یوکرین میں فوجی طیارہ گر کر تباہ: فضائیہ کے چھ افسران اور 20 کیڈٹس ہلاک


یوکرین

یوکرین میں ایک فوجی طیارہ گر کر تباہ ہونے کے باعث 26 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جن میں زیادہ تر افراد فضائیہ کے کیڈٹس تھے۔

اینتونوو 26 طیارہ خرکیو نامی مشرقی شہر کے قریب گر کر تباہ ہوا۔

اس طیارے میں خرکیو ایئر فورس یونیورسٹی سے 20 کیڈٹس اور سات افسران سوار تھے اور یہ تربیتی پرواز پر تھا۔ صرف ایک شخص حادثے میں زندہ بچ پایا ہے۔

اس حادثے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں اور حکام کے مطابق ابتدائی طور پر یہ معلوم ہوا ہے کہ جس وقت طیارہ گر کر تباہ ہوا اس وقت اسے کیڈٹس نہیں بلکہ خود کپتان اڑا رہے تھے۔

وزارتِ ہنگامی حالات نے بتایا کہ طیارہ چوہوئیف نامی شہر میں ایک فوجی ایئرپورٹ سے تقریباً دو کلومیٹر دور گر کر تباہ ہوا۔

یہ بھی پڑھیے

یوکرینی طیارہ: ایران پر کیا اثرات ہو سکتے ہیں؟

’یوکرین کے طیارے پر غلطی سے میزائل داغے گئے‘

الجزائر کا فوجی طیارہ گر کر تباہ، 247 افراد ہلاک

طیارے میں لگی آگ کو بعد میں بجھا دیا گیا تھا۔

ایک عینی شاہد نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ انھوں نے ایک جلتے ہوئے شخص کو ملبے سے نکل کر بھاگتے ہوئے دیکھا۔

انھوں نے بتایا کہ ‘ایک دوسری گاڑی ہمارے پیچھے رکی۔ ہم نے آگ بجھانے والا آلہ لیا اور ایک اور ڈرائیور کے ساتھ ان کے پیچھے مدد کرنے کے لیے بھاگے۔’

اس سے پہلے اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ حادثے میں دو لوگ زندہ بچے ہیں تاہم بعد میں ایک کی ہسپتال میں ہلاکت ہوگئی۔

یوکرین

صدر ولادیمیر زیلینسکی نے ایک روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس واقعے کی فوری طور پر ایک 'معروضی اور غیر جانبدار' تحقیقات چاہتے ہیں۔

انھوں نے کہا: ‘ہم نے نوجوان کیڈٹس اور تجربہ کار فوجی اہلکار اس حادثے میں کھوئے ہیں جن کے سامنے اُن کی پوری زندگیاں پڑی تھیں۔ اس نقصان کو بیان کرنے کے لیے الفاظ کا انتخاب کرنا بھی مشکل ہے۔’

صدارتی دفتر نے بتایا کہ صدر کی جانب سے اس قسم کے تمام طیاروں کی پرواز پر تب تک کے لیے پابندی عائد کر دی ہے جب تک کہ طیارہ حادثے کی وجہ کا پتہ نہیں لگا لیا جاتا۔

اطلاعات کے مطابق تحقیق کار اس وقت چار ممکنہ وجوہات پر غور کر رہے ہیں جن میں جہاز میں تکنیکی خرابی، فضائی عملے یا گراؤنڈ کنٹرول کی خراب کارکردگی، یا پھر مرمت و دیکھ بھال میں کوتاہی شامل ہیں۔

وزیرِ دفاع اینڈری تارن نے کہا ‘ممکنہ طور پر طیارے کا پر زمین سے ٹکرایا’ جس کے بعد اس میں آگ لگ گئی۔

یوکرینی سیکیورٹی سروس نے ایک بیان میں کہا کہ کریش سے پانچ منٹ پہلے فلائٹ کمانڈر نے بائیں انجن کی ناکامی پر لینڈ کرنے کی اجازت مانگی تھی۔

بیان میں مزید کہا گیا: ‘ابتدائی معلومات کے مطابق کیڈٹس براہِ راست طیارہ کنٹرول نہیں کر رہے تھے بلکہ عملے کے کپتان اڑا رہے تھے۔’

اس حوالے سے کوئی اس بات کا امکان نہیں ہے کہ یہ حادثہ مشرقی یوکرین میں جاری تنازعے کی وجہ سے پیش آیا ہے۔

یاد رہے کہ چوہوئیف شہر اس محاذ سے 100 کلومیٹر دور ہے جہاں حکومتی فورسز روس نواز علیحدگی پسندوں سے لڑ رہی ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32473 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp