صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور خاتون اول میلانیا میں کورونا وائرس کی تصدیق


امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ ان میں اور ان کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے۔ اپنی ایک ٹویٹ میں انھوں نے بتایا کہ خاتون اول اور وہ دونوں ہی فوراً قرنطینہ اور بحالی کا مرحلہ شروع کریں گے۔

اس سے قبل خبر سامنے آئی تھی کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مشیر اور قریبی ساتھی ہوپ ہکس میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد صدر ٹرمپ اور خاتون اول میلانیا کے بھی کورونا ٹیسٹ ہوئے ہیں۔

https://twitter.com/realDonaldTrump/status/1311892190680014849

ہوپ ہکس منگل کے روز ریاست اوہائیو میں منعقد ہونے والے مباحثے میں شرکت کرنے والے ان اہلکاروں میں تھیں جو صدر ٹرمپ کے ساتھ ان کے طیارے ائر فورس ون پر موجود تھے۔

منگل کو کھینچی گئی تصاویر میں ہوپ ہکس کو ائر فورس ون سے بغیر ماسک پہنے اترتے دیکھا جا سکتا تھا۔ اس سے اگلے روز انھوں نے صدر کے ہمراہ ریاست منی سوٹا میں منعقد ہونے والی ایک ریلی میں بھی شرکت کی۔

اس کے بعد بدھ کو، وائٹ ہاؤس کے نمائندوں کے مطابق وہ صدر ٹرمپ کے ساتھ ان کے ہیلی کاپٹر مرین ون میں بھی سوار ہوئی تھیں۔ 31 سالہ ہوپ ہکس صدر کی ٹیم میں کورونا پازیٹیو آنے والے سب سے قریبی اہلکار ہیں۔

بلومبرگ نیوز کے مطابق منی سوٹا سے واپسی پر ہوپ ہکس میں کورونا کی علامات ظاہر ہونا شروع ہوئی تھیں اور انھیں اسی وقت طیارے میں ہی قرنطینہ میں رکھا گیا تھا۔

وائٹ ہاؤس میں کورونا کے مزید کیسز کب سامنے آئے؟

ہوپ ہکس امریکی انتظامیہ کے عہدیداروں میں کورونا سے متاثر ہونے والی سب سے حالیہ اہلکار ہیں۔ اس سے پہلے مئی میں نائب صدر مائیک پینس کی پریس سیکریٹری کیٹی ملر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد وہ صحتیاب ہو گئی تھیں۔

اسی ماہ صدر ٹرمپ کے ذاتی ویلے کے طور پر تعینات امریکی بحریہ کے ایک اہلکار کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

مگر وائٹ ہاؤس نے اس وقت کہا تھا کہ صدر ٹرمپ اور نائب صدر پینس اس مرض سے متاثر نہیں ہوئے ہیں۔

وائٹ ہاؤس ایسے تمام اہلکاروں اور مشیروں کے کورونا ٹیسٹ کرتا ہے جو روزانہ کی بنیاد پر صدر ٹرمپ سے رابطے میں آتے ہیں۔

ٹرمپ کو ماسک پہننا پسند نہیں اور سرکاری تقاریب میں لی گئی زیادہ تر تصاویر میں انھیں ماسک اور سماجی دوری اختیار کیے بغیر اپنے ٹیم کے اہلکاروں یا دیگر افراد کے ساتھ گھلتے ملتے دیکھا جا سکتا ہے۔

کرونا وائرس سے اب تک تقریباً 72 لاکھ امریکی متاثر ہو چکے ہیں اور ملک میں دو لاکھ سے زیادہ اموات ہو چکی ہیں۔

ہوپ ہکس اور ٹرمپ

ہوپ ہکس کون ہیں؟

ان کا تعلق امریکی ریاست کنیکٹیکٹ کے علاقے گرینچ سے ہے
انھوں نے نوجوانی میں ماڈلنگ شروع کی اور مشہور برانڈ ریلف لارن کے اشتہار میں بھی آ چکی ہیں

وائٹ ہاؤس آنے سے قبل وہ ایک تعلقات عامہ کی کمپنی سے منسلک تھیں جو ٹرمپ کی صاحبزادی ایوانکا کے فیشن برانڈ اور ٹرمپ کے پراپرٹی کے کاروبار کی تشہیر کا کام سنبھالتی تھی

سنہ 2014 میں ٹرمپ کی کمپنی کا حصہ بنیں اور سیاست میں تجربہ نہ رکھنے باوجود ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک سال بعد ہی انھیں اپنی صدارتی مہم چلانے والی ٹیم میں شامل کر لیا

ہوپ ہکس نے ماضی میں ٹرمپ کی صدارتی مہم کی ترجمان طور پر کام کیا اور ان کے عہدہ سنبھالنے کے بعد وہ ان کی کمیونیکیشنز ڈائریکٹر بن گئیں

مارچ 2018 میں انھوں نے استعفیٰ دے کر فوکس نیوز میں نوکری قبول کر لی تھی، لیکن رواں برس فروری میں وہ وائٹ ہاؤس لوٹ آئیں

صدر ٹرمپ انھیں ’ہوپسٹر‘ کہہ کر پکارتے ہیں۔ ہوپ کے بارے میں خیال ہے کہ وہ صدر کی سب سے بھروسا مند اور قریبی مشیر ہیں اور ان چند لوگوں میں سے ہیں جنھیں ٹرمپ کی باتوں سے اختلاف کرنے کی اجازت ہے


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32509 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp