نواز شریف کے عسکری نمائندوں سے ملاقاتوں سے متعلق بیان پر سوشل میڈیا پر بحث


نواز شریف

پاکستان کے سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے عسکری نمائندوں سے ملاقاتوں سے متعلق بیان نے ایک بار پھر ٹوئٹر پر ہلچل مچا دی ہے۔

نواز شریف نے اپنے نئے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری کردہ بیان میں کہا کہ ان کی جماعت کا کوئی رکن آئندہ انفرادی، جماعتی یا ذاتی سطح پر عسکری اور متعلقہ ایجنسیوں کے نمائندوں سے ملاقات نہیں کرے گا۔

بدھ کی شام جب پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے بتایا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما محمد زبیر نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے نواز شریف اور مریم نواز کے حوالے سے دو ملاقاتیں کی تھیں تو اس کے بعد سے نیوز چینلز اور سوشل میڈیا طرح طرح کے سوالوں اور قیاس آرائیوں سے بھرا پڑا ہے۔

لگتا ہے کہ نواز شریف کی تازہ ٹویٹس کے بعد بھی سوالوں اور قیاس آرائیوں کا یہ سلسلہ تھمنے کی بجائے مزید طول پکڑتا جا رہا ہے۔

نواز شریف کے اس اعلان کے باوجود سوشل میڈیا پر یہ بحث ہو رہی ہے کہ ایسی ملاقاتیں پھر بھی جاری رہیں گی جبکہ بہت سے صارفین نواز شریف سے نون لیگ کے رہنماؤں کی ایسی سابقہ ملاقاتوں کے بارے میں جواب مانگ رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

جماعت کا کوئی رکن آئندہ عسکری نمائندوں سے ملاقات نہیں کرے گا: نواز شریف

’فوج کی سیاست میں دلچسپی نہیں تو یہ ملاقاتیں کیوں؟‘

’اے پی سی پیچھے رہ گئی، نواز شریف کی تقریر بہت آگے نکل گئی‘

’میاں صاحب کے ٹویٹر اکاؤنٹ نے ملک میں سیاسی ہلچل پیدا کر دی‘

صحافی طلعت حسین نے لکھا ’نواز شریف کی طرف سے خفیہ، ذاتی، انفرادی، جماعتی میٹنگز پر بلا اجازت و شفافیت پابندی خوش آئند قدم ہے اگرچہ یقین رکھیے کہ ایسی ملاقاتیں کسی نہ کسی طرح جاری رہیں گی۔ اصل معاملہ ان میٹنگز میں طے پانے یا موضوع گفتگو بننے والے معاملات کا ہے۔‘

انھوں نے مزید لکھا ’جب تک بند کمروں میں ہونے والی بات چیت کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں گی ملاقاتوں پر قدغن ایک بے اثر ہدایت رہے گی۔‘

عبدالسمیع نامی صارف نے لکھا ’ہم مان لیتے ہیں کہ آپ نے پابندی لگادی لیکن بنیادی سوال اب بھی موجود ہے وہ یہ کہ جو یہ چند ملاقاتیں ہوئیں کیا یہ بطورِ پارٹی قائد آپ کے علم میں تھیں؟‘

انھوں نے مزید لکھا ’اگر نہیں تھیں تو ان ملاقاتیوں کے خلاف کارروائی کب کر رہے ہیں؟‘

اس کے باوجود چند صارفین ایسے بھی ہیں جنھوں نے نواز شریف کے اس اعلان کو خوش مثبت قرار دیا ہے۔

صارف ظل ہما ڈار نے نواز شریف کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ’میاں صاحب، رب آپ کا حامی و ناصر ہو۔ آپ ستر سالہ لڑائی لڑنے جا رہے ہیں۔‘

انیس نامی ایک صارف نے لکھا ’اس کا مطلب اس دفعہ آپ نے ساری کشتیاں جلادی ہیں؟ اچھا ہوا اب کوئی تو نکلا ہے حقیقی جمہوریت کی بحالی کیلئے۔‘

لیکن دوسری ہی جانب بعض حلقوں کے مطابق نواز شریف کا یہ اعلان ان کی مستقبل کی سیاست پر سوالیہ نشان لگا سکتا ہے۔

لاہور یونیورسٹی آف مینیجمنٹ سائنسز(لمز) کے شعبہ عمرانیات سے منسلک معلمہ ندا کرمانی نے سابق وزیراعظم کا ٹوئٹر پیغام شیئر کرتے ہوئے لکھا ’میرے خیال میں یہ پاکستان مسلم لیگ نون کا اختتام ہے۔‘

نورین نامی ایک صارف نے جو بظاہر نواز شریف سے ناراض نظر آتی ہیں، طنز کرتے ہوئے لکھا ’بڑی دیر کی مہرباں آتے آتے۔ پاکستان آ کر یہ اعلان فرمائیں، حالات کا مردانہ وار مقابلہ کریں، رسیدیں جمع کروائیں، گزشتہ گناہوں کی معافی مانگ کر بقیہ تمام عمر، مکہ مکرمہ میں اللّہ سے معافی مانگنے میں گزار دیں۔ بس کر دیں بہت ہو گیا۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32297 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp