حسینی کہلانے کے پیمانے


اگر آپ کی شخصیت قول اور فعل کے تضاد سے بچی ہوئی ہے تو آپ حسینی ہیں۔ اگر آپ جھوٹ کے حسین پردوں میں سچ کی تلخی پہچان پا رہے ہیں تو آپ حسینی ہیں۔ کسی غیر قانونی فائل پر دستخط کرنے کا اگر آپ پر بہت دباؤ ہے اور آپ انکار کرتے ہیں تو آپ حسینی ہیں۔ آپ کے حسینی ہونے میں کوئی شک نہی جب آپ اپنی ذات کے سود و زیاں سے نکل کر دوسروں کے حقوق کی بات کریں۔ آپ پکے حسینی ہیں اگر حقوق کی جدوجہد اس طرح کریں کہ اپنی ذات تک کی پرواہ نہ کریں۔

اگر آپ لوگوں کے طعن و تشنیع، لالچ و فریب، دھونس و دھمکی آپ کو اپنے مقاصد سے انحراف نہی کروا سکی تو آپ حسینی ہی ہیں۔ آپ مخالف کی طاقت رعونت تعداد جاہ حشمت سے مرعوب نہی ہیں تو آپ حسینی ہیں۔ اگر آپ صرف اس وجہ سے کہ باقی بھی تو مان گئے ہیں اپنے آدرش ترک کر نے سے گریزاں ہوں تو آپ حسینی ہیں۔

اگر آپ کی یاد کربلا عصری آگہی سے مزین ہے اور فقط رسم خانقاہی کی بجائے عملی تطبیق کا باعث ہے تو آپ حسینی ہیں۔ آپ حسینی ہیں اگر دور حاضر کے یزیدوں کو پہچاننے کی صلاحئیت رکھتے ہیں۔ اگر ان گروہوں کے ساتھ آپ ذہنی تعلق میں نہیں جو ہر بدلتے دور کے ساتھ اپنا نظریہ بدلتے ہیں۔

اگر آپ زندگی میں پیش آنے والے کسی بھی معرکے کے اہم موقع پر اپنے قریبی رفقا کو امتحان و آزمائش میں نہیں ڈالتے اور چراغ گل کر کے پلٹ جانے کا کھلے دل سے آپشن دینے کا حوصلہ رکھتے ہیں تو آپ حسینی ہیں۔

آپ اپنی مزاحمت یہ جانتے ہوئے بھی جاری رکھیں کہ آپ کے گھر آپ کے زیر سایہ رہنے والے بچے بوڑھے عورتیں بھی ظالم کے ظلم کاشکار ہو سکتی ہیں تو آپ حسینی عقیدے پر ہیں۔ آپ کو کھانا، پانی، سکون، تنخواہ، پنشن اور کاروبار کی بندش کا سامنا ہو سکتا ہے مگرآپ اپنے اصولی فیصلے سے دستبردار نہ ہوں تو آپ حسینی ہیں۔ آپ یقیناً حسینی ہی ہیں اگر آپ کا توکل اللہ کی ذات پر موجود ہے۔ آپ مخالفین کی تعداد سے مرعوب ہوئے بنا انہیں با آواز بلند دعوت حق دیتے ہیں تو آپ حسینی ہیں۔ اگر کوئی آپ کا حق غصب کر رہا ہے اور آپ اس غاصب کے خلاف مزاحمت کرتے ہیں تو آپ حسینی ہیں

اگر آمرئیت ڈنڈے کے زور پر بیعت ( ووٹ) لینے کی کوشش کرتی ہے اور آپ جمہور کی آواز بنتے ہوئے اپنے ووٹ کی عزت کا دفاع کرتے ہیں تو آپ حسینی ہیں۔

اگر آپ کے ارد گرد تلوار چل رہی ہے۔ آپ کی جان کو خطرہ ہے۔ اور آپ اس وقت بھی نماز کی ادائیگی میں کوتاہی نہی برت رہے تو جان جائیے کہ آپ حسینی ہیں۔ اگر آپ بے حس نہی ہیں، سخی ہیں، نرم خو ہیں تو آپ حسینی گروہ سے ہیں۔ اگر کربلا کی داستان سے بغیر تاریخی و سیاسی تاویل کے آپ کا دل دکھی ہوتا ہے تو آپ حسینی ہیں۔ اگر نبی کے خانوادے کی تکریم تعظیم آپ سچے دل سے کرتے ہیں تو آپ حسینی ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).