جیت جاتے ہیں تو گذشتہ دس برسوں میں وہ پہلے انگلش کپتان ہوں گے جنھوں نے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتی ہو۔

2010 کے بعد سے پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف چار ٹیسٹ سیریز کھیلی ہیں جن میں سے دو متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے نام رہیں جبکہ دو انگلینڈ میں ڈرا ہوئیں۔

انگلینڈ سکواڈ: جو روٹ (کپتان)، جیمز اینڈرسن، جوفرا آرچر، ڈومنک بیس، سٹیورٹ براڈ، روری برنس، جوس بٹلر، زیک کرولی، سیم کرن، اولی پوپ، اولی رابنسن، ڈوم سبلی، کرس ووکس، مارک ووڈ

پاکستان سکواڈ: اظہر علی (کپتان)، شان مسعود، عابد علی، بابر اعظم، اسد شفیق، فواد عالم، محمد رضوان، یاسر شاہ، شاہین آفریدی، محمد عباس، نسیم شاہ، امام الحق، کاشف بھٹی، سرفراز احمد، سہیل خان، شاداب خان


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32542 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp