استانی کو اسکول میں اپنا ننھا بچہ لانے پر معطل اور دباؤ پر بحال کر دیا گیا


میانوالی کی تحصیل پپلاں میں محکمہ تعلیم کے حکام نے ایک سرکاری اسکول کا اچانک دورہ کیا تو اس دوران انہوں نے دیکھا کہ ایک کلاس میں خاتون استاد عشرت ستار اپنے بچے کے ساتھ کھیل رہی ہیں۔ 26 ستمبر کے محکمہ تعلیم کے نوٹیفکیشن کے مطابق خاتون مس کنڈکٹ اور فرائض سے غفلت برتنے کی مرتکب پائی گئیں، اس لیے انہیں معطل کر دیا گیا۔

یہ نوٹیفیکیشن سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا اور سوال اٹھایا جانے لگا کہ جب پشاور کی ایک ایک خاتون اسسٹنٹ کمشنر اور پنجاب پولیس کی ایک سابق افسر کی دفتری فرائض کی ادائیگی کے دوران بچہ سنبھالنے کی تصاویر نشر ہوئیں تو ان کی بہت تعریف کی گئی، پھر ایک استاد کو کیوں نشانہ بنایا گیا ہے؟ دو نہیں ایک پاکستان کے ٹیگ کے تحت سخت عوامی ردعمل سامنے آیا۔

اب پہلا نوٹیفیکیشن جاری کرنے والے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر، ایلیمنٹری ایجوکیشن، میانوالی نے نیا نوٹیفیکیشن جاری کیا ہے جس میں پرانے نوٹیفیکشن کو واپس لینے کا کہا گیا ہے۔ یوں عوامی ردعمل کے باعث دو روز قبل معطل ہونے والی استانی اب بحال ہو گئی ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).