بالی وڈ ڈائری: ’جو میرے اور سوشانت کے ساتھ ہوا آپ کے بچوں کے ساتھ ہوتا تو کیا آپ یہی کہتیں‘


جیا بچن، کنگنا رناوت

سوشانت سنگھ راجپوت کی موت سے شروع ہونے والا ہنگامہ، جو اب دنگل میں بدل چکا ہے، آگے کیا کیا شکل اختیار کرے گا اس کا اندازہ لگانا مشکل ہے کیونکہ ہر روز اس دنگل میں ایک نیا پہلوان کود پڑتا ہے۔

ہاں یہ اور بات ہے کہ اس دنگل میں سبھی کا مقابلہ کرنے والی اکیلی ’پنگا گرل‘ کنگنا رناوت ہی ہیں۔

اس ہفتے انڈسٹری کی خاتونِ اول کہی جانے والی جیا بچن نے کچھ اس طرح انٹری لی کہ کنگنا کو طیش آ گیا۔ سماج وادی پارٹی کی رکن پارلیمان اور اداکارہ جیا بچن نے پارلیمان میں ان لوگوں کو جم کر لتاڑا جو بالی وڈ کو ’گٹر‘ اور منشیات کا اڈہ کہہ رہے ہیں۔

ظاہر ہے اس میں پہلا نام کنگنا اور دوسرا نام بی جے پی رکن اور اداکار روی کشن ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

بالی وڈ میں منشیات کے استعمال کی کہانی

کنگنا رناوت شِو سینا سے کس کی ایما پر ٹکر لے رہی ہیں؟

سُشانت سنگھ کی ہلاکت کے معاملے میں اب کنگنا کے نشانے پر کون ہے؟

سوشانت سنگھ کی خودکشی: انڈین سپریم کورٹ کا سی بی آئی کو تحقیقات کا حکم

جیا بچن کے بیان کے بعد انھیں سوشل میڈیا پر ٹرول کیا جانے لگا اور شیم آن جیا بچن ہیش ٹیگ ٹرینڈ کرنے لگا جس کے بعد ممبئی پولیس کو ان کے گھر کے باہر سکیورٹی بڑھانا پڑی۔

حالانکہ جیا جی کا یہ جملہ فلم انڈسٹری کو ’گٹر‘ کہنے والے اداکار روی کشن کو بہت بُرا لگا کہ ’جس تھالی میں کھاتے ہو اسی میں چھید کرتے ہو‘ لیکن وہ زیادہ کچھ نہ بول سکے اور ٹوئٹر پر صرف اتنا ہی لکھا کہ ’میں جیا جی کو اپنی ماں سمجھتا ہوں اور ہمیشہ ان کے پاؤں چھوتا ہوں اور جہاں تک تھالی میں چھید کرنے کی بات ہے تو اس انڈسٹری نے مجھے تھالی تو کیا کاغذ کی پلیٹ تک میں کچھ نہیں دیا، آج میں جو بھی ہوں اپنے بل بوتے پر ہوں۔‘

سوشانت سنگھ

سوشانت سنگھ راجپوت کی موت سے شروع ہونے والا ہنگامہ اب دنگل میں تبدیل ہو چکا ہے

لیکن عادت سے مجبور کنگنا نے فوراً جیا بچن کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہہ ڈالا ’جو میرے اور سوشانت کے ساتھ ہوا اگر آپ کے بچوں کے ساتھ ہوا ہوتا اور آپ کی بیٹی پھانسی پر لٹک جاتی تو کیا تب بھی آپ یہی کہتیں۔‘

پارلیمان میں جیا بچن کے اس بیان کو انڈسٹری کے کئی لوگوں نے سوشل میڈیا پر کُھل کر سراہا جن میں اداکارہ ارمِلا ماتونکڑ بھی شامل تھیں جو اداکارہ ہونے کے ساتھ ساتھ کانگریس رکن بھی ہیں۔

انھوں نے انڈیا ٹی وی کو ایک انٹرویو میں کنگنا کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح کی زبان وہ استعمال کرتی ہیں کیا وہ جائز ہے اور منشیات تو پورے انڈیا کا مسئلہ ہے جو سب سے زیادہ ریاست ہماچل پردیش سے آتی ہیں، جہاں سے کنگنا کا تعلق ہے۔

اب کنگنا کو اتنی بات کہاں برداشت، جواب میں کنگنا نے ٹی وی چینل ’ٹائمز ناؤ‘ کے ساتھ بات کرتے ہوئے اُرملا کو ’سافٹ پورن‘ ایکٹرس کہا۔

انڈیا میں کچھ ٹی وی چینلز کو چھوڑ کر زیادہ تر چینلز پر اس وقت کنگنا کی آواز گونجتی سنائی دیتی ہے جس میں وہ کسی اندھے کی لاٹھی کی طری ہر کسی پر وار کرتی نظر آتی ہیں۔

بالی وڈ یہ دنگل کب تک جاری رہے گا کچھ کہا نہیں جا سکتا۔ اس دنگل سے چینلز کی ٹی آر پی تو بڑھ رہی ہے لیکن فن اور ادب کے میدان میں سیاست کی کیچڑ کے چھینٹے اب لباس ہی نہیں کردار کو بھی داغ دار کرتے نظر آ رہے ہیں۔

ادھر کامیڈین کنال کامرہ کا ٹی وی اینکر ارنب گوسوامی کے ساتھ پنگے سے پیٹ نہیں بھرا تھا کہ ٹوئٹر پر کنگنا رناوت کو چھیڑ بیٹھے۔

کامرہ نے چٹکی لیتے ہوئے لکھا میں حیران ہوں کہ اپنی شرطوں پر رہنے والی اور ایک بااثر اور طاقتور اداکارہ کو وائی زمرے کی سکیورٹی کی ضرورت کیوں پڑی۔

کنگنا جو بقول کچھ لوگوں کے سوشل میڈیا پر جھانسی کی رانی کی تلوار لیے بیٹھی ہیں، کنال پر چھپٹ پڑیں اور لکھا ’ایک انقلابی آواز کا تحفظ کرنا آئین کی ذمہ داری ہے ایسا کچھ کرو کہ اس ملک کے لیے اہم بن سکو اور تم اس اونچائی تک کبھی نہیں پہنچ سکتے۔‘

ان تمام ہنگاموں کے دوران وقتاً فوقتاً کہیں نہ کہیں سے یہ آواز ضرور سنائی دیتی ہے کہ بالی ووڈ کی خواتین اداکارائیں اہم موضوعات پر بات کرتی نظر آتی ہیں اور یہ کہ انڈسٹری کے بڑے سٹارز کہاں غائب ہیں اور وہ کیوں نہیں بولتے۔

ان لوگوں کے لیے بتا دوں کہ ایسا بلکل نہیں ہے۔ کل سے انڈسٹری کے تمام سٹارز اورسپر سٹار مودی جی کی سالگرہ کے موقع پر سوشل میڈیا پر سرگرم ہیں اور دل کھول کو انھیں مبارکباد اور دعائیں دے رہے ہیں۔

بی بی سی

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32499 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp