ایک لڑکی اور ایک چھپکلی کے جذبات


گزرے برسوں کی بات ہے کہ ایک دن ایک عزیزہ نے کہ روشنی انصاری کہلاتی ہیں، بے تکلف دوستوں کے ایک گروپ میں اپنا تجربہ بیان کیا کہ ایک چھپکلی سے یکلخت ملاقات کے بعد ان کے جذبات کیا تھے۔ حیوانی حقوق کے پرجوش علمبردار کی حیثیت سے راقم الحروف سوچا کہ کوئی تو ایسا ہو جو بے زبان چھپکلی کی بھی ترجمانی کرے اور چھپکلی کے جذبات رقم کر دیے۔ پیش ہیں ایک لڑکی اور ایک چھپکلی کے جذبات۔

لڑکی کے جذبات

کل میرے ساتھ ایک انتہائی خطرناک حادثہ پیش آیا، جس کی ہیبت اب تک مجھ پر طاری ہے۔۔۔اور سوچ کر لرز کر رہ جاتی ہوں۔۔۔۔ یہ مذاق نہیں ، سچ میں ہی ایسا ہے ۔۔۔میرے اس خوف کو گروپ کی فیمیل ممبرز ہی سمجھ سکتی ہیں۔۔۔۔

کل میں وضو کر رہی تھی اور کوئی ذرا سی وزنی شے سر پر گری ۔۔۔۔۔ چھٹی حس نے کہا کہ چھپکلی ہو گی ۔۔۔۔ دل نے تسلی دی کہ نہیں، اتنے میں سر سے جمپ کر کہ چھپکلی بیسن میں آ گری ۔۔۔۔ ایک دل خراش چیخ کے ساتھ میں پیچھے ہوئی ۔۔۔۔۔۔ اور پیچھے ہو کر دیکھا تو چھپکلی نے مجھ سے بھی تیزی دکھائی تھے اور بیسن سے جمپ کر کے میرے فراک پر موجود تھی ۔۔۔۔

افففففففففف ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ بس پھر جو چیخیں نکلی ہیں میری ۔۔۔۔۔ گھر کا ہر فرد بھاگا آیا ہے ۔۔۔۔۔ مجھے کوئی آدھ ہارٹ اٹیک تو ہوا ہی ہے کل ۔۔۔۔۔۔۔ چھپکلی تو فوراً فرش پر گر کر بھاگ گئی ۔۔۔۔ اور میں سکتے کی حالت میں کھڑی ۔۔۔۔۔ ایک قدم نہیں اٹھایا جا رہا تھا ۔۔۔۔۔ ہارٹ بیٹ فل ۔۔۔۔

کزن مجھے پکڑ کر اندر لے کر گئی ۔۔۔۔حوصلہ دیا ۔۔۔۔۔۔۔اپنا سر میں نے کئی بار شیمپو کیا ۔۔۔۔۔۔۔۔گھر تک خبر پہنچی تو میری خیریت دریافت کرنے کے لئے فون آتے رہے ۔۔۔۔۔ اور یہاں کل سے سپرے ہو رہے ہیں ۔۔۔۔۔ جب کہ میں نے خود کو اندرونی کمروں تک محدود کر لیا ہے۔۔۔۔۔کیوں کہ وہاں کوئی خطرہ نہیں۔۔۔۔۔الله دشمنوں کے ساتھ بھی ایسا نہ کرے۔

چھپکلی کے جذبات

کل میرے ساتھ ایک انتہائی خطرناک حادثہ پیش آیا، جس کی ہیبت اب تک مجھ پر طاری ہے۔ اور سوچ کر لرز کر رہ جاتی ہوں۔ یہ مذاق نہیں، سچ میں ہی ایسا ہے۔ میرے اس خوف کو میرے گروپ کی فیمیل ممبرز ہی سمجھ سکتی ہیں۔ کل میں چھت پر چپکی ہوئی غور و فکر کر رہی تھی۔ برسات میں مچھر کافی موٹے اور لذیذ ہو جاتے ہیں۔ کھاتے ہوئے زبان ہی نہ رک پائی اور کچھ زیادہ ہی کھا گئی۔ غنودگی سی چھانے لگی اور مچھروں کے سہانے خواب آنے لگے۔

اچانک محسوس ہوا کہ میں ایک موٹے سے مچھر کے تعاقب میں زبان لہراتی ہوئی اڑ رہی ہوں۔ یکلخت اڑان تھم گئی اور خواب میں کچھ رکاوٹ سی آ گئی۔ کسی نرم سے جگہ پر یکایک رک گئی۔ چھٹی حس نے کہا کہ کوئی لڑکی ہوگی۔ دل نے تسلی دی کہ نہیں، اتنے میں لگا کہ شدید زلزلہ آ رہا ہے اور زمین ہل رہی ہے تو آنکھیں کھول کر دیکھا۔ میں کسی لڑکی کے سر پر سوار تھی۔

گھبراہٹ میں بے ساختہ سر سے جمپ کیا تو بیسن میں جا گری۔ ایک دل خراش چیخ کے ساتھ میں پیچھے ہوئی۔ اور پیچھے ہو کر دیکھا تو لڑکی نے مجھ سے بھی تیزی دکھائی تھی اور اپنی جگہ سے جمپ کر کے بیسن کے پاس کھڑی تھی۔ بیسن میں چلتے ہوئے ٹھنڈے پانی کی وجہ سے اچانک ایک زور دار چھینک آئی تو میں چکنے بیسن سے پھسلتی ہوئی اس کے فراک پر موجود تھی۔

افففففففففف۔ بس پھر جو چیخیں نکلی ہیں میری۔ برادری کا ہر فرد بھاگا آیا۔ مجھے کوئی آدھ ہارٹ اٹیک تو ہوا ہی ہے کل۔ برادری نے چیخ چیخ کر جان بچانے کے لیے کہا تو حوصلہ کر کے فوراً فرش پر گر کر بھاگ گئی اور دور ایک اندھیرے کونے میں جا کر پناہ لی۔ اور میں سکتے کی حالت میں کھڑی۔ ایک قدم نہیں اٹھایا جا رہا تھا۔ ہارٹ بیٹ فل۔

کزن مجھے پکڑ کر ایک الماری کے نیچے لے کر گئی۔ حوصلہ دیا۔ گھر تک خبر پہنچی تو میری خیریت دریافت کرنے کے لئے چھپکلے آتے رہے۔ اور مجھ پر کل سے سپرے ہو رہے ہیں۔ جب کہ میں نے خود کو اندرونی کمروں تک محدود کر لیا ہے۔ کیوں کہ وہاں کوئی خطرہ نہیں۔ اللہ دشمنوں کے ساتھ بھی ایسا نہ کرے۔

عدنان خان کاکڑ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

عدنان خان کاکڑ

عدنان خان کاکڑ سنجیدہ طنز لکھنا پسند کرتے ہیں۔ کبھی کبھار مزاح پر بھی ہاتھ صاف کر جاتے ہیں۔ شاذ و نادر کوئی ایسی تحریر بھی لکھ جاتے ہیں جس میں ان کے الفاظ کا وہی مطلب ہوتا ہے جو پہلی نظر میں دکھائی دے رہا ہوتا ہے۔ Telegram: https://t.me/adnanwk2 Twitter: @adnanwk

adnan-khan-kakar has 1541 posts and counting.See all posts by adnan-khan-kakar