پاکستان بمقابلہ انگلینڈ: ٹی 20 سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کا بولنگ کا فیصلہ


این مورگن، بابر اعظم

پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میں ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

تین میچوں کی اس سیریز کے تمام میچز مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ کے گراؤنڈ میں ہی کھیلے جائیں گے۔

مانچسٹر میں موسم ابر آلود ہے۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ شاید میچ کا کچھ حصہ بارش کی نظر نہ ہو جائے۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے گئے گذشتہ پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں میں پاکستان کو تین میں شکست کا سامنا کرنا پڑآ جبکہ ایک میچ جیتا اور ایک برابر ہوگیا تھا۔

انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کا دوسرا میچ 30 اگست اور تیسرا میچ یکم ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پہلے ہی 17 رکنی سکواڈ کا اعلان کیا جا چکا ہے جس میں اکثریت ان کھلاڑیوں کی ہے جو ٹیسٹ سیریز میں شامل نہیں تھے۔

یہ بھی پڑھیے

ٹی ٹوئنٹی میں بلے باز وہی سرخرو جو بولر پر حاوی

’ہر بادشاہ تاج نہیں پہنتا، ہمارا بادشاہ ہیلمٹ پہنتا ہے‘

27 ماہ ٹی ٹوئنٹی میں عالمی نمبر ایک پر رہنے کے بعد پاکستان کی تنزلی

انگلینڈ نے ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ٹیسٹ سیریز میں حصہ لینے والے کسی کھلاڑی کو شامل نہیں کیا ہے۔

پاکستان کی ٹیم ممکنہ طور پر ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہو گی:

پاکستان: بابر اعظم (کپتان)، فخر زمان، شاداب خان، حیدر علی، شعیب ملک، محمد رضوان/ سرفراز احمد، افتخار احمد، عماد وسیم، محمد عامر، وہاب ریاض اور شاہین شاہ آفریدی۔

انگلینڈ کی ممکنہ ٹیم: این مورگن (کپتان) ٹام بینٹن، جانی بیرسٹو، ڈیوڈ ملان، سیم بلنگ، معین علی، ٹام کرن، ڈیوڈ ولی، کرس جورڈن، عادل رشید، ثاقب محمود۔

سیریز کا نتیجہ اور عالمی رینکنگ

ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی عالمی رینکنگ میں پاکستان اس وقت چوتھے نمبر پر ہے۔ پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی صف اول کی ٹیموں میں شمار کیا جاتا ہے۔

پاکستان، کرکٹ، ٹی ٹوئنٹی، آسٹریلیا، انگلینڈ، انڈیا

وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد (بائیں) ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں فتوحات کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے کامیاب کپتان ہیں

اعدادوشمار کے مطابق پاکستان کو سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔ پاکستان نے اب تک 151 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے ہیں جن میں اس نے 92 میں کامیابی حاصل کی ہے۔

کامیابی کے لحاظ سے پاکستان دوسرے نمبر کی ٹیم انڈیا سے واضح طور پرآ گے ہے جس نے 134 میں سے 83 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ جیتے ہیں۔

انگلینڈ کی اس وقت عالمی رینکنگ دوسری ہے۔ اس نے 117 میں سے 58 میچز جیت رکھے ہیں۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں انگلینڈ کا پلڑا بھاری رہا ہے۔ دونوں کے درمیان کھیلے گئے 15 میں سے 10 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل انگلینڈ نے جیتے ہیں۔ پاکستان صرف 4 میچ جیتنے میں کامیاب ہو سکا جبکہ ایک میچ برابر ہوا۔

اگر پاکستان یہ سیریز تین صفر سے جیت لے تب وہ دوسرے نمبر پر آ جائے گا اور انگلینڈ کی پوزیشن چوتھی ہو جائے گی لیکن اگر پاکستان یہ سیریز دو ایک سے جیتا تو پھر اس کی پوزیشن چوتھی ہی رہے گی لیکن انگلینڈ کی رینکنگ دوسرے نمبر سے تیسرے نمبر پر آ جائے گی۔

اگر انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سریز میں کلین سویپ کر لیا تو وہ آئی سی سی کی درجہ بندی میں اگرچہ دوسرے نمبر پر ہی رہے گا لیکن اس کے اور عالمی نمبر ایک آسٹریلیا کے درمیان صرف چار پوائنٹس کا فرق رہ جائے گا۔ دو میچ جیتنے کی صورت میں یہ فرق آٹھ پوائنٹس کا ہو گا۔

پاکستان کی تین صفر کی شکست اسے عالمی رینکنگ میں پانچویں نمبر پر لے جائے گی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32473 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp