راپھیل لڑاکو بیمان: آئی ایس آئی نے بھارت کے خلاف ساجش کر دی


ہم نے حال ہی میں ایک نہایت خفیہ بھارتی خط کتابت پڑھی ہے جو پردھان منتری نریند مودی جی اور نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر اجیت ڈول کے درمیان ہوئی ہے۔ہم نے سوچا کہ آپ کو بھی یہ خفیہ تحریر پڑھا دی جائے۔ لیکن قسم ہے آپ کو، آگے فارورڈ نہیں کرنی اور دیکھ کر ڈیلیٹ کر دینی ہے تاکہ ”را“ والوں کو پتہ نہ چلے کہ ہم پر اس کی کارکردگی عیاں ہو گئی ہے۔ اس خط کے مصنف نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر اجیت ڈول ہیں۔

اجیت ڈول کا پتر

پردھان منتری جی

آئی ایس آئی والے بہت بڑے راکھشس ہیں، ہمیں نہ سکھ کا سانس لینے دیتے ہیں نہ چین کی نیند سونے دیتے ہیں۔ کبھی ہمارے مہان بھارت کے خلاف آتنک وادی کبوتر بھیج دیتے ہیں کبھی ہمارے چاولوں کی پیداوار کم کر دیتے ہیں۔ چار برس پیچھے بنگالے میں کچھ گھوٹالا کیا اور مون سون غائب ہو گئی۔ ایسا سوکھا پڑا کہ دیش دانے دانے کو ترس گیا۔ اس برس مون سون کو ایسا ڈھیلا کیا کہ چار برس کا سب پانی اکٹھا گرا اور سب کچھ بہ گیا۔ اکھا ممبئی کا مالدیپ بن گیا۔ ایک طرپھ اندھیری کا دیپ تھا تو دوجی طرپھ چوپاٹی کا۔ بالی ووڈ کی ساری مہیلاؤں کا میک اپ دھل گیا اور وہ اپسرا نہیں چڑیلیں دکھنے لگیں اور اجے دیوگن اور رنویر سنگھ جیسے نائیک بلوان کی بجائے راکشس بن گئے۔ بالی ووڈ کو تالا مارنا پڑا جس سے دیش کو ہجاروں کروڑ کا نقصان ہوا۔

ہمیں ہمارے جاسوس نے رپورٹ بھیجی ہے کہ آئی ایس آئی کو چل گیا تھا کہ بھارت کو لڑاکو بیمان بیچنے کا گھوٹالا چل رہا ہے۔ پھر آئی ایس آئی کے ایجنٹ ویگیانک اور انجینئیر بن کر فرانس میں گھس گئے۔ انہوں نے لڑاکو بیمان کا نام راپھیل رکھوا دیا۔ فرانس والوں کو بتایا کہ اس کا مطلب ہے ہوا کا جھونکا۔ یعنی بیمان یوں جھپٹا اور ووں غائب ہو گیا۔ فرانسیسی ہمارے مہان دیش کے متر ہیں مگر آئی ایس آئی کا چتر نہ سمجھ پائے۔ یہ نام رکھ دیا۔

ہمارا منتری منڈالا اور مہان وایو سینا بھی یہی سمجھتے رہے کہ راپھیل فرانسیسی جبان کا شبد ہے اور یہ بیمان خرید کر دیش میں لے آئے۔ وہ تو جب سدا کی جاگروک را نے ایک کبوتر پکڑا جسے آئی ایس آئی نے بھیجا تھا، تو  اس کے پنجے سے بوتل میں سندیسا بندھا ملا۔  پھر پتہ چلا کہ کبوتر کے علاوہ راپھیل بھی بھارت کے خلاف آئی ایس آئی کی ساجش ہے۔ اس سندیسے میں لکھا تھا ”را، پھیل ہو گئی؟ پھر؟ اب بھارت سرکار کے پیسے سے سارا بھارتی میڈیا ہماری بولی بول رہا ہے کہ ’را! پھیل! را! پھیل!‘ تو کیسا لگ رہا ہے مترو اور سجنو؟“

یہ بیمان جب بھی اڑتا ہے، جب بھی گزرتا ہے، جب بھی گرتا ہے، جب بھی میڈیا پر آتا ہے، جب بھی اخبار میں چھپتا ہے تو ساری جنتا سنتی ہے اور بولتی ہے ”را! پھیل! را! پھیل!“ ۔ پردھان منتری جی، یہ آئی ایس آئی کی بھیانک ساجش ہے۔ ہماری را کی عجت دو کوڑی کی نہیں رہی۔ پھیل تو ہم سو بار ہوئے ہیں مگر اس طرح دیش میں ہی ہمارا منہ یوں کالا کبھی نہیں ہوا ہے۔ کرپا کریں اور کوئی چکر چلا کر اس بیمان کا سودا کھتم کریں۔ ورنہ ہم تو کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے۔

آپ کا سیوک
اجیت ڈول
راشٹریہ سرکھشا صلاح کار

پردھان منتری کریالے سے جواب

اجیت ڈول جی

میں نے آپ کا پتر پڑھا اور میں آپ کی گمبھیر چنتا میں شامل ہوں۔ آئی ایس آئی اپنی چتر کاری سے باج نہیں آ رہی۔ اس کا کوئی اپائے کریں۔ چینی بیمان کا نام بدلوا کر ایسا کریں کہ آئی ایس آئی کے ساتھ بھی ویسا ہی ہو جو آپ کے ساتھ ہوا ہے۔ ابھی ہم نے منتری منڈالے کی بیٹھک کی ہے اور یہ پھیسلا کیا ہے کہ کوئی کرن نکال کر سودا منسوکھ کریں۔ ہم راپھیل کمپنی پر یہ آروپ لگا رہے ہیں کہ اس نے وعدہ پورا نہیں کیا اور ہمیں راپھیل کی پرادیوگیجی نہیں دی۔

اب ہم سکھوئی بیمان لینے لگے ہیں۔ پتہ کروا لیں کہ اس شبد کا کیا ارتھ ہے۔ کہیں آئی ایس آئی پھر ہاتھ نہ کر جائے اور پھر دیش بھر میں جے جے کارے نہ گونجنے لگیں ”را پھیل را پھیل“ اور آئی ایس آئی والے سیما کے پرلی طرف پیٹ پکڑ کر ہنس رہے ہوں کہ کیسا مورکھ بنایا انہیں ان ہی کے خرچے پر۔

جے ہند
نریندر دامودھر مودی
پردھان منتری

عدنان خان کاکڑ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

عدنان خان کاکڑ

عدنان خان کاکڑ سنجیدہ طنز لکھنا پسند کرتے ہیں۔ کبھی کبھار مزاح پر بھی ہاتھ صاف کر جاتے ہیں۔ شاذ و نادر کوئی ایسی تحریر بھی لکھ جاتے ہیں جس میں ان کے الفاظ کا وہی مطلب ہوتا ہے جو پہلی نظر میں دکھائی دے رہا ہوتا ہے۔ Telegram: https://t.me/adnanwk2 Twitter: @adnanwk

adnan-khan-kakar has 1541 posts and counting.See all posts by adnan-khan-kakar