یوگینڈا کی جیل سے فرار: پہاڑیوں میں ’ننگے قیدیوں‘ کی تلاش


یوگینڈا میں حکام کا کہنا ہے کہ ملک کے شمال مشرقی علاقے کی ایک جیل سے فرار ہونے والے 219 قیدیوں میں سے سات کو دوبارہ پکڑ لیا گیا ہے۔

مبینہ طور پر کچھ مفرور افراد نے فرار ہوتے ہوئے اپنی جیل کی پیلے رنگ کی مخصوص وردی اتار دی اور شمالی پہاڑیوں میں ننگے بھاگ گئے۔ حکام کے مطابق ایسا انھوں نے پکڑے جانے سے بچنے کے لیے کیا۔

خیال ہے کہ فرار ہونے والے افراد سرحد عبور کر کے کینیا میں گھسنے کے لیے پہاڑی راستے استعمال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

یوگینڈا کی فوج کی جانب سے ’تحفظ‘ کونڈوم متعارف

یوگینڈا کا روپہلی پُشت والا پہاڑی گوریلا شکاریوں کے ہاتھوں ہلاک

’میرے شوہر مجھے افورڈ ہی نہیں کر سکتے‘

بدھ کے روز موروٹو کے علاقے میں قیدیوں نے جیل سے فرار ہونے کے بعد ایک فوجی کو بھی ہلاک کر دیا تھا۔

فوج کے ایک ترجمان نے بتایا ہے کہ فرار ہونے والے دو قیدی بھی مارے گئے ہیں۔

فوج اور جیل کے اہلکار فرار ہونے والوں کا تعاقب کر رہے ہیں جنھوں نے جیل سے مبینہ طور پر 15 بندوقیں اور گولہ بارود بھی چرا لیا ہے۔

جیل میں جہاں عموماً 600 سے زیادہ قیدی ہوتے ہیں موروٹو شہر کے کنارے واقع ماؤنٹ موروٹو کے دامن میں واقع ہے۔

اس جگہ کو گھیرے میں لیا گیا ہے اور تحقیقات ہو رہی ہیں کہ جیل سے قیدی کس طرح فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔

مقامی میڈیا میں آنے والی خبروں کے مطابق فائرنگ کے بعد موروٹو شہر میں کاروبار رک گیا ہے۔

بی بی سی کے پیشیئنس آٹوہیئر کے مطابق موروٹو شہر، کامپوجا کا سب سے بڑا نیم بارانی علاقہ ہے اور یہاں مویشیوں کے چوری کرنے اور بندوقوں سے ہونے والے تشدد کی ایک اپنی تاریخ ہے۔

ہمارے نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ 2000 کی دہائی کے اوائل میں حکومت کے تخفیف اسلحے کے ایک پروگرام کے تحت عام شہریوں سے زیادہ تر بندوقیں لے لی گئی تھیں، لیکن مختلف برادریوں کے مابین جھڑپیں پھر بھی جاری رہتی ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32558 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp