ایل جی کے نئے گھومنے والے سمارٹ فون ’دی ونگ‘ کی ایک نہیں، دو سکرینز ہیں


جنوبی کوریا کی ٹیکنالوجی کمپنی ایل جی نے ایک ایسا سمارٹ فون متعارف کروایا ہے جس کی سکرین کو اگر گھمائیں تو اس کے نیچے سے ایک اور سکرین برآمد ہوتی ہے!

صارفین ’دی ونگ‘ نامی اس فون کی دوسری سکرین کو یا تو کسی اور کام کے لیے استعمال کر سکتے ہیں یا دونوں سکرینز پر ایک ہی کا مکر سکتے ہیں، جیسا کہ گیم کھیلنے کے لیے اسے کنٹرولر کے طور پر استعمال کرنا۔

تاہم اس فون کی زیادہ تر خصوصیات صرف اس کے ساتھ آنے والے سافٹ ویئر اور براؤزرز کے ساتھ ہی کام کرتی ہیں۔

ایک ماہر کے مطابق انھوں نے ایسا ’انقلابی ڈیزائن‘ پہلے کبھی نہیں دیکھا۔

یہ بھی پڑھیے

سمارٹ فون اتنا سمارٹ کیسے بنا؟

شیاومی کا ’فولڈنگ سمارٹ فون‘ متعارف

آپ کا فون آپ کی شخصیت کے بارے میں کیا کہتا ہے؟

لیکن اس ڈیزائن کے فون کو استعمال کیے بغیر اس کے بارے میں کوئی رائے دینا بہت مشکل ہے، البتہ سی سی ایس انسائٹ نامی ٹیکنالوجی کنسلٹنسی کے بین وڈ کہتے ہیں اس کا ڈیزائن 2000 کی دہائی میں جاپان میں تیار ہونے والے فونز کی یاد دلاتا ہے۔

ان کا کہنا ہے یہ ڈیزائن ایل جی کی حریف کمپنیوں کی جانب سے بنائے جانے والی تمام فونز سے یکسر مختلف ہے کیونکہ وہ سب فولڈنگ (طے ہو جانے والی) سکرین پر توجہ دے رہے ہیں۔

ایل جی کو ایک نیا تجربہ کرنے پر داد دینی ہوگی لیکن آخرکار یہ فیصلہ صحرفین کریں گے کہ آیا یہ ڈیزائن کامیاب ہے یا نہیں۔‘

فائیو جی نیٹ ورک پر چلنے والے اس فون کے پیچھے تین کیمرے نصب ہیں جبکہ ایک پاپ اپ لینز بٹن دبانے پر ظاہر ہو جاتی ہے۔

ایل جی کے اعلان کے مطابق یہ فون ابتدائی طور پر جنوبی کوریا میں اگلے ماہ ریلیز کیا جائے گا اور اس کے بعد اسے جنوبی امریکہ اور یورپ کی مارکیٹوں میں متعارف کورایا جائے گا۔

لیکن یہاں یہ یاد رکھنا ضروری ہے کہ اس فون کی قیمت اب تک نہیں بتائی گئی۔

کمپنی کے مطابق فون میں کچھ ایسی خصوصیات بھی ہیں جو اسے پہنچنے والے نقصان کو کم سکتی ہیں۔ مصال کے طور پر۔ اگر فون کا ایکسیلرومیٹر یہ محسوس کرے کہ فون ہوا میں تیزی سے گر رہا ہے تو وہ خود بہ خود ہی پاپ اپ لینز کو بند کر لے گا۔

اس کے علاوہ سکرینز کو گھمانے والے آلے کو ہائیڈرالک شاک ایبزاربر کے ذریعے محفوظ بنایا گیا ہے اور مرکزی سکرین کے پیچے ایک ایسی تہہ ہے جو اس کے نیچی والی سکرین کو خراش لگنے سے بچاتی ہے۔

ایل جی کے مطابق سکرین کو گھمانے والا قبضہ دو لاکھ بار استعمال کرنے کے بعد بھی کارآمد رہتا ہے لیکن یہ معلوم نہیں کہ فون کو اتنا استعمال کرنے میں کتنا وقت لگے گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32287 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp