پانچ برس سے طالبہ کو ریپ اور قتل کی دھمکیاں دینے والا لڑکا ابشام گرفتار


لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر لاہور میں طالبہ کو مبینہ طور پر زیادتی اور قتل کی دھمکیاں دینے والے ملزم ابشام کو گرفتار کر لیا گیا، فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ درندے کو نشانہ عبرت نہ بنایا تو کل کسی اور بچی کو پریشان کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں تھانہ سندر پولیس نے سوشل میڈیا پر لڑکی کو ہراساں اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے والے ملزم ابشام اور اس کے والد عمران کو گرفتار کر لیا۔

وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے ملزم کی گرفتاری کے بعد اپنے بیان میں کہا آج سے تین دن پہلے سوشل میڈیا پر خبر وائرل ہوئی تھی، یہ نوجوان بچی اور فیملی کو دھمکیاں دیتا رہا، درندے کو نشانہ عبرت نہ بنایا تو کل کسی اور بچی کو پریشان کرے گا۔

فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ لڑکی کے والد نے پہلے منع کیا پھر تفصیلی بات کے بعد راضی ہوئے، لڑکی کے والد نے بتایا کہ سوا سال پہلے ایف آئی اے کو درخواست دی، ایف آئی اے نے کارروائی نہیں کی، ایسے معاملات پر ہم سب لوگوں کو اپنا رویہ ٹھیک کرنا چاہیے۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ عثمان بزدار کی ہدایت تھی 24 گھنٹے میں ملزمان گرفتار کریں، سی سی پی او عمر شیخ نے 10 گھنٹوں میں باپ بیٹے کو گرفتار کرایا، ملزمان کو گرفتار کرنے پر اے ایس پی رضا تنویر کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ دھمکیاں دینے پر باپ بیٹے کے خلاف نئی ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے، لاہور پولیس کی کارکردگی ایسی رہی تو عوام کا اعتماد بڑھے گا، لاہور اور پنجاب پولیس پر آؤٹ آف وے کام شروع کیا ہے۔

یاد رہے ملزم ابشام نے سوشل میڈیا پر لڑکی کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی تھیں، لڑکی کو دھمکیاں دینے کے خلاف مقدمہ درج ہوا تھا تاہم ملزمان گرفتار نہ تھے، فیاض الحسن چوہان نے سی سی پی او لاہور کو کل ملزمان کو پکڑنے کی ہدایات دی تھیں۔

ایف آئی اے لاہور نے بھی لڑکی کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا تھا، ایف آئی اے سائبر کرائم کا کہنا تھا کہ مقدمہ ابشام اور اس کی والدہ کے خلاف درج تھا۔

خیال رہے لاہور میں طالبہ نے ریپ اور قتل کی دھمکیاں دینے والے ابشام نامی لڑکے کو سوشل میڈیا پر بے نقاب کیا تھا، متاثرہ لڑکی کا موقف تھا کہ ابشام 2016 سے تنگ کر رہا ہے، مقدمہ درج ہونے کے باوجود پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی۔

ایف آئی آر درج ہونے کے باوجود پولیس کی جانب سے کوئی کارروائی نہ کرنے پر لڑکی نے سوشل میڈیا کا سہارا لے کر ملزم کی دھمکیوں کے اسکرین شاٹس اور ویڈیو شیئر کیں، جس کے بعد سوشل میڈیا پر ابشام کو حوالات میں بند کرو کا ہیش ٹیگ ٹاپ ٹرینڈ کرنے لگا تھا

متاثرہ لڑکی کے مطابق ملزم نہ صرف ریپ بلکہ جان سے مارنے کی بھی دھمکیاں دیتا ہے، لڑکی نے ملزم ابشام زاہد کی ایک ویڈیو بھی شیئر کی جس میں وہ اسلحہ دکھا کر دھمکیاں دے رہا تھا۔
بشکریہ اے آر وائی نیوز۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).