وقار ذکا نے ماروی سرمد کے خلاف توہین رسالت کی درخواست دے دی


وقار ذکا نے معروف صحافی ماروی سرمد کے خلاف توہین مذہب کے الزام میں درخواست دائر کر دی۔ ویب سائٹ ’Reddit‘ پر پوسٹ کی گئی درخواست کی نقل میں وقار ذکا نے موقف اختیار کیا ہے کہ ماروی سرمد مسلسل اسلام اور اسلامی شعائر کا مذاق اڑاتی آ رہی ہیں۔ ایک بار انہوں نے حجاب کے متعلق گھٹیا الفاظ استعمال کیے اور اسے گندگی سے تشبیہ دی۔

بلوچستان کے لاپتہ افراد کے حوالے سے ایک لطیفہ اپنے ٹوئٹر اکاﺅنٹ پر شیئر کیا جس میں ایک بار پھر مذہب کی توہین کی گئی اور حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے بارے میں نازیبا زبان استعمال کی گئی۔ ان ٹویٹس کے سکرین شاٹس بھی وقار ذکا کی طرف سے درخواست کے ساتھ لف کیے گئے ہیں اور ماروی سرمد کے خلاف سیکشن 295اے کے تحت کارروائی کی استدعا کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ وقار ذکا نے نومبر 2019 میں بول نیٹ ورک سے Champions with Waqar Zaka کے عنوان سے ایک شو شروع کی۔ اس شو میں نوجوان لڑکیوں سے ناشائستہ سوالات کئے جاتے تھے۔ جنوری 2020 میں پیمرا نے اس شو کو “سماجی۔ مذہبی اور ثقافتی” اعتبار سے قابل اعتراض قرار دیتے ہوئے پابندی عائد کر دی۔ اپریل 2020 میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے پیمرا کے فیصلے کے خلاف وقار ذکا کی اپیل مسترد کرتے ہوئے پابندی برقرار رکھی۔

وقار ذکا 2013 کے انتخابات مین کراچی کے حلقہ 253 سے امیدوار تھے اور وہ 31 ووٹ لے کر ناکام رہے۔

وقار ذکا 2017 میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان سے “شام اور برما کے تباہ حال علاقوں میں امدادی کام” کرنے پر ایوارڈ حاصل کر چکے ہیں۔

یاد رہے کہ وقار ذکا نے مئی 2019 میں فیس بک پوسٹ کے ذریعے اعتراف کیا کہ وہ ماضی میں غلط اور نوجوان نسل کو بھٹکانے والا مواد تیار کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے ریالٹی ٹی وی شو کا حوالہ دیتے ہوئے اس میں شریک ہونے والے تمام نوجوانوں سے بھی معافی مانگی اور اعتراف کیا کہ اب انہیں اس پروگرام کے مواد پر شرمندگی ہے۔

نومبر 2018 میں ذرائع ابلاغ نے خبر دی کہ کراچی پولیس نے وقار ذکا کو شراب رکھنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ تاہم وقار ذکا نے بعد ازاں وضاحت کی کہ انہیں شراب نہیں بلکہ شیشہ رکھنے پر گرفتار کیا گیا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).