لیونل میسی کو کون اپنی ٹیم میں شامل کرنا چاہتا ہے؟


میسی

دنیا کا کوئی بھی کلب یہ ضرور چاہے گا کہ لیونل میسی ان کی طرف سے کھیلیں۔ لیکن صورتحال بہت پیچیدہ ہے اور دیکھا جائے تو اصل میں چند ایک ہی فٹبال کلب ہیں جن کی طرف سے میسی کھیل سکتے ہیں۔

تو میسی کہاں جائیں گے؟

میسی انگلش فٹبال کو کئی سال سے فالو کررہے ہیں اور وہ اس لیگ کے بارے میں اچھی خاصی معلومات بھی رکھتے ہیں۔

اس کی بڑی وجہ ان کے ہم وطن اور دوست ارجنٹینا کے سرجیو اگوئیرو اور ہسپانوی کھلاڑی سیسک فیبریگاس ہیں۔ دونوں کھلاڑیوں نے انگلینڈ میں بہت عرصہ گزارا ہے۔

اگوئیرو پریئمیر لیگ کے کلب مانچسٹر سٹی کی طرف سے سٹرائیکر کی پوزیشن پر کھیلتے ہیں جبکہ فیبریگاس لندن کے کلب چیلسی کے لیے بطور مڈفیلڈر کھیلتے تھے۔

اسی حوالے سے مزید پڑھیے

’رومال کے ذریعے سائن کیا گیا، فیکس کے ذریعے چھوڑ کر جا رہے ہیں‘

میسی 2021 تک بارسلونا کے ہوگئے

بائرن میونخ کے ہاتھوں ایف سی بارسلونا کی شرمناک شکست

’یہ بارسلونا نہیں ارجنٹینا ہے‘

میسی کے مانچسٹر سٹی کے ساتھ معاہدے کی افواہوں پر اس لیے بھی یقین کیا جاسکتا ہے کیونکہ وہاں پر کوچ پیپ گارڈیولا ہیں جو کہ میسی کے بارسلونا میں بھی کوچ تھے۔

میسی

اس کے علاوہ مانچسٹر سٹی کی انتظامیہ میں چند ایسے افراد ہیں جو ماضی میں بارسلونا کے ساتھ تھے اور میسی انھیں اچھی طرح جانتے ہیں اور ان افراد نے بارسلونا میں میسی کے کیرئر کی شروعات میں ان کی بڑی مدد کی تھی۔

ایک اور اہم وجہ یہ ہے کہ مانچسٹر سٹی کا شمار ان چند کلبوں میں ہوتا ہے جو کہ مالی طور پر اتنے مضبوط ہیں کہ میسی کے ساتھ معاہدہ کرسکیں۔

اس کے علاوہ میسی کو یہ بھی پتہ ہے کہ کوچ پیپ گارڈیولا، میسی کے آنے کے بعد ان کے گرد ٹیم کا ایک ایسا ڈھانچہ تشکیل دیں گے جس سے میسی کا کھیل نکھر کر سامنے آئے گا۔

بارسلونا میں پچلھے کچھ سالوں میں ایسا دیکھنے کو نہیں ملا۔

سپین میں بعض ذرائع یہ بھی کہہ رہے ہیں کہ مانچسٹر سٹی کو شہر میں ان کے سب سے بڑے حریف مانچسٹر یونائیٹڈ کی طرف سے بھی مقابلے کا سامنا ہے۔

سپین میں ایک ٹی وی چینل نے منگل کو یہ یہ دعوی کیا کہ مانچسٹر یونائیٹڈ بہت سنجیدگی سے میسی کو اپنی طرف کھینچنے کی کوشش کررہا ہے۔

مانچسٹر یونائیٹڈ کے مداح اس خبر کو مضحکہ خیز قرار دے رہے ہیں کیونکہ کلب کا ٹرانسفر مارکٹ میں حالیہ کچھ عرصے میں ریکاڈ اچھا نہیں ہے۔

میسی

لیکن اس سال مارچ میں امریکی فٹبال ٹیم ٹیمپا بے بکنیئرز نے امریکی فٹبال کے سب سے بڑے کھلاڑی ٹام بریڈی کے ساتھ معاہدہ کرلیا۔

ٹام بریڈی کا شمار امریکن فٹبال کی تاریخ کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں ہوتا ہے اور ٹیمپا بے بکنیئرز کے مالکان وہی گلیزر خاندان ہے جو کہ مانچسٹر یونائیٹڈ کے بھی مالک ہیں۔

ان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ جب وہ کچھ بڑا کرنے جارہے ہوتے ہیں تو وہ پیچھے نہیں ہٹتے۔

چیلسی، لیورپول اور آرسنل کے بارے میں بھی کہا جارہا ہے کہ وہ میسی کو سائن کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

میسی کے بارے میں یہ تحفظات بھی نہیں ہیں کہ انھیں انگلش کلچر میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا کیونکہ ان کے بچے بارسلونا کے مضافات میں واقع برطانوی سکول میں ہی تعلیم حاصل کررہے ہیں۔

یورپی ہیوی ویٹ

دوسری طرف یورپ میں چیمپیئنز لیگ کے فائنل میں شکست کے بعد فرانسیسی کلب پیرس سان جرمین بھی یہی سوچ رہا ہوگا کہ میسی کے ساتھ آئندہ سیزن میں ان کے چیمپیئنز لیگ جیتنے کے مواقع بڑھ جائیں گے۔

مانچسٹر سٹی کی طرح پی ایس جی کے پاس بھی میسی کو سائن کرنے کے لیے مالی ذرائع موجود ہیں۔

میسی

میسی کے لیے پی ایس جی کی طرف سے کھیلنے کا موقع اس لیے بھی پرکشش ہے کیونکہ وہاں ان کے پرانے ساتھی نیمار موجود ہیں، جن کی 2017 میں بارسلونا سے روانگی پر میسی بہت زیادہ ناراض ہوئے تھے۔

اس کے علاوہ گزشتہ ہفتے یورپا لیگ کے فائنل میں شکست کے بعد اطالوی ٹیم انٹر میلان بھی ان کے ساتھ معاہدہ کرنے کی ریس میں شامل ہوسکتی ہے۔

انٹر کے مالکان چینی سرمایہ کار کمپنی سننگ ہولڈنگز ہیں اور وہ اطالوی لیگ سیری اے میں یووینٹس کی برتری کو ختم کرنے کے لیے بے چین ہیں۔

ذرائع کے مطابق کلب کے صدر سٹیون ژانگ میسی کی ٹیم سے اس حوالے سے بات چیت بھی کرچکے ہیں۔

ان افواہوں میں اس لیے بھی صداقت ہوسکتی ہے کیونکہ اس سے میسی اور رونالڈو کا ایک بار پھر آمنا سامنا ہو سکتا ہے، اس بار اطالوی لیگ میں۔

اس کے علاوہ میسی کی بارسلونا کے سب سے بڑے حریف کلب ریال میڈرڈ جانے کی بھی افواہیں گردش کررہی تھیں۔

لیکن میسی کی ٹیم نے فوراً اس کی تردید کی۔ وہ چاہے اپنے بچپن کے کلب بارسلونا سے کتنا ہی ناراض کیون نہ ہوں لیکن یہ ایک ایسا قدم ہے جو کہ وہ نہیں اٹھا سکتے۔

گھر واپسی یا مشرق کا رخ

میسی

میسی کے کریئر کا رومانوی اختتام تو یہی ہوگا کہ وہ ارجنٹینا میں اپنے آبائی شہر روزاریو میں اپنے پہلے کلب نیول اولڈ بوائز واپس جائیں۔

اس حوالے سے میسی بار بار یہ کہہ چکے ہیں کہ وہ فٹبال کو خیرآباد کہنے سے پہلے اس کلب کی طرف سے ضرور کھیلیں گے۔ لیکن ساتھ ہی انھوں نے اپنے اور اپنے بچوں کے لیے وہاں پر موجود حالات میں سیکورٹی خدشات کا بھی اظہار کیا ہے۔

نیول کلب کے ساتھ کھیلنے کا مطلب ہے کہ ان کے فٹبال کے معیار میں بھی خاطر خواہ کمی آئے گی۔

میسی کا ماننا ہے کہ وہ ابھی بھی اول درجے کی فٹبال کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور اسی وجہ سے وہ یقیناً ایک عالی درجے کی لیگ کا چناؤ کریں گے۔

یہی وجہ ہے کہ میسی یقیناً ایشیا کا رخ بھی نہیں کریں گے۔ ان کے ساتھ بارسلونا میں کھیلنے والے کھلاڑی ژاوی اور انئیستا قطر اور جاپان میں فٹبال کھیلنے کے خوشگوار تجربے کے بارے میں ذکر کرچکے ہیں۔

لیکن یہاں سب سے اہم بات یہ ہے کہ ان دونوں کھلاڑیوں نے خود یہ بات تسلیم کی ہے کہ جب وہ بارسلونا چھوڑ رہے تھے تب بڑھتی عمر کے ساتھ ساتھ ان کے کھیلنے کی صلاحیت میں واضح کمی آچکی تھی۔

لیکن میسی اس بات پر قائم ہیں کہ وہ ابھی ایلیٹ لیول یعنی کے اول درجہ کی فٹبال کھیل سکتے ہیں۔

بارسلونا میں کئی سال مایوس رہنے کے بعد میسی اب بھی چیمپیئنز لیگ جیتنے کی خواہشمند ہیں۔

کیا وہ بارسا کے ساتھ ہی رہیں گے؟

میسی کی بارسلونا سے روانگی کی درخواست بظاہر تو حقیقی لگ رہی ہے لیکن ہم اس بات کو نظر انداز نہیں کرسکتے کہ میسی بارسلونا کے ساتھ ہی رہیں اور کہیں اور نہ جائیں۔

منگل کو آنے والی خبر کلب کے صدر جوزپ ماریا بارٹمو کو ان کے عہدے سے الگ کرنے کی ایک آخری کوشش بھی ہوسکتی ہے۔ میسی گذشتہ چند سالوں سے ان سے بالکل خوش نہیں ہیں اور انھوں نے دو ٹوک الفاظ اس کا ذکر بھی کیا ہے۔

لیکن اگر بارسلونا کے صدر استعفی نہیں بھی دیتے تب بھی میسی کا بارسلونا سے پیچھا چھڑانا اتنا آسان ثابت نہیں ہوسکتا۔

میسی

کلب کے صدر کے بارے میں یہ بات مشہور ہے کہ انھیں قانونی جنگیں لڑنے میں مزہ آتا ہے اور وہ میسی کے معاہدے میں لکھے گئے ستر کروڑ یوروز کے ریلیز کلاز کو عدالت میں ان کے خلاف استعمال کریں گے۔

فٹبال میں ہر بڑے کھلاڑی کے معاہدے میں ایک ریلیز کلاز ہوتا ہے یعنی ایک ایسی شق جس کو استعمال کر کے کھلاڑی اس ٹیم کو چھوڑ سکتے ہیں۔

اس شق کے تحت کھلاڑی کے ٹرانسفر کے وقت اس کی فروخت ہونے والی رقم میں سے حصے کے طور پر معاہدے میں موجود ہوتی ہے۔

مثال کے طور پر اگر میسی کو کوئی دوسرا کلب براہ راست خریدنا چاہتا ہے تو وہ ستر کروڑ یوروز کی رقم دے کر انھیں بارسلونا سے خرید سکتا ہے۔

لیکن میسی کے معاہدے کے تحت اگر وہ کلب کو اطلاع دے دیں تو وہ بغیر کسی رقم کے تبادلے کے کسی دوسرے کلب جا سکتے ہیں۔ میسی کے معاہدے کی مدت 2021 تک ہے۔

لیکن اگر بارسلونا کے صدر جوزف ماریا بارٹمو میسی کے ساتھ طویل عدالتی جنگ لڑتے ہیں تو شائقین شاید میسی کو آنے والے سیزن میں فٹبال کھیلتا نہ دیکھ سکیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32549 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp