نوید افکاری: ایران نے عالمی اپیلوں کے باوجود اپنے ریسلر کو پھانسی دے دی


ایران نے قتل کے الزام میں سزائے موت کاٹ رہے اپنے ایک عالمی شہرت یافتہ پہلوان نوید افکاری کو پھانسی دے دی ہے۔ جبکہ اس ریسلر کی سزا میں کمی اور انھیں پھانسی نہ دینے کے حوالے سے بین الاقوامی تنظیموں کی جانب سے رحم کی اپیلیں بھی کی گئی تھیں۔

ستائس سالہ نوید افکاری پر سنہ 2018 کے ہنگاموں کے دوران ایک سیکورٹی گارڈ کو ہلاک کرنے کا الزام تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان پر تشدد کر کے انھیں اس جرم کا اعتراف کرنے پر مجبور کیا گیا تھا۔

انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ردعمل دیتے ہوئے اس پھانسی کو ‘انصاف کا مذاق’ قرار دیا ہے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جانب سے جاری کی گئی ایک لیک ریکارڈنگ میں افکاری کہتے ہیں کہ ‘اگر مجھے پھانسی دے دی گئی تو میں یہ بتانا چاہتا ہوں کہ آپ کو علم ہو کہ ایک بے گناہ شخص جو اپنی بے گناہی ثابت کرنے کے لیے پوری طاقت سے لڑا اور کوشش کی کو پھانسی دی گئی ہے۔’

یہ بھی پڑھیے

ایران: پھانسی سے چند لمحے قبل معافی

ہالینڈ کی شہری کو ایران میں پھانسی

ایران میں ’سلطان آف بِچومن‘ کو سزائے موت

ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق افکاری کو ملک سے جنوبی شہر شیراز میں پھانسی دی گئی۔

ان کے وکیل کا کہنا ہے کہ ان کے موکل کو پھانسی سے پہلے اپنے خاندان سے ملنے نہیں دیا گیا جو کہ ایرانی قوانین کے خلاف ہیں۔

حسن یونس نے ٹوئٹر پر یہ کہا کہ ‘کیا تم لوگ نوید کو پھانسی دینے کی اتنی عجلت میں تھے کہ تم لوگوں نے نوید کو اہلخانہ سے آخری ملاقات سے بھی محروم رکھا؟’

پہلوان نوید افکاری کی پھانسی کو روکنے کے لیے عالمی سطح پر ایرانی حکومت سے بہت اپیلیں کی گئیں تھی جن میں عالمی سطح پر 85 ہزار اتھلیٹس کی نمائندگی کرنے والی ایک یونین بھی شامل تھی۔

ورلڈ پلیرز ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ انھیں مظاہروں میں حصہ لینے پر’غیر منصافانہ طور پر نشانہ بنایا گیا’ اور اگر ایران نے ان کی پھانسی پر عملدرآمد کیا تو دنیا کے کھیلوں سے ایران کو نکال دیا جائے گا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی نوید افکاری کی پھانسی کی سزا کے متعلق رحم کی اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ ریسلر نوید افکاری کا جرم صرف حکومت مخلاف مظاہروں میں شامل ہونا تھا۔

انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے نوید افکاری کو پھانسی دیے جانے پر ردعمل دیتے ہوئے اسے ‘انتہائی افسوس ناک خبر قرار دیا ہے’ اور کہا ہے کہ اس وقت میں ان کے دوستوں اور اہلخانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔

کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے ‘ یہ انتہائی افسوس ناک ہے کہ دنیا بھر کے ایتھلیٹس اور انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کی پس پردہ کوششیں اپنے مقاصد حاصل نہیں کر سکیں۔’

ایران میں انسانی حقوق کے کارکنوں کے مطابق نوید افکاری کے بھائی واحد اور حبیب کو بھی اس مقدمے میں 54 برس اور 27 برس قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

اس جیل سے لیک ہونے والی ایک آڈیو جہاں نوید افکاری کو قید کیا گیا تھا افکاری کا کہنا تھا کہ انھیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ ان کی والدہ کا کہنا ہے کہ ان کے بیٹوں کو ایک دوسرے کے خلاف گواہی دینے پر جبری طور پر مجبور کیا گیا تھا۔

ان کے وکیل کا ٹوئٹر پر کہنا تھا کہ ‘ایرنی خبروں کے برعکس اس وقت سیکورٹی گارڈ کو ہلاک کرنے کی کوئی ویڈیو موجود نہیں تھی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جس فوٹیج کو بطور ثبوت اس مقدمے میں پیش کیا گیا تھا وہ اس واقعے سے ایک گھنٹہ قبل کی تھی۔

تاہم ایرانی حکام نے نوید افکاری پر تشدد کرنے کے الزامات کی تردید کی ہے۔

نوید افکاری ریسلنگ میں ایران کے قومی چیمیئن تھے۔ ایران میں یہ کھیل بہت مقبول ہے۔

یاد رہے کہ سنہ 2018 میں ، ایران بھر کے شہروں میں مظاہرین معاشی مشکلات اور سیاسی جبر کے باعث احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے تھے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp