’انوشکا اور کوہلی کی خوشخبری، اب تیمور کا کیا ہو گا‘


انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان اور اداکارہ انوشکا شرما نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ برس ان کے خاندان میں ایک نئے فرد کا اضافہ ہونے والا ہے۔

یہ بات وارٹ کوہلی اور انوشکا شرما نے ٹوئٹر اور انسٹا گرام پر جاری کیے گئے ایک پیغام میں کہی۔

وراٹ اور انوشکا نے ان سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اپنی ایک تصویر شائع کی جس کے نیچے لکھا ہے کہ ’اور پھر ہم تین تھے! آمد جنوری 2021 میں۔‘

یہ بھی پڑھیے

انوشکا شرما اور وراٹ کوہلی کی شادی

تصویر میں یہ جوڑا خوشگوار موڈ میں دکھائی دے رہا ہے جبکہ بلیک اینڈ وائٹ لباس میں ملبوس انوشکا کا ’بےبی بمپ‘ دیکھا جا سکتا ہے۔

خیال رہے کہ وراٹ کوہلی آج کل انڈین پریمیئر لیگ کے مقابلوں کے سلسلے میں متحدہ عرب امارات میں موجود ہیں۔

وراٹ کوہلی اور انوشکا شرما کئی برس کے تعلقات کے بعد دسمبر 2017 میں اٹلی میں منعقدہ ایک تقریب میں رشتۂ ازدواج میں بندھ گئے تھے۔

فلم رب نے بنا دی جوڑی سے اپنے فلمی کریئر کا آغاز کرنے والی انوشکا شرما بالی وڈ کی کامیاب اداکاراؤں میں سے ایک ہیں۔ اداکاری کے ساتھ ساتھ انوشکا اب ایک فلمساز بھی ہیں۔ ان کی کامیاب فلموں میں این ایچ ٹین جیسی فلمیں شامل ہیں حال ہی میں انہوں نے ایک ویب سیریز ‘پاتال لوک بنائی تھی جسے کافی سراہا گیا۔

https://www.instagram.com/p/CEYZINOpd53/

انوشکا شرما کے حاملہ ہونے کی خبر سوشل میڈیا پر عام ہوتے ہی فلمی ستاروں اور کرکٹرز کے علاوہ اس جوڑے کے مداحوں کی جانب سے جہاں مبارکباد کا سلسلہ شروع ہو گیا وہیں میمز بھی سامنے آنے لگے۔

رشی سنگھ نامی صارف نے ان دونوں کو مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ ‘دو خوبصورت لوگ ایک پیارے سے بچے کے ماں باپ بننے جا رہے ہیں، بہت بہت مبارک ہو’۔

جان نام کے ایک صارف نے لکھا ‘بےبی کِنگ یا کوئین کا انتظار ہے‘۔ ایک مداح نے ’چھوٹے کوہلی‘ کی آمد کا خیرمقدم کیا تو ایک صارف نے اسے کورونا کی وجہ سے ہونے والے لاک ڈاؤن کا ’سائیڈ ایفیکٹ‘ قرار دیا۔

دلچسپ بات یہ رہی کہ خبر تو انوشکا اور کوہلی کے بچے کی آمد کی تھی لیکن میمز میں اس سے زیادہ اداکارہ کرینہ کپور اور اداکار سیف علی خان کے بیٹے تیمور کا ذکر رہا۔

کچھ لوگوں نے مزاحیہ میمز بناتے ہوئے لکھا کہ اس خوشخبری کا تیمور پر کیا اثر پڑے گا۔ صارفین کا کہنا تھا کہ انوشکا اور کوہلی کے بچے کی اس دنیا میں آمد کے بعد وہ میڈیا کی توجہ کا نیا مرکز بن جائے گا۔

https://twitter.com/sobtian_pushp/status/1298861444289581057

ایک صارف نے لکھا ’اس خوشخبری کا تیمور پر کیا اثر پڑے گا‘۔ ایسے ہی ایک میم میں تیمور کے تصویر کے ساتھ لکھا تھا ‘انوشکا کے بچے کی پیدائش کے بعد میڈیا اب اس کے پیچھے بھاگے گا’ ہے بھگوان میری تو لائف خراب ہو گئی’۔

ایک اور میم میں تیمور کی تصویر کے نیچے لکھا گیا ‘ بھگوان یہ کیا ظلم ہے’۔

خیال رہے کہ کرینہ کپور اور سیف علی خان کے تقریباً چار سالہ بیٹے تیمور علی خان اپنی پیدائش کے بعد سے ہی انڈین میڈیا اور سوشل میڈیا پر بہت مقبول رہے ہیں اور ان کا شمار اس وقت انڈیا کے مقبول ترین ’سٹار کڈز‘ میں ہوتا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ رواں ماہ ہی کرینہ اور سیف علی خان نے بھی اعلان کیا ہے کہ وہ دوبارہ والدین بننے والے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp