لاہور میں نوازشریف اور مریم نواز کے خلاف غداری کا مقدمہ درج


تھانہ شاہدرہ میں سابق وزیراعظم نوازشریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور دیگر پارٹی قائدین کے خلاف بغاوت کے لیے اکسانے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ یہ مقدمہ بدر رشید نامی شہری کی مدعیت میں یکم اکتوبر کو درج کیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق پاکستان پینل کوڈ کی دفعات مجرمانہ سازش کے تحت درج کیے گئے مقدمے کی ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا کہ نوازشریف نے مقتدر حلقوں کے خلاف گفتگو کی، عوام کو بغاوت پر اکسایا، نوازشریف نے اپنی تقاریر میں دشمن ملک بھارت کی اعلانیہ پالیسی کی تائید کی۔ متن میں مزید کہا گیا کہ نوازشریف نیب قوانین کےتحت سزا یافتہ مجرم ہیں، اشتعال انگیز تقاریر کے ذریعےاداروں کیخلاف بغاوت پر اکسایا گیا جبکہ ملکی قوانین سزایافتہ مجرم کو ایسی تقاریراور اقدامات کی اجازت نہیں دیتے۔ مقدمے میں نوازشریف اور مریم نواز کے ساتھ سنٹرل ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں شریک ن لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی، بیگم نجمہ وحید، بیگم ذکیہ شاہنواز، طارق رزاق چودھری، شیزا فاطمہ، جاویدعباسی، مہتاب عباسی، جاوید لطیف، مریم اورنگزیب، ایاز صادق، ظفرالحق، خرم دستگیر، اقبال ظفرجھگڑا، صلاح الدین ترمذی، احسن اقبال، شیخ آفتاب، پرویز رشید، خواجہ آصف اور رانا ثنااللہ کو بھی نامزد کیا گیا۔

یاد رہے کہ اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کے بعد نوازشریف پر حکومتی حلقوں سے ملک دشمنی کے الزامات لگ رہے ہیں، نوازشریف نے کہا تھا کہ عمران خان سے ہماراکوئی مقابلہ نہیں، اس کواہمیت نہیں دیتے۔ یہ سلیکٹڈ ہے جس کو ہم پر مسلط کر دیا گیا، سلیکٹڈ کو لانے والے بتائیں کہ عوام کا مینڈیٹ کیوں چوری کیا۔ پاکستان کے حالات دیکھ کرچپ نہیں رہ سکتا، مجھے کوئی خاموش کرانے کی کوشش نہ کرے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).