قومی ٹی ٹوئنٹی کپ: شاہین شاہ آفریدی کی ایک مرتبہ پھر پانچ وکٹیں، اس برس ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بن گئے


تینوں فارمیٹس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی وہ پہلے پاکستانی بولر بن گئے ہیں جنھوں نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں چار مرتبہ میچ میں پانچ وکٹیں حاصل کی ہیں۔

ساتھ ہی انھوں نے اس سال سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولرز کی فہرست میں افغانستان کے لیگ سپنر راشد خان کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

شاہین آفریدی آج کل قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں خیبرپختونخوا کی نمائندگی کر رہے ہیں اور گذشتہ شب سندھ کے خلاف میچ میں صرف 21 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کر کے انھوں نے یہ اعزاز حاصل کیا۔

اس ٹورنامنٹ کے تین میچوں میں انھوں نے دوسری مرتبہ پانچ وکٹیں حاصل کی ہیں۔ اس سے قبل انھوں نے بلوچستان کے خلاف میچ میں 20 رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

عبداللہ شفیق: ’دو وکٹیں جلد گرنے پر بیٹنگ کے لیے آیا تو بہت نروس تھا‘

حیدرعلی: ’یہ سپیشل ٹیلنٹ معلوم ہوتا ہے‘

’کرکٹ ہی میرا پہلا پیار ہے‘

عمران خان سے ملاقات: مصباح الحق، اظہر علی اور محمد حفیظ مایوس لوٹے

شاہین شاہ آفریدی اب ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں پانچ وکٹیں لینے والے بولرز کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ اس فہرست میں سری لنکا کے فاسٹ بولر لستھ مالنگا کا پہلا نمبر ہے جنھوں نے اب تک پانچ مرتبہ ایک میچ میں پانچ وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔

https://twitter.com/TheRealPCB/status/1313096136018755584?s=20

تاہم لستھ مالنگا نے 295 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل رکھے ہیں جبکہ دوسری جانب شاہین شاہ آفریدی نے اب تک صرف 56 میچ کھیلے ہیں۔

شاہین شاہ آفریدی کے علاوہ شکیب الحسن اور ڈیوڈ ویزا بھی چار چار مرتبہ ٹی ٹوئنٹی میچ میں پانچ وکٹیں لے چکے ہیں۔

شاہین شاہ آفریدی کو پانچ وکٹیں لینے کی عادت

پاکستان کے اس ٹی ٹوئنٹی کپ سے قبل شاہین نے انگلینڈ کے وائٹلٹی بلاسٹ میں ہیمپشائر کاؤنٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے مڈل سیکس کے خلاف صرف 19 رنز دے کر چھ وکٹیں حاصل کی تھیں۔ جو اب تک ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں نہ صرف ان کی بلکہ ہیمپشائر کاؤنٹی کی بہترین انفرادی بولنگ ہے۔

اس میچ میں انھوں نے چار گیندوں پر چار وکٹیں حاصل کی تھیں۔ وہ دنیا کے ان سات بولرز میں سے ایک ہیں جنھوں نے ٹی ٹوئنٹی میں چار گیندوں پر چار وکٹیں حاصل کی ہیں۔

شاہین شاہ آفریدی اس سال ٹی ٹوئنٹی میچوں میں ابت ک 36 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ ان کا مقابلہ افغانستان کے سپنر راشد خان سے ہے جو 33 وکٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ راشد خان اس وقت آئی پی ایل میں سن رائزرز حیدرآباد کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

فرسٹ کلاس کرکٹ کا شاندار آغاز اور پی ایس ایل

شاہین شاہ آفریدی نے ستمبر 2017 میں اپنے فرسٹ کلاس کریئر کا آغاز انتہائی شاندار انداز میں کرتے ہوئے کے آر ایل کی طرف سے راولپنڈی کی دوسری اننگز میں صرف 49 رنز دے کر آٹھ وکٹیں حاصل کر ڈالی تھیں جو کسی بھی بولر کا اس کے اولین فرسٹ کلاس میچ میں بہترین انفرادی بولنگ کا ریکارڈ ہے۔

شاہین آفریدی نے اس کے بعد پلٹ کر نہیں دیکھا۔ 2018 میں نیوزی لینڈ میں منعقدہ انڈر 19 ورلڈکپ میں وہ مجموعی طور پر 12 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے تھے جس میں آئرلینڈ کے خلاف میچ میں چھ وکٹوں کی متاثر کن کارکردگی بھی شامل تھی۔

ان کے ٹیلنٹ کو دیکھ کر بھارتی انڈر 19 ٹیم کے کوچ راہل ڈراوڈ نے کہا تھا کہ انھیں انٹرنیشنل کرکٹ میں آنے میں دیر نہیں لگے گی۔

شاہین آفریدی کو تیسری پی ایس ایل میں لاہور قلندرز نے ایمرجنگ کیٹگری میں حاصل کیا تھا۔ کراچی کنگز کی ٹیم وہ وقت کبھی نہیں بھولے گی جب شاہین آفریدی نے صرف چار رنز کے عوض پانچ وکٹوں کی زبردست کارکردگی سے ان کی بیٹنگ لائن کو تتر بتر کردیا تھا۔

شاہین آفریدی پر انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے کھلے تو وہ وہاں بھی نمایاں نظر آئے۔ سری لنکا کے خلاف کراچی ٹیسٹ میں انھوں نے 77 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔

اسی طرح گذشتہ برس ورلڈ کپ میں انھوں نے بنگلہ دیش کے خلاف لارڈز کے میدان میں 35 رنز دے کر چھ وکٹیں حاصل کیں جو ورلڈکپ مقابلوں میں کسی بھی پاکستانی بولر کی سب سے بہترین بولنگ ہے۔

شاہین آفریدی کا کہنا ہے کہ وہ خود کو صرف محدود اوورز کی کرکٹ تک محدود رکھنا نہیں چاہتے بلکہ ٹیسٹ کرکٹ کو زیادہ اہمیت دینا چاہتے ہیں اس کے لیے ان کی بھرپور توجہ فٹنس پر ہے۔

شاہین آفریدی نے اپنے کریئر میں جنوبی افریقہ، آسٹریلیا اور انگلینڈ کی مشکل کنڈیشنز میں ٹیسٹ کرکٹ کھیلی ہے اور اس سال کے اواخر میں انھیں نیوزی لینڈ میں ایک اور سخت چیلنج سے نمٹنا ہے جس میں تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کے علاوہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز بھی شامل ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp