کورونا وائرس: سماجی دوری کے ضابطوں کے ساتھ عمرہ بحال، پہلے مرحلے میں روزانہ 6000 افراد کو عمرہ کرنے کی اجازت


کورونا، عمرہ، سعودی عرب

عمرے کی بحالی کے پہلے مرحلے میں یومیہ چھ ہزار افراد عمرہ ادا کر سکیں گے

سعودی عرب کی جانب سے عمرے پر عائد کردہ پابندی اٹھائے جانے کے بعد عبادت گزاروں نے اتوار کو مکہ میں عمرہ ادا کیا۔

یاد رہے کہ گذشتہ سات ماہ سے کورونا وائرس کے باعث عمرہ تعطل کا شکار تھا۔

تاہم اب حکومت نے سعودی شہریوں اور وہاں مقیم افراد کو عمرہ کی ادائیگی کی اجازت دے دی ہے۔

غیر ملکی افراد کے لیے تاحال یہ پابندی برقرار ہے۔

عرب نیوز نے سعودی وزارتِ حج و عمرہ کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ 27 ستمبر سے ایک اکتوبر کے درمیان عمرے کے لیے ایک لاکھ آٹھ ہزار 41 اجازت نامے جاری کیے گئے ہیں جن میں سے 42 ہزار 873 اجازت نامے سعودی شہریوں جبکہ 65 ہزار 168 اجازت نامے غیر ملکی باشندوں کو دیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

سعودی عرب کو حج سے کتنی آمدن ہوتی ہے؟

حج 2020: ’کوئی کام نہیں، کوئی تنخواہ نہیں، کچھ بھی نہیں‘

سعودی روٹ کی ’بندش‘: پاکستانی اور خلیجی فضائی کمپنیوں کے لیے مشکل وقت

دنیا بھر سے سعودی عرب آنے والے مسلمان زائرین عمرہ سال کے کسی بھی حصے میں ادا کر سکتے ہیں جبکہ فریضہ حج صرف اسلامی کلینڈر کے مہینے ذی الحج میں ہی ادا کیا جا سکتا ہے۔

ہر سال اسی لاکھ کے قریب افراد عمرہ کے لیے سعودی عرب کا سفر کرتے ہیں۔

سعودی حکومت کے مطابق عمرے کی بحالی تین مرحلوں میں کی جا رہی ہے اور پہلے مرحلے میں روزانہ 6000 افراد کو عمرہ ادا کرنے کی اجازت دی جائے گی۔

کورونا، عمرہ، سعودی عرب

تین اکتوبر 2020 کو زائرین سماجی دوری اختیار کرتے ہوئے عمرہ ادا کر رہے ہیں

دوسرے مرحلے میں یومیہ 15 ہزار زائرین عمرہ جبکہ 40 ہزار افراد نماز ادا کر سکیں گے جبکہ انھیں صرف ایپ کے ذریعے بُک کروائے گئے وقت پر ہی مسجد میں داخلے کی اجازت دی جائے گی۔

تیسرا مرحلہ نومبر میں شروع ہوگا جس کے تحت ہر روز 20 ہزار افراد بشمول بیرونِ ملک سے آنے والے افراد عمرہ ادا کر سکیں گے۔

ہر سال 20 لاکھ کے قریب افراد حج ادا کرتے ہیں۔

ابتدا میں یہ خبریں عام ہوئی تھیں کہ رواں سال حج موقوف کر دیا جائے گا تاہم رواں سال کورونا وائرس کے پیشِ نظر صرف ایک ہزار لوگوں کو حج ادا کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔

کورونا، عمرہ، سعودی عرب

مکہ میں مسجد الحرام کا چار اکتوبر کو لیا گیا فضائی منظر

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32299 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp