کراچی سپر ہائی وے پر مسافر وین میں آتشزدگی: 13 مسافر جاں بحق، 5 زخمی


کراچی کے علاقے نوری آباد کے قریب سپر ہائی وے پر مسافر وین میں آتشزدگی سے 13 مسافر جھلس کر جاں بحق ہو گئے۔ اطلاعات کے مطابق حیدر آباد سے کراچی آنے والی مسافر وین نوری آباد کے نزدیک حادثے کا شکار ہو گئی جس کے نتیجے میں 13 مسافر جھلس کر جاں بحق جب کہ 5 زخمی ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق مسافر وین موٹر وے پر تیز رفتاری سے سفر کر رہی تھی کہ کسی چیز سے ٹکرانے کے بعد قلابازیاں کھاتے ہوئے ہائی وے سے نیچے کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں وین کے اندر موجود گیس سلنڈر ایک زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔  اس سے بھڑکنے والی آگ نے لمحوں کے اندر پوری وین کو لپیٹ میں لے لیا۔ وین کے شیشے ٹوٹنے سے دو مسافر جان بچانے میں کامیاب ہو گئے لیکن وین میں سوار 5 خواتین اور 2 بچوں سمیت 13 افراد جل کر راکھ ہو گئے جب کہ 6 مسافر جھلس کر زخمی ہو گئے۔

ریسکیو سروس کے بروقت نہ پہنچنے کے باعث مسافروں کی ہلاکتیں زیادہ ہوئیں جب کہ اطلاع ملنے پر موٹر وے پولیس نے پہنچ کر ایف ڈبلیو او کی فائر بریگیڈ طلب کی جس نے آگ پر قابو پا لیا۔ موٹر وے پولیس نے ایدھی کی مدد سے لاشوں کو نکال کر نوری آباد ٹرامہ سینٹر منتقل کیا جب کہ 6 زخمیوں کو کراچی منتقل کر دیا گیا۔ لطیف آباد کا رہائشی ایک مسافر شاہ رخ خان بچ گیا جسے کراچی منتقل کردیا ہے۔

پولیس کے مطابق تفتیش جاری ہے اور حادثے کی وجوہات معلوم کی جا رہی ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).