شو بز ڈائری: بالی وڈ ستاروں کی پیشیاں اور سلمان کہاں اگا رہے ہیں چاول


سوشانت سنگھ

منشیات کیس میں بالی وڈ ستاروں کی پیشیاں

بالی وڈ میں کھلنے والے پنڈورہ باکس میں سے ابھی اور کیا کیا نکل سکتا ہے اس کا اندازہ اس ہفتے ہونے والے واقعات سے لگایا جا سکتا ہے۔

ممبئی میں نارکوٹک کنٹرول بیورو سُشانت سنگھ کے کیس میں منشیات سے متعلق تحقیقات کر رہا ہے اور اداکارہ سارہ علی خان، شردھا کپور اور دیپیکا پاڈوکون تینوں کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا گیا ہے۔

دیپیکا پاڈوکون کی کئی سال پرانی واٹس ایپ چیٹ کے لیک ہونے کے بعد صورتِ حال اور بھی سنگین ہوتی نظر آ رہی ہے۔

‘ہنگامہ ہے کیوں برپا تھوڑی سی جو پی لی ہے’

سُشانت کی دوست ریا چکرورتی جو نو ستمبر کو گرفتار کی گئی تھیں ابھی تک عدالتی حراست میں ہیں۔ خبروں کے مطابق ریا نے منشیات کے حوالے سے کئی بڑی شخصیات کا نام لیا ہے۔ ایسے میں انڈیا کے زیادہ تر ٹی وی چینلز کو نیا مسالہ مل گیا اور منشیات پر بنائی جانے والی بالی وڈ فلموں کے مناظر دکھا دکھا کر اینکرز چینخ چینخ کر ‘گنہگاروں’ کو سزا دلوانے کے نعرے بلند کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

ایسے میں فیس بک پر کسی منچلے کی ایک پوسٹ نظر سے گزری جس میں کہا گیا تھا ‘ہنگامہ ہے کیوں برپا تھوڑی سی جو پی لی ہے’۔

پینے اور پلانے کا قصہ تو اب تحقیقات کے زمرے میں چلا گیا ہے لیکن ابھی دل تھام کر بیٹھنے کا وقت ہے، کون جانے ابھی کیا کیا انکشافات ہونے باقی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

بالی وڈ میں منشیات کا استعمال، دپیکا پاڈوکون سمیت متعدد ستارے تحقیقات کے لیے طلب

دیپیکا پاڈوکون کی واٹس ایپ چیٹس منظر عام پر کیسے آئی ہوں گی؟

انوراگ کشیپ: ‘یہ کنگنا مجھ سے برداشت نہیں ہو رہی‘

جنسی ہراس کا الزام ، انوراگ کشیپ بھی مشکل میں

ملک میں شہریت کے متنازع قانون کے خلاف کھل کر آواز اٹھانے والوں میں سے ایک فلسماز انوراگ کشیپ بھی مشکل میں نظر آ رہے ہیں جن پر اداکارہ پائل گھوش نے جنسی ہراس کا الزام لگاتے ہوئے ممبئی کے ورسووا پولیس سٹیشن میں تحریری شکایت درج کروائی ہے۔

ان کے خلاف تعزیراتِ ہند کی دفاع 376، 345، 341 اور 342 کے تحت شکایت درج ہوئی ہے، تاہم ابھی ایف آئی آر درج نہیں کی گئی۔

انوراگ نے 19 ستمبر کو ان تمام الزامات سے انکار کیا تھا اور 20 ستمبر کو ان کے وکیل کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ ان کے موکل کو ان الزامات سے بہت دکھ پہنچا ہے جو بلکل ’بے بنیاد ، چھوٹ اور بد نیتی پر مبنی‘ ہیں۔

ایسے میں سوشل میڈیا پر ان کے بارے میں لوگوں کی رائے منقسم ہے لیکن ان کی دونوں سابق بیویاں آرتی بجاج اور کالکی کوئچلن نے ان کی حمایت کا اظہار کیا ہے۔ جبکہ ان کی دوست اور اداکارہ تاپسی پنوں نے ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ وہ انوراگ کی حمایت کرتی ہیں لیکن اگر یہ الزامات سچ ثابت ہوئے تو سب سے پہلے وہ انوراگ سے رشتہ ختم کریں گی۔

تاپسی کی اس پوسٹ کے بعد ٹوئٹر پر بے شمار لوگوں نے انھیں ٹرول کرنا شروع کر دیا تھا۔ کچھ لوگوں کا کہنا تھا کہ وہ خود کو فیمنِسٹ کہتی ہیں اور ایسے الزامات کے باجود بھی انوراگ کی حمایت کیسے کر سکتی ہیں۔ ٹوئٹر پر تاپسی کی اس پوسٹ پر تبصروں کو دیکھتے ہوئے لگتا ہے کہ ٹرولرز کو کچھ دنوں کے لیے نیا کام مل گیا ہے۔

سلمان خان

سلمان کہاں اگا رہے ہیں چاول؟

سلمان خان کا کہنا ہے کہ انھوں نے پچھلے 30 برسوں میں اتنی چھٹیاں نہیں لیں جتنی گذشتہ چھ ماہ میں لے چکے ہیں۔

کووڈ 19 میں لاک ڈاؤن کے دوران سلمان پنویل میں اپنے فارم ہاؤس پر ہی رہ رہے تھے اور وہیں سے اکثر ان کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر نظر آتی تھیں۔

اب سلمان بگ باس 14 کی شوٹنگ کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ حال ہی میں اس کا پرومو بھی ریلیز ہوا جس میں سلمان اپنے فارم ہاؤس پر پھاوڑا چلاتے ہوئے کہتے ہیں کہ ‘لاک ڈاؤن لایا لائف میں سپیڈ بریکر اس لیے اُگا رہا ہوں چاول اور چلا رہا ہوں ٹریکٹر’۔

کہا جارہا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران سلمان اپنے فارم ہاؤس پر واقعی چاول کی کھیتی کر رہے تھے۔

بِگ باس کے اس سیزن میں کون لوگ شامل ہوں گے ابھی واضح نہیں لیکن شوٹنگ کے بارے میں سلمان کا کہنا تھا کہ کورونا کے دوران یہ کام کافی مشکل ہوگا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32299 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp