بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ کی گرل فرینڈ ریا چکروتی کا ’میڈیا ٹرائل‘: ’ریا انٹرویو نہیں، تفتیش کی مستحق ہیں‘


بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ کی اچانک موت نے جہاں بالی ووڈ میں اقربا پروری کے موضوع پر بحث چھیڑ دی ہے وہیں اب اس حوالے سے انڈین میڈیا کے کردار بھی سوال اٹھائے جانے لگے ہیں۔

گزشتہ رات سے انڈیا میں ایک بار پھر سوشانت سنگھ کی موت پر گرما گرم بحث جاری ہے اور ٹوئٹر پر اس حوالے سے مختلف ہیش ٹیگ بھی ٹرینڈ کر رہے ہیں۔

انڈیا میں ٹوئٹر پر جہاں لوگ اس معاملے پر میڈیا کے غیر ذمہ دارانہ کردار پر سوال اٹھا رہے ہیں تو دوسری جانب سوشانت کی گرل فرینڈ ریا چکروتی کو ہی سوشانت کی موت کا ذمہ دار سمجھنے والے صارفیں ریا کا انٹرویو کرنے والے چینلز کو تنقید کا نشانہ بھی بنا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ سوشانت سنگھ کی موت کے بعد ان کی گرل فرینڈ اور اداکارہ ریا چکروتی کے خلاف نفرت انگیز مہم جاری ہے جس میں سوشل میڈیا ٹرولز کے علاوہ انڈیا کے چند مشہور صحافی بھی شامل ہیں۔

انڈیا کے ایک قدامت پسند چینل نے انھیں ایک ’چالاک‘ عورت قرار دیا ہے جس نے ’کالے جادو‘ کی مدد سے ’سوشانت کو خودکشی کی جانب دھکیلا۔‘

وویک نامی صارف نے لکھا کہ ٹی وی چینلز ریا چکروتی کا انٹرویو کر کے سوشانت سنگھ کیس سے جڑے جذبات کے ساتھ کھیل رہے ہیں۔ اس بکواس کو بند کیا جائے۔

سابق رکن پارلیمان ڈاکٹر ادت راج نے لکھا کہ انھوں نے اس وقت سے ٹی وی دیکھنا چھوڑ دیا جب سوشانت سنگھ کی موت کی کوریج نے اہم مسائل کو پس پشت ڈال دیا۔

انھوں نے مزید لکھا کہ ریا چکروتی بہار کے انٹرویو کو بہار کے جذبات مجروح کرنے اور بے روزگاری، چین اور کورونا جیسے مسائل سے بچنے کے لیے استعمال کیا گیا۔

دوسری جانب سوشانت سنگھ کے فینز جو ریا چکروتی کو ہی ان کی موت کا ذمہ دار سمجھتے ہیں، ریا کا انٹرویو کرنے والے چینلز سے ناراض آئے۔ ایک صارف نے لکھا: ’قومی ٹی وی پر مجرموں کا انٹرویو کرنا بند کیا جائے۔‘

انھوں نے مزید لکھا کہ ریا انٹرویو کی نہیں بلکہ تفتیش کی مستحق ہیں۔

واضح رہے کہ اداکار سوشانت سنگھ راجپوت 14 جون کو ممبئی میں اپنے گھر میں مردہ پائے گئے تھے۔ ممبئی پولیس اس معاملے کی خود کشی کے طور پر تحقیقات کررہی ہے۔ ممبئی پولیس نے اس معاملے میں ریا چکرورتی سمیت ہندی فلمی صنعت کی بہت سی نامور شخصیات سے پوچھ گچھ کی ہے۔

گزشتہ مارہ ریا نے اپنے انسٹاگرام پر ایک پیغام کا سکرین شاٹ شیئر کیا جس میں ایک شخص سوشانت کا فین ہونے کا دعویٰ کرے ہوئے ریا کو ریپ اور قتل کی دھمکی دے رہا ہے۔ اس پیغام میں اس شخص نے ریا کو یہ بھی کہا کہ وہ ‘خود کشی کر لیں ورنہ میں اپنے بندے بھجوا کر تمھیں مار ڈالوں گا۔’

اس پوسٹ کے نیچے ریا نے لکھا کہ ’مجھے لالچی عورت کہا گیا لیکن میں چپ رہی، مجھے قاتل کہا گیا میں چپ رپی، مجھے بداخلاق عورت کہا گیا میں چپ رہی۔‘

انھوں نے سائبر کرائم پولیس سے مدد کی اپیل بھی کی۔

25 جولائی کو سوشانت سنگھ کے والد کی جانب سے درج کرائی گئی ایک ایف آئی آر میں ریا پر سوشانت کو خودکشی کے لیے مائل کرنے کا الزام عائد کیا گیا۔

انھوں نے ریا پر سوشانت کا پیسہ چوری کرنے، انھیں نشہ آور ادوات دینے، ان کی ذہنی صحت کے بارے میں لوگوں کو بتانے کی دھمکی دینے کے علاوہ خاندان سے دور کرنے کا الزام بھی عائد کیا تاہم وہ اس چیز کی تردید کرتے ہیں کہ ان کے بیٹے کسی قسم کے ذہنی مسائل سے دوچار تھے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp