لاہور میں محکمہ ایکسائز کے ایک سابق انسپکٹر کے گھر سے ’33 کروڑ روپے کیش اور پرائز بانڈ کی صورت میں برآمد‘


قومی احتساب بیورو یعنی نیب نے محکمہ ایکسائز کے ایک سابق انسپکٹر کے گھر سے کروڑوں روپے کیش اور پرائز بانڈ کی صورت میں برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

نیب لاہور کے ترجمان ذیشان انور نے بتایا کہ ملزم کے گھر سے چھاپے کے دوران 33 کروڑ روپے کیش اور پرائز بانڈ کی صورت میں برآمد کیے گئے ہیں۔

ترجمان کے مطابق گذشتہ ایک سال سے نیب لاہور محکمہ ایکسائز کے گریڈ 16 کے ریٹائرڈ انسپکٹر کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کی تحقیقات کر رہا تھا۔

انھوں نے بتایا کہ ان کی ٹیم تو ملزم کو ’آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں گرفتار کرنے ان کے گھر گئی تھی اور اس وقت اندازہ نہیں تھا کہ گھر سے اتنی بڑی ریکوری ہو جائے گی’۔

ترجمان کے مطابق جب گھر کی تلاشی لی گئی تو درازوں سے بھاری مقدار میں کرنسی اور پرائز بانڈ برآمد ہوئے جنھیں قبضے میں لے کر ملزم کو موقع سے ہی گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق اب تک کی تحقیقات کے نتیجے میں یہ بات بھی سامنے آچکی ہے کہ ملزم نے 2018 کی ایمنسٹی سکیم سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مبینہ طور پر اپنے کروڑوں روپے کے کالے دھن کو بھی سفید کیا تھا حالانکہ اس وقت وہ سرکاری ملازم ہوتے ہوئے اس کے اہل نہیں تھے۔

نیب ترجمان کے مطابق ملزم کے بینک اکاؤنٹس میں 2013 سے 2017 تک 22 کروڑ روپے سے زائد کا سرمایہ بیرون ملک سے منتقل ہونے کے شواہد بھی ملے ہیں جن کے ذرائع ملزم تاحال ثابت نہیں کرسکا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

منی لانڈرنگ کا جن بوتل میں کیسے بند کیا جائے؟

منی لانڈرنگ پر کتاب لکھنے والا ماہر اسی الزام میں گرفتار

نیب ترجمان کے مطابق اس کے علاوہ ملزم کی اہلیہ کے بھی 19 کروڑ روپے کے لگ بھگ کے اثاثوں کا سراغ ملا ہے جس سے اس بات کا اشارہ ملتا ہے کہ مبینہ طور پر وہ ملزم کے بے نامی اثاثے تھے جو انھوں نے اپنی بیوی کے نام پر بنا رکھے تھے۔

نیب ترجمان کے مطابق مبینہ طور پر ملزم کی لاہور کی مختلف مہنگی رہائشی سکیموں میں بھی 20 کروڑ روپے سے زائد کی جائیدادوں کا بھی پتہ لگایا گیا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ مزید تفتیش کے لیے ملزم کو لاہور کی ایک احتساب عدالت میں پیش کر کے ان کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ بھی لے لیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل نیب نے 2018 میں کوئٹہ سے اس وقت کے صوبائی سیکرٹری خزانہ مشتاق احمد رئیسانی کے گھر سے 70 کروڑ روپے سے زائد کی رقم کیش اور پرائز بانڈ کی صورت میں برآمد کی تھی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32505 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp