برٹش ایئرویز کا پہلی بار لاہور سے براہ راست پروازیں شروع کرنے کا اعلان


برٹش ایئرویز

برٹش ایئرویز نے 14 اکتوبر سے لاہور تا لندن براہ راست پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے

برطانیہ کی فضائی کمپنی برٹش ایئرویز نے اعلان کیا ہے کہ وہ 14 اکتوبر سے لندن سے لاہور کی براہ راست پروازیں شروع کر رہی ہے۔

برٹش ایئرویز کے اعلان کے مطابق چودہ اکتوبر سے لاہور سے ہفتے میں چار پروازیں شروع ہوں گی۔ لاہور سے لندن ہیتھرؤ کی پروازوں کی ٹکٹوں کا اجرا شروع کر دیا گیا ہے۔

لاہور سے لندن ہیتھرؤ کے طویل سفر کے لیے جدید ترین بوئنگ 787 اور بوئنگ 788 طیاروں کو استعمال میں لایا جائے گا۔

برٹش ایئرویز پہلے ہی اسلام آباد سے روزانہ ایک فلائیٹ چلا رہی ہے جنھیں وبا کے باعث معطل کر دیا گیا تھا لیکن حال ہی میں ان پروازوں کو دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

برٹش ایئرویز: سات دنوں کا سفر سات گھنٹوں میں کیسے سمٹا؟

برٹش ایئرویز کا اسلام آباد کے لیے پروازیں بحال کرنے کا اعلان

پاکستان میں پائلٹس کے ’جعلی لائسنس‘: حکومتی دعوے کی حقیقت کیا ہے؟

پی آئی اے کی پروازیں تین جولائی تک یورپ جا سکیں گی

برٹش ایئرویز نے 2008 میں اسلام آباد کے میریٹ ہوٹل میں ہونے والے خودکش بم حملے کے بعد اسلام آباد سے اپنی براہِ راست پروازیں بند کردیں تھی جنھیں 2019 میں دوبارہ شروع کیا گیا تھا۔

پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچیئن ٹرنر نے اس موقع پر کہا کہ ’ایئر ویز کی لاہور سے پہلی بار پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ دونوں ملکوں کے گہرے تعلقات اور پاکستان میں اعتماد کا غمازی کرتا ہے۔‘

برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ برٹش ایئرویز کی لاہور سے پروازیں کاروباری اور انسانی روابط بڑھانے کے علاوہ سیاحت کے فروغ میں مددگار ثابت ہوں گی۔

ایشیا بحرالکاہل اور مشرقِ وسطیٰ کے لیے سیلز کے سربراہ مورن برجر نے کہا ’لاہور سے نئی فلائٹس شروع ہونے سے پاکستان کے دو بڑے شہر لندن سے منسلک ہو جائیں گے جہاں سے وہ بغیر کسی مشکل کے امریکہ، اور کینیڈا تک سفر جاری رکھ سکیں گے۔‘

کرایہ کتنا ہوگا؟

لاہور اور لندن کے درمیان دونوں اطراف کا اکانومی کرایہ 657 پاؤنڈ سے شروع ہوگا جبکہ ورلڈ ٹریولر پلس کا کرایہ 998 پاؤنڈ جبکہ کلب ورلڈ کا کرایہ 1806 پاؤنڈ سے شروع ہوگا۔

وبا کے دنوں میں احتیاطی تدابیر

برٹش ایئرویز نے کہا ہے کہ کووڈ کی وبا کے دوران مسافروں کی حفاظت کے لیے خصوصی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔

دوران سفر جہاز کا تمام عملہ پرنسل پروٹیکشن ایکویمپنٹ یعنی پی پی ای میں ہوگا۔

جہاز کا عملہ دوران پرواز مسافروں سے کم سے کم براہ راست رابطہ رکھے گا۔

ہر فلائٹ کے بعد تمام نشتوں، سیٹ بیلٹوں، کھانے کی ٹرے کو مکمل طور پر جراثیم سے پاک کیا جائے گا۔

اس بارے میں مزید کہا گیا ہے کہ برٹش ایئرویز کی تمام فلائٹس میں ’ہیپا فلٹرز‘ کی مدد سے ہر دو سے تین منٹ میں ہوا کو صاف کیا جاتا ہے۔ ہیپا فلٹرز کے بارے میں دعویٰ کیا جاتا ہے کہ وہ ننانوے اعشاریہ ننانوے فیصد مائیکرسکوپک بیکٹریا کو ختم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

برٹش ایئرویز نے اسلام آباد کی ڈائریکٹ فلائٹس بند کیوں کی تھی؟

برٹش ایئرویز نے 20 ستمبر 2008 میں اسلام آباد کے میریٹ ہوٹل میں ہونے والے خودکش بم دھماکے کے چند دن بعد ہی اسلام آباد کے لیے اپنی براہِ راست پروازیں بند کردیں تھی۔ برٹش ایئرویز اُن دنوں اسلام آباد کے لیے ہفتے میں چھ پروازیں چلاتی تھی اور پی آئی اے کے علاوہ واحد دوسری ائیرلائن تھی جو ڈائریکٹ فلائٹ چلایا کرتی تھی۔

پاکستان میں سکیورٹی کی عمومی صورتحال میں بہتری کے بعد برٹش ایئرویز نے 2018 میں ان فلائٹس کو دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا تھا اور جون 2019 میں یہ بحال ک دی گئی تھیں۔

یہ پہلا موقع ہے کہ برٹش ایئرویز لاہور سے لندن تک براہ راست پرواز شروع کر رہی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp