پی ایس ایل 5: کورونا وائرس کے باعث ملتوی کیے گئے چاروں میچز نومبر میں لاہور میں منعقد کرنے کا فیصلہ


پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ 5 کے ملتوی شدہ چاروں میچز اس سال نومبر میں منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ چاروں میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ 5 اس سال فروری – مارچ میں منعقد ہوئی تھی لیکن کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر پاکستان کرکٹ بورڈ کو یہ ایونٹ 17 مارچ کو اس وقت ملتوی کرنا پڑا تھا جب ابھی اس سیریز کے چار میچز باقی تھے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق اب یہ میچز 14، 15 اور 17 نومبر کو کھیلے جائیں گے۔

https://twitter.com/thePSLt20/status/1301165399518609408

شیڈول کے مطابق 14 نومبر کو کوالیفائر میچ میں ملتان سلطانز کا مقابلہ کراچی کنگز سے ہوگا اور یہ میچ جیتنے والی ٹیم فائنل میں جگہ بنالے گی۔

اسی روز پہلے ایلیمنیٹر میں لاہور قلندرز کی ٹیم پشاور زلمی کا سامنا کرے گی۔

پندرہ نومبر کو کوالیفائر میچ ہارنے والی ٹیم پہلا ایلیمنیٹر جیتنے والی ٹیم سے مقابلہ کرے گی جبکہ سیریز کا فائنل 17 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیے

پی ایس ایل پاکستان میں لیکن سٹیڈیم خالی کیوں

پی ایس ایل 5: ایک وعدہ جسے پورا کر دکھایا گیا

پی ایس ایل میں پاکستانی ٹیم کے بلے باز فلاپ کیوں

پاکستان سپر لیگ: لاہور قلندرز کا چہرہ فواد رانا کہاں ہیں؟

بائیو سکیور ماحول

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے یہ چاروں میچز کووڈ 19 کے پرٹوکول کے تحت کھیلے جائیں گے جہاں تمام کھلاڑی میچ آفیشلز اور دیگر سٹاف کو بائیو سکیور ماحول میں رکھا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ فی الحال پروگرام یہ ہے کہ تمام میچز بند سٹیڈیم میں شائقین کے بغیر کھیلے جائیں تاہم اس بارے میں حتمی فیصلہ اکتوبر میں کیا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے ملتوی شدہ میچوں کے شیڈول کا اعلان کرنے سے فرنچائزز کو ان میچوں کی تیاری کا مناسب وقت بھی مل گیا ہے۔

وسیم خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ شروع سے ہی یہ چاہتا تھا کہ اس ایونٹ کا فاتح ضرور سامنے آنا چاہیے۔

شاداب خان

پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملک میں کووڈ 19 کی صورتحال میں بہتری آنے کے بعد کرکٹ کی سرگرمیاں شروع کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔

پہلے مرحلے میں کھلاڑیوں کے لیے لاہور میں موجود ہائی پرفارمنس سینٹر میں ٹریننگ کی سہولتیں دوبارہ شروع کی جارہی ہیں اور اس ضمن میں کووڈ 19 سے متعلق تمام ضروری ہدایات پر عمل کیا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کا بھی اعلان کر دیا ہے جس میں ٹی ٹوئنٹی کپ اور قائداعظم ٹرافی شامل ہیں۔

اس سیزن میں دو غیرملکی ٹیموں زمبابوے اور جنوبی افریقہ نے بھی پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔

زمبابوے کی ٹیم کو تین ون ڈے انٹرنیشنل اور تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلنے کے لیے نومبر میں پاکستان آنا ہے جبکہ جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کا دورہ جنوری 2021 میں ہے جس میں دو ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32289 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp