آل پارٹیز کانفرنس: ہماری جدو جہد عمران خان کو لانے والوں کے خلاف ہے، نواز شریف


سابق وزیراعظم نوازشریف نے آل پارٹیز کانفرنس میں آخر کار ڈان لیکس کے معاملے پر خاموشی توڑ دی ہے اور کہا ہے کہ چار سال پہلے اکتوبر 2016 میں قومی سلامتی کے امور پر بحث کے دوران جب توجہ دلائی گئی کہ ہمارے دوستوں سمیت دنیا بھر کے ممالک کو ہم سے شکایت ہے، ایسے اقدامات کرنے چاہیے کہ دنیا ہماری طرف انگلیاں نہ اٹھائے تو اسے ڈان لیکس بنا دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق نوازشریف کا کہنا تھا کہ ایجنسیوں کے اہلکاروں پر مشتمل جے آئی ٹی بنی، ثبوت تو کسی کے خلاف کچھ نہ ملا تو پراپیگنڈہ مشینوں کے ہاتھوں ہمیں اور مجھے بھی غدار اور ملک دشمن ٹھہرا دیا گیا، وزیر اعظم کے احکامات کو ایک ماتحت ادارے کے اہلکار کی کی گئی ٹویٹ میں مسترد کرنے کا اعکان کیا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کو ناکام بنانے کا سلسلہ 2014 میں اس وقت شروع ہوا جب دھرنوں کے ذریعے چین کے صدر کا دورہ ملتوی کر دیا گیا، چین ہمارا مخلص دوست ہے جو پاکستان کے ساتھ ہر موقع پر کھڑا رہا،پاکستان اور چین کے تعلقات مزید مستحکم کرنے میں اور سی پیک کے حوالے سے صدر شی جنگ پنگ کا کردار قابل تعریف ہے، سی پیک کا عظیم منصوبہ حکومتی نااہلی کی نذر ہو رہاہے۔سی پیک کے ساتھ پشاور کی بی آر ٹی جیسا سلوک ہو رہاہے جہاں کئی سال بیت گئے، منصوبے سے کئی گنا زیادہ رقم غر ق ہوق چکی ہے، کبھی بسوں میں آ گ لگ جاتی ہے تو کبھی بارش ناقص تعمیر کا پول کھولتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اولین ترجیح سلیکٹڈ حکومت اور ا س سے کئی زیادہ اہم اس نظام سے نجات حاصل کرنا ہے جس کا میں نے ذکر کیا ہے، عمران خان ہمارا ہدف نہیں ہے، ہمارا مقابلہ عمران خان سے نہیں ہے، الیکشن سے پہلے بھی کہا اور آج بھی کہہ رہاہوں، ہماری جدو جہد عمران خان کو لانے والوں کے خلاف ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).