ایف اے ٹی ایف: پاکستان گرے لسٹ سے نکلنے کے لیے کیا کر رہا ہے؟


حالیہ ہفتوں میں پاکستان فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی گرے لسٹ سے نکلنے کے لیے اپنا کیس تیار کرنے میں مصروف ہے۔

جون 2018 میں ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو اپنی گرے لسٹ میں شامل کر لیا تھا جس کا مطلب ہے کہ پاکستان پر یہ جاننے کے لیے مسلسل نظر رکھی جائے گی کہ وہ دہشتگردی اور دہشت گردوں کی مالی معاونت کو روکنے کے لیے کیا عملی اقدامات کر رہا ہے۔

ایف اے ٹی ایف ایک بین الحکومتی ادارہ ہے جس کا قیام سنہ 1989 میں عمل میں آیا تھا۔

اس ادارے کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی نظام کو دہشت گردی، کالے دھن کو سفید کرنے اور اس قسم کے دوسرے خطرات سے محفوظ رکھا جائے اور اس مقصد کے لیے قانونی، انضباطی اور عملی اقدامات کیے جائیں۔

پاکستان کو اس سلسلے میں ضروری اقدامات اٹھانے کے لیے اکتوبر 2019 تک کا وقت دیا گیا تھا جس میں بعدازاں چار مہینے کی توسیع کر دی گئی تھی۔ پاکستان نے یقین دہانی کروائی تھی کہ وہ دی گئی اس مہلت کے دوران ضروری قانون سازی اور اس پر عملدرآمد کے لیے ایک موثر نظام تیار کر لے گا۔

یہ بھی پڑھیے

ایف اے ٹی ایف: امریکہ پاکستان کی کیا مدد کر سکتا ہے؟

ایف اے ٹی ایف: وہ شعبے جن میں بہتری کی ضرورت ہے

پاکستان میں دہشتگردوں کی مدد، مالی معاونت کے خلاف قوانین مزید سخت

فروری 2020 میں ایف اے ٹی ایف نے یہ تسلیم کیا تھا کہ پاکستان نے ٹاسک فورس کی جانب سے دیے گئے 27 مطالبات میں سے 14 پر عملدرآمد کیا ہے، تاہم تنظیم نے اس بات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کو گرے لسٹ ہی میں رکھا کہ اس حوالے سے کئی شعبوں میں پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔

اب 14 سے 21 ستمبر کو ہونے والی ایف اے ٹی ایف کی میٹنگ میں اس بات کا جائزہ لیا جائے گا کہ باقی 13 معاملات پر پاکستان نے کتنی پیش رفت کی ہے۔

شدت پسند تنظیمیں

AFP
ایف اے ٹی ایف نے اس بات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کو گرے لسٹ ہی میں رکھا کہ پاکستان نے اس حوالے سے کئی شعبوں میں پیش رفت نہیں ہوئی ہے

اس کے بعد اکتوبر میں ہونے والے اجلاس میں یہ فیصلہ ہو گا کہ پاکستان کو گرے لسٹ ہی میں رکھا جائے یا وائٹ لسٹ میں شامل کر لیا جائے، یعنی پاکستان کو ایک ایسا ملک قرار دے دیا جائے جہاں منی لانڈرنگ اور دہشتگردی کی مالی معاونت نہیں ہوتی یا پھر شمالی کوریا اور ایران کی طرح بلیک لسٹ میں شامل کر کے پاکستان پر سخت اقتصادی پابندیاں عائد کر دی جائیں۔

قانون سازی

پاکستان کی حکومت کا کہنا ہے کہ اس نے اینٹی منی لانڈرنگ اور دہشتگردی کی مالی معاونت سے متعلق موجودہ قوانین میں ترمیم کے لیے آٹھ بل تیار کیے ہیں۔

اس قانون سازی پر اتفاقِ رائے کے لیے حکومتی اور اپوزیشن کے 24 پارلیمانی ارکان پر مشتمل ایک کمیٹی بھی بنائی گئی ہے۔اپوزیشن کی مدد سے اب تک ان آٹھ میں سے چھ بل منظور کرائے جا چکے ہیں۔

پاکستان میں حکومت اور اپوزیشن میں اس طرح کا اتفاقِ رائے کم ہی دیکھنے میں آتا ہے۔ مبصرین کے مطابق اس کی ایک وجہ ملک کی طاقت ور فوج کی جانب سے دباؤ بھی ہے۔

حافظ سعید

Getty Images
کالعدم تنظیم لشکرِ طیبہ کے بانی حافظ سعید کو بھی رواں برس فروری میں ایف اے ٹی ایف کے اجلاس سے پہلے سزا سنائی گئی

گرفتاریاں اور سزائیں

ایف اے ٹی ایف کے ایکش پلان میں پاکستان سے کہا گیا ہے کہ کالعدم تنظیموں اور ان سے منسلک لوگوں کو عدالتوں سے سزائیں دلوائی جائیں اور ان کی منقولہ و غیرمنقولہ جائیدادیں ضبط کی جائیں۔

بعض مبصرین کے خیال میں ایسا کئی مرتبہ ہوا ہے کہ ایف اے ٹی ایف کے اجلاس سے پہلے پاکستان میں سزائیں دی گئی ہوں اور پابندیاں عائد کی گئی ہوں۔

رواں برس اگست میں پاکستان نے ایسے 88 افراد پر پابندیوں کا اعلان کیا جن کا شدت پسند تنطیموں سے مبینہ تعلق تھا۔ ان شدت پسند تنظیموں میں نام نہاد دولتِ اسلامیہ، القاعدہ اور تحریکِ طالبان پاکستان جیسی تنظیمیں شامل ہیں۔

اسی طرح کالعدم تنظیم لشکرِ طیبہ کے بانی حافظ سعید کو بھی رواں برس فروری میں ایف اے ٹی ایف کے اجلاس سے پہلے سزا سنائی گئی۔ جبکہ حافظ سعید کے قریبی تین ساتھیوں کو دہشتگردی کی مالی معاونت کے الزام میں 27 اگست کو عدالت نے سزا سنائی۔

سفارت کاری

BBC
اطلاعات ہیں کہ گذشتہ اجلاس میں امریکہ نے سعودی عرب کو پاکستان کے حق میں اپنا ووٹ واپس لینے پر قائل کیا تھا

سفارت کاری

ایف اے ٹی ایف کے ایکشن پلان پر عملدرآمد کے ساتھ پاکستان کی کوشش ہے کہ وہ سفارتی سطح پر بھی اپنا مقدمہ لڑے۔

اب تک ترکی، ملائیشیا اور چین کی حمایت نے پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی بلیک لسٹ سے باہر رکھنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

اس دوران چین پاکستان پر دباؤ ڈالتا رہا ہے کہ وہ شدت پسند تنظیموں کے خلاف کارروائیوں کو مزید تیز اور ایف اے ٹی ایف کے مطالبات کو پورا کرے۔

پاکستان کو افغانستان میں قیام امن کے سلسلے میں اپنے کردار کی وجہ سے بھی یہ امید ہے کہ اگلے اجلاس میں امریکہ پاکستان کی مدد کر سکتا ہے۔

اطلاعات ہیں کہ گذشتہ اجلاس میں امریکہ نے سعودی عرب کو پاکستان کے حق میں اپنا ووٹ واپس لینے پر قائل کیا تھا۔ پاکستان کو گرے لسٹ سے باہر نکلنے کے لیے سعودی عرب کے فیصلہ کُن ووٹ کی ضرورت تھی یعنی اگر سعودی عرب اپنا ووٹ پاکستان کے حق میں دے دیتا تو پاکستان گرے لسٹ سے باہر نکل جاتا اور یہ پاکستان کی ایک بڑی کامیابی ہوتی۔

اس کے بعد سے پاکستان افغان طالبان کو امریکہ کے ساتھ مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔ طالبان اور امریکہ کے مذاکرات صدر ٹرمپ کے اس منصوبے کے لیے بہت اہم ہیں جس کے تحت وہ افغانستان سے امریکی فوجیوں کو نکالنا چاہتے ہیں۔

پاکستان

Getty Images
پاکستان کو افغانستان میں قیام امن کے سلسلے میں اپنے کردار کی وجہ سے بھی یہ امید ہے کہ اگلے اجلاس میں امریکہ پاکستان کی مدد کر سکتا ہے

چیلنچ کیا ہیں؟

کچھ عناصر اب بھی پاکستان کی کوششوں کے راستے میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں ان میں خاص طور پر انڈیا کی یہ شکایات شامل ہیں کہ پاکستان نے اب بھی اِن شدت پسند تنظیموں کی حمایت ترک نہیں کی ہے جو پاکستان میں بیٹھ کر اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

پاکستانی میڈیا پر ایف اے ٹی ایف کے اجلاسوں اور فیصلوں اور پاکستانی حکومت کے اقدامات پر بھرپور انداز میں بات ہو رہی ہے۔

میڈیا پر کیے جانے والے تبصروں میں حکومت کی کوششوں کی تعریف کی جاتی ہے۔ اخبار ’پاکستان ٹو ڈے‘ نے لکھا کہ اگر پاکستان ایک مناسب اور اچھا کیس پیش کر کے اپنے آپ کو بلیک لسٹ میں جانے سے بچا لیتا ہے تو اس کے بعد بھی منی لانڈرنگ اور دہشتگردی کی مالی معاونت سے متعلق کیے جانے والے اقدامات کی رفتار کم نہیں ہونی چاہیے۔

اسی طرح سے سکیورٹی امور کے ماہر عامر رانا نے ایک مقامی ٹی وی کے ٹاک شو میں یہ پیشنگوئی کی کہ پاکستان کو اکتوبر میں ہونے والے اجلاس میں گرے لسٹ سے نکالا بھی جا سکتا ہے کیونکہ باقی 13 نکات سے متعلق پاکستان کی رپورٹ کافی اطمینان بخش ہے۔

تاہم ایف اے ٹی ایف کے مطالبات کو پورا کرنے کے لیے کی جانے والی قانون سازی پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان کشمکش پر بھی بات کی جا رہی ہے۔ حکومت کا الزام ہے کہ اپوزیشن اس موقع کو اپنے خلاف مقدمات میں رعایتیں حاصل کرنے کے لیے استعمال کرنا چاہتی ہے۔

جبکہ اپوزیشن کا الزام ہے کہ حکومت ایف اے ٹی ایف کی آڑ میں ایسے قوانین بنانا چاہتی ہے جن سے اسے آمرانہ اختیارات مل جائیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp