جسٹس فائز عیسیٰ کی اہلیہ سرینا عیسیٰ کو ساڑھے 3 کروڑ روپے ٹیکس جمع کرانے کا حکم


سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی اہلیہ سرینا عیسیٰ کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ساڑھے 3 کروڑ کا واجب الادا ٹیکس جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ سرینا عیسی نے ایف بی آر کے 164 صفحات پر مشتمل آرڈر کو چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی اہلیہ نے کہا کہ ایف بی آر نے 164صفحات پر مشتمل آرڈر جاری کیا ہے، جو 14ستمبر کو پاس کیا گیا اور اب مجھے موصول ہوچکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایف بی آر کے آرڈر میں مجھے ساڑھے 3 کروڑ روپے واجب الادا ٹیکس جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔

سرینا عیسیٰ نے موقف اختیار کیا کہ ایف بی آر نے مجھے سنے بغیر ہی میرے خلاف غیر قانونی آرڈر پاس کیا، جسے میں چیلنج کروں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ میری نہ زرعی آمدن کو شامل کیا گیا اور نہ ہی میری تنخواہ کو شامل کیا گیا، میری کراچی میں فروخت کی گئی جائیدادوں کو بھی میری آمدنی میں ظاہر نہیں کیا گیا۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی اہلیہ نے یہ بھی کہا کہ میری بار بار درخواست کے باوجود مجھے میرے گوشواروں کی تفصیلات نہیں دی گئیں، ایف بی آر نے اس آرڈر سے پہلے میرا کوئی بیان ریکارڈ نہیں کیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).