چین کا امیر ترین شخص: پانی کی بوتلیں بیچنے والا ارب پتی علی بابا کے مالک جیک ما سے بازی لے گیا


چین

علی بابا کمپنی کے مالک جیک ما اب چین کے امیر ترین شخص نہیں رہے۔ ان کی جگہ لینے والے ژونگ شنشان ہیں اور ان کا کاروبار بوتلوں میں پانی بیچنا ہے۔

ژونگ شنشان نے 1996 اپنی کمپنی نونگفو سپرنگ کا آغاز کیا تھا جو کہ چین کے مشرقی حصے کے صوبے ژہیجیانگ میں واقع ہے۔

بلومبرگ بیلینئیر انڈیکس کے مطابق ژونگ شنشان کی کُل دولت 58.7 ارب ڈالر ہے۔

حال میں چین کی سٹاک مارکیٹ میں اپنی کمپنی کا نام رجسٹر کرانے اور ایک دوا بنانے والی کمپنی میں ان کے اکثریتی حصص کے باعث ژونگ شنشان کی دولت میں خاطر خواہ اضافہ ہوا۔

اسی حوالے سے مزید پڑھیے

شاہد خان تقریباً آٹھ ارب ڈالر کے ساتھ امریکہ کے 66ویں امیر ترین شخص

ایشیا کا امیر ترین شخص ایمازون سے مقابلے پر تیار

آج تک کا دنیا کا امیر ترین شخص کون؟

ژونگ شنشان کو اکثر ‘لوون ولف’ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے اور دولت میں اضافے کے بعد اب وہ انڈیا کے مکیش امبانی کے بعد ایشیا کے دوسرے سب سے امیر انسان بن گئے ہیں۔

دنیا کے امیر ترین انسانوں کی فہرست میں اب ان کا نمبر 17واں ہے۔

عمومی طور پر یہ دیکھا گیا ہے کہ چین سے آنے والے امیر ترین افراد کا تعلق ٹیکنالوجی انڈسٹری سے ہوتا ہے لیکن امریکہ اور چین کے درمیان کشیدہ تعلقات کی بنا پر چین کی ٹیکنالوجی کمپنیاں جیسے ہواوے، ٹک ٹاک اور وی چیٹ کی سٹاک مارکیٹ میں مالیت میں کمی آئی ہے۔

چین میں اشیا خورد و نوش کے کاروبار سے منسلک کمپنیاں اب تیزی سے اوپر آ رہی ہیں اور ان کے مالکان کی دولت میں بے تحاشہ اضافہ ہو رہا ہے۔

لال ڈھکن والی بوتل

اس ماہ جب ہانگ کانگ سٹاک ایکسچینج میں نونگفو سپرنگ نے اپنا نام درج کرایا تو پہلے ہی روز ان کے حصص کی مالیت میں 54 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔

نونگفو سپرنگ کی بوتلوں پر لال رنگ کا ڈھکن ہوتا ہے جو ان کی خاص پہچان ہیں اور یہ بوتلیں پورے چین میں فروخت ہوتی ہیں چاہے وہ محلے کی چھوٹی سی دکان ہو یا پرتعیش ہوٹل۔

اس کے علاوہ کمپنی چائے، اور مختلف ذائقے والے وٹامن مشروبات اور جوس بھی بیچتی ہے۔

سٹاک ایکسچینج میں اندراج کرنے کے بعد پہلے وہ چین کے دو امیر ترین افراد، علی بابا کے جیک ما اور ٹین سینٹ کمپنی کے مالک پونی ما کے ہمراہ آ گئے تھے لیکن اس ہفتے ٹیکنالوجی کمپنیوں کے حصص کی قیمتیں گر گئیں جس کے بعد ان کی کمپنی آگے نکل گئی۔

علی بابا کے جیک ما گذشتہ چھ برس سے اس فہرست میں سب سے آگے تھے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp