امریکہ کے ویسٹ کوسٹ پر جنگلات میں آگ اورتباہی


امریکہ کے مغربی ساحل کی تین ریاستوں کیلی فورنیا، اوریگن اور واشنگٹن میں اس وقت جنگلات میں آگ کی وجہ سے 5 ملین ایکڑز نذر آتش ہو چکا ہے، ہزاروں مکان خاکستر ہوچکے ہیں، سینکڑوں بزنس تباہ ہو چکے ہیں، لوگ موت اور زندگی کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔ تازہ اطلاعات کے مطابق اب تک 35 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں، جن میں سے 19 کیلی فورنیا میں موت کے نذر ہوئے ہیں۔ درختوں کے جل جانے سے جو دھواں پیدا ہوا ہے اس کی وجہ سے سانس لینا مشکل ہو چکا ہے۔

یہ فارسٹ فائرزتین ہفتوں سے یعنی اگست کے وسط میں تین ریاستوں واشنگٹن، اوریگن اور کیلی فورنیا میں شروع ہوئی تھیں۔ ستمبر کے دوسرے ہفتہ میں واشنگٹن میں ایک سال کا بچہ آگ کے شعلوں کی نذر ہو گیا جبکہ اوریگن میں ایک تیرہ سال کا لڑکا اپنے پیارے کتے کے ساتھ کار کے اندر جھلس کر مر گیا۔ مل سٹی Mill City (اوریگن) کی رہنے والی ایک خاتون لوری جانسن کو رات کے وقت گھر سے بھاگنا پڑا جب لاء انفورسمنٹ کے افراد نے اس کو نیند سے بیدار کیا اور اگلے چند منٹوں میں اس کا گھر جل کر خاک ہوگیا۔ اس کے پاس وہی کچھ بچا جو اس نے پہنا ہوا تھا۔

نیشنل فائر سینٹر کے مطابق اس وقت ویسٹ کوسٹ پر 97 فائرز تباہی مچا رہی ہیں جن میں سے 12 آئی داہوIdaho، اور 9 مون ٹانا Montanaمیں ہیں۔ اس کے نتیجے میں جو دھواں پیدا ہو رہا ہے اس کی وجہ سے کووڈ Covid 19 کے ہونے کے آثار زیادہ ہیں۔

کیلی فورنیا کی تاریخ میں اس وقت سب سے بڑی فائرز جاری ہیں جس کی وجہ بارش نہ ہونا، حد سے زیادہ درجہ حرارت اور تیز و تند ہوائیں ہے۔ اس صورت حال میں آسمانی بجلی جنگلات میں آسانی سے آگ لگانے کا ذریعہ بن جاتی ہے۔

ان ریاستوں میں آگ کو بجھانے کے لئے فائر فائٹرز اپنی زندگی کو داؤ پر لگا رہے ہیں۔ ہوا سے جہاز کے ذریعہ آگ کو بجھانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اوریگن کے ڈیپارٹمنٹ آف فارسٹری فائر کا کہنا ہے کہ یہ آگ جب تک جلتی رہیں جب تک سردیوں سے پہلے بارشیں نہیں ہوتیں۔ کیلی فورنیا میں آگ بجھانے کے لئے 500 فائر فائٹرز دن رات کام کر رہے ہیں جن میں سے بعض ایک اپنی شفٹ پر 24 گھنٹے کام کرتے ہیں۔ متعدد شہروں میں ڈاک خانے بند کر دیے جاتے ہیں۔

اوریگن میں صورت حال

ریاست اوریگن میں اس وقت 16 بڑی فائرز جل رہی ہیں او 40,000 لوگ اس وقت انخلاء کے آرڈر کے منتظر ہیں۔ ریاست کے شہر پورٹ لینڈ کے جنوب کی کاؤنٹیز میں دھواں اس قدر کثیف تھا کہ انسان دس فٹ سے زیادہ دور تک دیکھ نہیں سکتا تھا۔ پورٹ لینڈ میں ائر کوالٹی سب سے زیادہ تباہ کن ہے۔ اوریگن کے شہر Vida کی نائلہ گارنر Naila Garner کو گھر سے بھاگ جانے کی اطلاع ان کے فون پر ملی۔ چند ہی منٹوں میں اس کا ڈریم ہوم خاک میں مل گیا تھا۔ وہ کہتی ہے کہ پورا علاقہ وار زون معلوم ہوتا ہے ہر طرف تباہی، مکان درخت جلے ہوئے، سکولوں اور سڑکوں کی نشانیاں ختم ہوچکی ہیں۔

پورٹ لینڈ سے 60 میل دور لائنز Lyons میں دو افراد کی لاشیں کاروں میں ملیں جن میں سے ایک ٹین ایجرWyatt Tofte تھا جس کی گود میں اس کا کتا تھا، جبکہ اس کی 71 سالہ نانی Peggy Mossoکی لاش اس کے ساتھ والی کار میں ملی۔ نانی کی بیٹی نے اس کو بچانے کی کوشش کی مگر خود بری طرح جھلس گئی۔

ریاست اس وقت mass fatality incident کی تیاریوں میں مصروف ہے یعنی اموات بڑے پیمانے پر ہونے کی توقع ہے۔ ریاست کے بیچ کریک Beachie Creekمیں جو آگ لگی ہے اس کی وجہ سے 186,000 ایکٹررقبہ خاکستر ہو گیا ہے۔ یہ سب سے بڑی آگ ہے۔ اس کے ساتھ والی جو فائر ہے جس کا نام Riverside fireہے اس کی وجہ سے 130,000 ایکٹر رقبہ جل کر خاک ہو گیا ہے۔

ڈیوکر ٹیک پارٹی کے صدارتی امیدوار جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ یہ سب کچھ کلائی میٹ چینج کی وجہ سے ہو رہا ہے جبکہ امریکہ کے صدرٹرمپ جو کلائی میٹ چینج پر یقین نہیں رکھتے ان کا کہنا ہے کہ یہ سب کچھ فارسٹ مینجمنٹ کی وجہ سے ہے۔

کیلی فورنیا کی صورت حال

کیلی فورنیا میں اس وقت دو درجن سے زیادہ فائرز جاری ہیں۔ امید کی جاتی ہے کہ عنقریب موسم بدلنے سے فائر فائٹرز آگ پر قابو پالیں گے۔ لا س اینجلس کے نارتھ ایسٹ میں فائر جس کا نام باب کیٹ فائر ہے وہ نیشنل فارسٹ جنگل میں پورے زور شور سے جاری ہے جس کی وجہ سے دھواں ہوا میں بہت زیادہ ہو چکا ہے۔ ایک شخص خبر مائیک ڈے نے خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ میں نے تیس سال قبل سگریٹ پینا چھوڑ دیا تھا مگر گزشہ چھ دن سے معلوم ہوتا ہے میں سگریٹ پی رہا ہوں۔

آگ کی وجہ سے ریاست میں اب تک 3.2 ملین ایکٹر رقبہ جل کر تباہ ہو گیا ہے۔ 26 افراد زندگی ہار چکے اور چار ہزار سے زیادہ عمارتیں تباہ ہو چکی ہیں۔ ایک شخص کا کہنا تھا کہ ہماری گلی میں 24 مکان تھے مگر اب اس میں سے صرف 10 باقی بچے ہیں۔ پہاڑوں کے سلسلے سی آرا نیواڈا Sierra Nevadaجو سیکرے مینٹو شہر کے شمال میں ہے وہاں 17، اگست کو آگ آسمانی بجلی سے لگی تھی جس کے نتیجے میں 252,000 ایکٹر پر مشتمل رقبہ تباہ ہو چکا ہے۔ امریکی صدرنے سیکرے مینٹو کاؤنٹی سے 70 میل دور نارتھ کمپلیکس فائر کا معائنہ کیا۔

واشنگٹن سٹیٹ میں فائر کی صورت حال

ریاست واشنگٹن میں 15 فائرز جل رہی ہیں۔ سپوکین Spokaneشہر میں ایک فیملی کے گھر کے پاس آگ پہنچ گئی تو آدھی رات کے وقت ان کو اطلاع دی گئی۔ انہوں نے اپنی کار کے ذریعہ بھاگنے کی بجائے دریا میں کو د گئے۔ کچھ دیر بعد ان کو فائر فائٹرز نے بچا لیا مگر ان کا ایک سال کا بچہ آگ میں جھلس جانے کی وجہ سے موت کی نیند سو گیا۔

ایک شخص کا کہنا تھا کہ یہ منظر روز آخرت apocalypse کا منظر پیش کر رہا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).