مثبت سوچ کی طاقت


چیزوں اور انسانوں کے درمیان امتیاز کرنے کی صلاحیت آپ کی زندگی کا ایک بہترین لمحہ اور بیداری ہو سکتی ہے۔ جب آپ جیت اور ترقی کر رہے ہوتے ہیں تو یہ محسوس کرنا بہت آسان ہوتا ہے کہ لوگ آپ سے محبت کرتے ہیں اور آپ کو سپورٹ کرتے ہیں۔ انسانوں کے رویے اور طریقوں کو جانچ لینا اور امتیاز کر لینا ایک اہم خوبی اور صلاحیت ہے، کیونکہ اکثر لوگ آپ کو مذہب، سیاست، قوم، زبان، علاقے اور عوام کی خدمت کے نام پر استعمال کرتے ہیں۔

وہ آپ کی صلاحیتوں کے مترادف بھی ہوتے ہیں اور اعتراف بھی کرتے ہیں، لیکن صرف اس وقت تک جب تک آپ آگے بڑھ رہے ہوں۔ لیکن جیسے ہی آپ ایسا کرنا بند کر دیں اور مشکلات کا شکار ہوں تو ایسے لوگ آپ کو منہ بھی نہیں لگاتے۔ اپنے خاندان، دوستوں، رشتہ داروں، کمیونٹی اور پروفیشنل لوگوں میں ایسے تعلقات کا بھر پور جائزہ لیں اور تجزیہ کریں۔ کوشش کر کے ایسے لوگوں سے کنارہ کشی کریں، جو صرف اور صرف آپ سے کچھ لینے کی وجہ سے آپ کے ساتھ منسلک ہیں۔

یہ لوگ جونکوں کی مانند آپ کے ساتھ چمٹے ہوتے ہیں۔ یہ اس وقت تک آپ کے ساتھ رہتے ہیں، جب تک آپ میں خون اور حوصلہ ہے۔ وقت بدلنے کے ساتھ ہی یہ دوسروں کے ساتھ چمٹ جائیں گے۔ ایسے لوگ آپ کی قدرتی صلاحیتوں اور مثبت انرجی کو ضائع کرتے ہیں۔ یاد رکھیں کہ خدا نے آپ کو صلاحیتیں اس لئے دی ہیں کہ آپ جینوئن، مستحق اور اچھے لوگوں کے لئے کام کریں۔ یوں بے مقصد اور مطلب پرست لوگوں کے ہاتھوں ذلیل مت ہوں۔ آپ کی سوچ، عقل اور صلاحیتوں کا بہترین اظہار بہترین جگہ اور لوگوں کے لئے کرنے سے آپ خدا کی نعمتوں کا بھر پور استعمال کر سکتے ہیں۔

لوگ آپ کی مثبت انرجی کو اپنی منفی سوچ سے کم کرنا چاہتے ہیں۔ بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں قدرت پر توکل، خود پر یقین اور محنت کی بہت کمی ہے۔ لوگ دوسروں کو آگے بڑھتا اور ترقی کرتا دیکھ نہیں سکتے۔ ہم اس قدر حسد سے بھر چکے ہیں کہ ہمارے اندر دوسروں کی شخصیت، کامیابی اور ترقی قبول کرنے کی ہمت اور جرات ہی نہیں ہوتی۔ ہم ایک گھٹن اور افراتفری کے ماحول میں ایک خوشگوار اور پر سکون زندگی کیسے بسر کر سکتے ہیں۔

ہمیں اپنے رویے اور سوچوں کو بدلنا ہو گا۔ مشکل حالات میں مثبت سوچ اپنانے سے حالات آسان نہیں ہو جاتے لیکن مشکل حالات سے ملنے والی تکلیف (Misery) کم ہوجاتی ہے۔ اگر آپ کے مسائل آپ کو بڑے خواب دیکھنے سے محروم کر رہے ہیں تو پھر آپ نے ابھی تک خواب دیکھے ہی نہیں۔ مایوسی، نا امیدی اور مشکل حالات میں مثبت سوچ اور امید کی شمع روشن رکھنے والے امن کے پیامبر ہیں۔

ایسے لوگوں اور حالات سے نبردآزما ہونے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ آپ اپنی توانائی کو مثبت انداز میں استعمال کریں۔ اپنے کردار کو اتنا بلند کر لیں کہ آپ کو منفی لوگوں کی سوچ، باتوں اور طعنوں کا اثر نہ ہو۔ آپ کو خود کو مضبوط کرنا ہو گا اور ایسے لوگ آپ کا بار بار امتحان لیں گے۔ اپنے کردار کی تعمیر اور بلندی کے لئے کوشاں رہیں۔ انسان اپنی سوچ کا عکس ہوتا ہے۔ اتنے قد آور اور تنا آور بن جاؤ کہ تمہاری چھاؤں اور سایہ دشمن کے احاطے میں بھی جائے۔

اگر وہ تمہیں کاٹیں تو بھی سائے سے محروم نہ ہوں کیونکہ دنیا میں جس نے اپنی سوچ کو بدل لیا اس نے اپنی دنیا بدل لی۔ ابھی تو خود کو ہی بدلنا ہوگا دنیا کو بدلنے میں دیر لگے گی اور وقت غنیمت ہے۔ یہ حقیقت ہے کہ زندگی بدلنے کے لئے وقت لگتا ہے لیکن زندگی بدلنے کا فیصلہ چند لمحوں میں ہو جاتا ہے۔ مثبت سوچ ان لمحوں کو یادگار لمحہ بنا دیتی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).