کپل شرما شو میں ارنب گوسوامی کے جملے ’مجھے ڈرگ دو‘ کی گونج اور سوشل میڈیا صارفین کا ردعمل


انڈیا میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ’بائیکاٹ کپل شرما شو‘ ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہے اور مبینہ طور پر اس ٹرینڈ کو چلانے میں انڈیا کے معروف نیوز اینکر ارنب گوسوامی اور ادارکار سوشانت سنگھ راجپوت کے حامی شامل ہیں۔

معروف کامیڈی شو کے میزبان کپل شرما انڈیا کی ان چند شخصیات میں شامل ہیں جو اکثر کسی نہ کسی بہانے سوشل میڈیا کی زینت بنتے اور ٹرینڈ کرتے نظر آتے رہتے ہیں۔

دوسری جانب اینکر پرسن ارنب گوسوامی بھی اپنے متنازع بیانات اور بلند بانگ آواز کی بدولت تنقید کی زد میں رہتے ہیں اور اس کی ایک بڑی وجہ ان کے مداحواں اور ناقدین کی ان کی شخصیت میں بہت زیادہ دلچسپی بھی ہے۔

ہوا کچھ یوں ہے کہ چند روز پہلے ہی کامیڈی شو ‘دی کپل شرما شو’ کی نئی اقساط ریلیز ہوئی ہیں، کورونا کی وبا کے دوران شو کی نئی قسطوں کی ریکارڈنگ بند تھی۔ حالیہ نشر ہونے والے پروگرام کے ایک سیگمنٹ میں کیکو شردا اور کرشنا ابھیشیک نامی کردار پرفارم کرتے نظر آتے ہیں اور یہی وہ سیگمنٹ ہے جو چند سوشل میڈیا صارفین کو ایک آنکھ نہ بھایا۔

یہ بھی پڑھیے

یس ارنب، بٹ ارنب!

ارنب گوسوامی پر سوشل میڈیا میں پھر بحث

ارنب گوسوامی اور کنال کامرا کا دوران پرواز ٹاکرا

یہ دونوں کردار ایک پیروڈی خاکے میں نظر آتے ہیں جس میں ریپبلک ٹی وی کے ایڈیٹر ارنب گوسوامی کا بہروپ بھرا جاتا ہے۔

یہ کردار گوسوامی کے سے انداز میں سلمان خان سے بالی وڈ کے مبینہ منشیات کے گٹھ جوڑ، اور ان (گوسوامی) کی وائرل ہونے والے ‘مجھے ڈرگس ڈو’ والا جملہ بولتے ہیں۔ یاد رہے کہ سلمان خان ’دی کپل شرما شو‘ کے پروڈیوسر ہیں۔

پوددار بوبئی نامی ایک صارف نے ’بائیکاٹ کپل شرما شو‘ کے ہیش ٹیگ کے ساتھ کپل شرما کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا: ’ارنب گوسوامی کو ان لوگوں (کرداروں) کے ذریعے ٹرول کیا جا رہا ہے کیونکہ یہ شو (کپل شرما شو) سلمان خان چلاتے ہیں اور ارنب گوسوامی بالی وڈ مافیا سے منسلک سارے منشیات لینے والوں کا پردہ فاش کر رہے ہیں اور وہ (سلمان خان) بالی وڈ مافیا کے سردار ہیں۔‘

https://twitter.com/poddar_bubai/status/1312935606532468736

اس کے ساتھ انھوں نے ’ایس ایس آر واریئرز‘ کے ہیش ٹیگ کا بھی استعمال کیا ہے جس سے یہ اندازہ ہوتا ہے کہ بالی وڈ میں اداکار سوشانت سنگھ کی موت کے بعد ارنب گوسوامی نے جو علم بلند کیا تھا وہ اس کے حامی ہیں۔

مانسی نامی ایک صارف نے سونی ٹی وی، کپل شرما اور کیکو شردا کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا: ’شرم کرو، تم سب نے عوام کو اپنا اصل چہرہ دکھا دیا۔ تم لوگ اور تمہارے مالک سلمان خان (پروڈیوسر) کھلے عام منشیات گینگ کا دفاع کر رہے ہو۔ دل سوز!!! مضحکہ خیز!!!‘

https://twitter.com/Mansiiii__/status/1312969595028791296

ڈاکٹر گوتم گھوش نامی صارف نے لکھا: ’کپل شرما شو نے اس بات کا جواب دے دیا جو یہ قوم جاننا چاہتی ہے۔ زندہ دل کپل شرما اور آپ کا شو بہت مزیدار تھا۔ مزید شوز کا انتظار رہے گا۔‘

https://twitter.com/DrGautamGhosh_/status/1312890343340335106

خیال رہے کہ ارنب گوسوامی اپنے پروگرام میں ہمیشہ سوال کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’دی نیشن وانٹس ٹو نو‘ یعنی یہ ملک اور قوم جاننا چاہتی ہے۔ یہ اشارہ اسی جانب تھا۔

یہ چند مثالیں تھیں جس سے کہیں نہ کہیں یہ بات سامنے آتی ہے کہ اس میں ارنب گوسوامی کے پرانے شو کی گونج ہے جس میں انھوں نے بالی وڈ میں منشیات پر بات کرتے ہوئے سلمان خان کو نام لے کر للکارا تھا کہ ’کہاں ہے سلمان خان؟‘

گذشتہ روز یعنی اتوار کو کپل شرما شو پرائم ٹائم پر پیش کیا گیا جس میں کپل شرما نے کانگریس رہنما اور سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کا انداز اپنا رکھا تھا ان کے علاوہ اس شو کے معروف کردار بچہ یادو یعنی کیکو شردا بظاہر ارنب گوسوامی کے روپ میں سٹوڈیو سجا کر بیٹھے تھے اور انھوں نے اپنے چینل کا نام ’ردی نیوز‘ رکھا ہے۔

اس شو میں اداکار منوج واجپئی اور فلم ساز انوبھو سنہا بھی شامل تھے جبکہ سٹیج پر سجے سٹوڈیو کے پس پشت شوکا نام ’بال کی کھال، آؤ بھینس کریں‘ یعنی بحث کریں تھا۔ اور کورونا کی وجہ سے ارچنا پورن سنگھ تمام حاضرین کی جانب سے تنہا ہنسنے کے لیے ہال میں موجود تھیں۔

https://www.instagram.com/p/CF6xfyWK48v/

جس طرح ارنب گوسوامی پر الزمات لگتے رہتے ہیں وہ اپنے شو میں کسی کو بولنے نہیں دیتے اسی طرح اس شو میں کیکو مہمان کو بولنے نہیں دیتے اور اس کی شکایت پرومو والے کلپ میں منوج واجپئی یہ کہتے سنے جاتے ہیں: ’میں بولنا چاہتا ہوں، آپ بات نہیں کرنے دے رہے ہیں مجھے۔‘

ارنب گوسوامی اداکار سوشانت سنگھ راجپوت پر مستقل پروگرام کرتے رہے اور اس حوالے سے بالی وڈ میں منشیات کے چلن کے خوب پرزے اڑے۔ ایک مباحثے میں ارنب بالی وڈ میں منشیات کی لت پر چیخ چیخ کر کہتے ہیں ’مجھے ڈرگ دو‘ اس کا مذاق اڑاتے ہوئے کیکو نے کہا ہے ’مجھے جگ دو‘ اور پھر کپل شرما ان پر پانی بھرا جگ الٹ دیتے ہیں۔

اس شو کے بارے میں ٹویٹ کرتے ہوئے بعض لوگوں نے لکھا ہے کہ ’ارنب گوسوامی کے حامیان بڑے صدمے میں ہوں گے کہ ان کے اینکر کو کس طرح دھویا گیا ہے۔‘

بعض نے لکھا ہے کہ ’یہ ارنب کو سلمان خان کا جواب تھا۔‘ کسی نے اسے ’ٹی آر پی کے لیے بھونڈا جواب‘ کہا ہے تو کسی نے اسے برملا جواب کہا ہے۔ بہت سے صارفین یہ کہتے نظر آئے کہ اس کے ذریعے سوشانت سنگھ راجپوت کی موت کا اور ان کے فینز کا مذاق اڑایا گیا ہے۔

https://twitter.com/OfficialArnab3/status/1312095406747074561

ارنب آفیشل 3 نامی ٹوئٹر ہینڈل نے لکھا: ’وہ ارنب کا مذا‍ق اڑا رہے ہیں کیونکہ انھوں نے سوشانت کے لیے آواز اٹھائی۔ کپل شرما کا شو سلمان خان کا سپانسر کردہ ہے۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32296 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp