روسی الیکشن: صفائی کرنے والی خاتون مرینا اڈگوڈسکایا جنھوں نے صدر پوتن کے امیدوار کو میئر کے انتخاب میں ہرا دیا


Marina Udgodskaya

Yevgeny Zhuravlev / BBC
مرینا کا بلدیاتی الیکشن میں بطور امیدوار حصہ لینے کا مقصد صرف امیدواروں کی تعداد کو پورا کرنا تھا کیونکہ روسی انتخابی قوانین کے مطابق کسی بھی انتخاب کے لیے دو امیدواروں کا مدمقابل ہونا ضروری ہے۔

کچھ عرصہ پہلے تک، مرینا اڈگوڈسکایا، ماسکو کے شمال مشرق میں تقریباً 400 کلومیٹر دور روس کے ایک چھوٹے سے گاؤں پوالخیینو میں ایک مقامی اتھارٹی کے دفتر میں صفائی کا کام کرتی تھیں۔

ان کی زندگی اس وقت یکسر تبدیل ہو گئی جب انھیں روس کے بلدیاتی انتخابات میں بطور ’ٹیکنیکل امیدوار‘ الیکشن لڑنے کا کہا گیا تاکہ ان انتخابات میں جمہوری عنصر دکھائی دے سکے۔

واضح رہے کے روسی انتخابات میں ’ٹیکنیکل امیدوار‘ اسے کہتے ہیں جو اپنے حریف کے مخالف محض خانہ پری کے لیے انتخابات میں حصہ لے۔

ان کا بلدیاتی انتخاب میں بطور امیدوار حصہ لینے کا مقصد صرف امیدواروں کی تعداد کو پورا کرنا تھا کیونکہ روسی انتخابی قوانین کے مطابق کسی بھی انتخاب کے لیے دو امیدواروں کا مدمقابل ہونا ضروری ہے۔

مگر وہ اس انتخاب میں بھاری اکثریت سے جیت گئی اور وہ اس چھوٹے سے ضلع کے معاملات دیکھیں گی۔

بی بی سی ریشیئن کے پیٹر کوزلو نے یہ جاننے کے لیے اس چھوٹے سے قصبے پوالخیینو کا دورہ کیا کہ مرینا کا صفائی کا کام کرنے سے میئر کے دفتر کے امور انجام دینے تک کے سفر کا تجربہ کیسا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

وہ شخص جس نے پوتن کی صدر بننے میں مدد کی

کیا وبا کے دوران ولادیمیر پوتن کی روس پر گرفت کمزور پڑ رہی ہے؟

کچھ لوگوں کے لیے اقتدار چھوڑنا مشکل کیوں ہوتا ہے

پوتن کا ’بیٹیوں‘ سے متعلق سوالات کے جواب سے گریز

Marina Udgodskaya approaches the office

Yevgeny Zhuravlev / BBC
مرینا برسوں اس میئر کے دفتر کی عمارت میں صفائی کا کام کرتی رہی ہیں مگر اب وہ پہلی مرتبہ اس عمارت میں ایک سربراہ کی حیثیت سے آتی ہیں

پوالخیینو کا گاؤں واقعی سیاسی تبدیلی کا مرکز دکھائی نہیں دیتا ہے۔ یہ کوسروما خطے کے آباد کاروں کا ایک چھوٹا سا مرکز ہے جہاں چند لوگ آباد ہیں۔

یہاں کے چند لوگ لکڑی کی صنعت سے وابستہ ہیں، کچھ کاشتکاری سے جبکہ چند قریبی چکلوما جھیل پر سیاحت سے روزگار کماتے ہیں۔ یہ علاقہ بہت دیہی اور پرسکون ہے۔ وہاں موبائل سگنل بھی پوری طرح نہیں آتے۔

پھر بھی یہ وہ جگہ ہے جہاں مقامی آبادی نے غیر متوقع طور پر ایک عورت کو ووٹ دے کر میئر بنایا ہے۔ اور انھوں نے صرف اس لیے اس انتخاب میں حصہ لیا کیونکہ انھیں ان کے سبکدوش ہونے والے میئر نے محض خانہ پوری کے لیے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروانے کا کہا تھا۔

مرینا نے سیلز اسسٹنٹ کی تربیت حاصل کر رکھی تھی لیکن انھیں اپنے گاؤں میں اس سے متعلق کوئی ملازمت نہیں ملی کیونکہ اس چھوٹے سے گاؤں میں صرف دو ہی دکانیں ہیں۔

مرینا نے اپنی پڑھائی مکمل کرنے کے بعد سے اپنے کنبے کے ساتھ ساتھ اپنے گھر، باغ اور مویشیوں کی بھی دیکھ بھال کی ہے، ان کے پاس بطخیں، مرغیاں، خرگوش، کتے اور بلیاں ہیں۔

Ducks and geese

Yevgeny Zhuravlev / BBC
مرینا کے پاس اب اپنے مویشیوں کی دیکھ بھال کرنے کا بہتر موقع ہے

انھوں نے مقامی بلدیاتی دفتر میں موسم گرما میں بطور صفائی کرنے والی کے بھی کام کیا ہے جبکہ موسم سرما میں لکڑیاں جلانے والے کی حیثیت سے بھی کام کیا ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ میئر کے دفتر کو گرم رکھنے کا نظام صحیح طور پر کام کرتا رہے۔

اس گاؤں میں گیس میسر نہیں ہے اور مقامی آبادی سردیوں میں اپنے گھروں کو گرم رکھنے کے لیے لکڑیاں جلا کر استعمال کرتی ہے۔

ان کی بطور میئر الیکشن میں فتح سبکدوش ہونے والے میئر کے لیے ایک صدمے سے کم نہیں تھی کیونکہ انھوں نے ہی مرینا کو اس انتخاب میں حصہ لینے کے لیے اپنا مخالف امیدوار نامزد کیا تھا۔

یہ فتح مرینا کے لیے بھی حیران کن تھی کیونکہ اس انتخاب میں انھوں نے کوئی انتخابی مہم نہیں چلائی تھی اور انھیں اپنی جیت کی توقع بھی نہیں تھی۔

مرینا کی غیر یقینی فتح کی خبر جلد ہی پورہے روس میں پھیل گئی اور یہ ملک کے سیاسی حلقوں اور عوام کے لیے بھی حیران کن خبر تھی کہ مرینا ایک مقبول بلدیاتی نمائندے کے طور پر منتخب ہو کر سامنے آئی ہیں۔

روس کی حزب اختلاف کی جماعت کے رہنما ڈمتری گوڈکو نے اپنے بلاگ میں مرینا کو ان کی فتح پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ اس بات کا اشارہ ہے کہ ووٹرز صدر پوتن کی پارٹی سے اکتا چکے ہیں۔

حادثاتی امیدوار

Ex-mayor Nikolai Loktev

Yevgeny Zhuravlev / BBC
صدر پوتن کی حمایت یافتہ سبکدوش ہونے والے میئر نیکولائی لوکتیف کا کہنا ہے کہ انھیں شکست پر کوئی دکھ نہیں ہیں اگرچہ وہ پریشان دکھائی دیتے ہیں

وقت کی ستم ظریفی یہ ہے کہ سکبدوش ہونے والے میئر 53 سالہ نیکولائی لوکتیف، نے ستمبر میں دوبارہ انتخاب لڑنے کے لیے قانونی تقاضے کو پورا کرنے کے لیے مرینہ کو اپنا مخالف منتخب کیا تھا۔

سابق پولیس اہلکار لوکتیف اس دیہی ضلع کے گذشتہ پانچ برس سے میئر تھے۔ انھیں ضلع میں عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اور ان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ انھوں نے بطور میئر یہاں کے معاملات احسن طریقے سے انجام دیے ہیں۔

انھوں نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’جی میں نے ہی مرینا کو انتخاب لڑنے کا کہا تھا۔ درحقیقت میں نے چند اور لوگوں کو بھی کہا تھا لیکن انھوں نے انکار کر دیا، اگر میرے پاس کوئی اور چارہ ہوتا تو میں اسے کبھی نہ کہتا۔ لیکن مجھے ان کی جیت سے کوئی حیرانی نہیں ہوئی۔ انھیں بہت مبارکبار اور اگر لوگوں نے انھیں ووٹ دیا ہے تو پھر ٹھیک ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ وہ گاؤں چھوڑ کے قریبی شہر میں جا کر کوئی ملازت ڈھونڈنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ انھوں نے اس شکست کے سیاسی پہلوؤں پر بات کرنے سے گریز کرتے ہوئے انھوں نے اس تاثر کو رد کیا کہ یہ صدر پوتن کی سیاسی جماعت یونائیٹڈ رشیا کی ہار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’نہ میں اور نہ ہی مرینا کسی سیاسی جماعت کا حصہ ہیں۔‘

تاہم انھوں نے یونائیٹڈ ریشا کے نمائندے کے طور پر انتخاب لڑا تھا جو ملک سے سیاسی نظام پر غالب ہے۔

سنڈریلا کی افسانوی کہانی

The BBC's Petr Kozlov holds a microphone towards Marina Udgodskaya with other journalists around

Yevgeny Zhuravlev / BBC
مرینا فتح کے بعد ملک کے میڈیا اور صحافیوں کی توجہ کا مرکز بن چکی ہیں

یہ اکتوبر کی سنہری دھوپ والا ایک دن ہے جب مرینا کو اس چھوٹے کے ضلع کا میئر بنایا گیا۔ انھیں مقامی صحافیوں کے ساتھ ساتھ ماسکو سے آئے چند صحافیوں نے مبارکباد دی اور یہ صحافی انھیں روس کے سیاسی منظر نامہ پر افسانوی کردار سنڈریلا سے تشبیہ دے رہے ہیں۔

وہ تمام گفتگو کے دوران انتہائی تحمل اور اعتماد کے ساتھ صحافیوں کے جواب دیتی رہیں۔ ان کا کہنا تھا ’میں بالکل عام سا محسوس کر رہی ہوں۔ پہلے میں تھوڑی حیران تھی لیکن اب میں ٹھیک ہوں۔ یہ میری میئر بننے کی سند اور اب یہاں تک پہنچ کر اسے انکار کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ کسی نے مجھے اس عہدے کے لیے نہیں اکسایا، یہ میرا فیصلہ تھا، اگر لوگوں نے مجھے منتخب کیا ہے، میں ان کے لیے کام کروں گی۔‘

میئر کا عہدے سنبھالنے کے کچھ ہی دیر بعد وہ مقامی آبادی سے ملنے چلی گئی۔

Marina Udgodskaya (right) and a woman who voted for her

Yevgeny Zhuravlev / BBC
مرینا اپنی ایک حمایتی ووٹر کے ساتھ

گاؤں میں ان کے حمایتیوں کا جوش دیکھ کر یہ واضح ہوتا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ مرینا جلد ہی اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔

ان کی ایک حمایتی ووٹر کا کہنا تھا کہ ’یقیناً میں نے مرینا کو ووٹ دیا ہے، ہم سب کو اس پر اعتماد ہے، وہ عقل مند ہے اور وہ اس ذمہ داری کو کامیابی سے نبھائے گی۔‘

مرینا جلد ہی مقامی رہنماؤں کی ٹریننگ حاصل کریں گی جہاں انھیں مقامی بجٹ اور انتظامی امور کے بارے میں تربیت دی جائے گی۔

گاؤں والے کیا سوچتے ہیں؟

ہم نے پوالخینو گاؤں کا دورہ کیا اور یہ جاننے کی کوشش کی کہ گاؤں والوں کا مرینا کے فتح کے متعلق کیا کہنا ہے۔ ایک مقامی دکان پر ایک بزرگ خاتون سے گفتگو ہوئی تو وہ اتفاقیہ طور پر مرینا کی رشتہ دار نکل آئیں۔

Kozlov holds a microphone towards Udgodskaya's mother-in-law

Yevgeny Zhuravlev / BBC
مرینا کے رشتہ دار خاتون سے بی بی سی کے نامہ نگار گفتگو کر رہے ہیں

ان کا کہنا تھا کہ ’مرینا میری بہو ہے اور میرے خیال میں وہ یہ ذمہ داری اچھے سے پوری کر سکتی ہے، میرے خیال میں اسے یہ کرنا چاہیے۔‘

ایک اور خاتون کا کہنا تھا کہ انھیں مرینا کے جیتنے پر خوشی ہوئی ہے۔

A woman who supports Udgodskaya speaks to the camera

Yevgeny Zhuravlev / BBC
مرینا کے حمایتی ووٹر خاتون

ان کا کہنا تھا کہ ’ہمیں سیاست میں نئے چہروں کو موقع دینے کی ضرورت ہے، یہ اچھا ہے کہ مرینا کے پاس ایک موقع ہے کہ وہ ہمارے گاؤں کے معاملات چلاتے ہوئے کچھ تبدیلی لائے۔‘

جبکہ وہاں قریب ہی موجود میخیل نامی شخص نے بھی مرینا کی فتح پر مثبت ردعمل دیا اور وہ بہتری کے لیے پر امید نظر آئے۔

An Udgodskaya supporter stands by a roadside

Yevgeny Zhuravlev / BBC
میخیل نامی شخص نے بھی مرینا کی فتح پر مثبت ردعمل دیا اور وہ بہتری کے لیے پر امید نظر آئے

ان کا کہنا تھا کہ ’وہ جوان ہیں، سمجھدار ہیں، وہ وقت کے ساتھ سب کچھ سیکھ جائیں گی اور تجربہ حاصل کر لے گی۔‘

لیکن ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سبکدوش ہونے والے میئر ’لوکتیف بھی اچھے آدمی تھے۔‘

جبکہ ایک اور مقامی شخص ایوین کا کہنا تھا کہ ’وقت ہی بتائے گا کہ کیا مثبت تبدیلی آتی ہے۔‘ وہ پرانے میئر سے زیادہ خوش نہیں تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’لوکتیف کو صرف یہ کرنا ہوتا تھا کہ مناسب وقت پر ہمارے گاؤں کی سٹریٹ لائٹس روشن کر دیں لیکن وہ یہ بھی نہیں کر پاتے تھے۔‘

A man talks to a reporter in a boatyard

Yevgeny Zhuravlev / BBC
ایوین نے اس انتخاب میں کسی جماعت کو ووٹ نہیں دیا تھا اور جب اس کی وجہ پوچھی گئی تو ان کا کہنا تھا کہ انھوں نہ 90 کی دہائی کے آغاز میں ایک سیاسی جماعت کی حمایت کی تھی جس نے ووڈکا کی قیمتیں کم کرنے کا وعدہ کیا تھا

ایوین نے اس انتخاب میں کسی جماعت کو ووٹ نہیں دیا تھا اور جب اس کی وجہ پوچھی گئی تو ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے 90 کی دہائی کے آغاز میں ایک سیاسی جماعت کی حمایت کی تھی جس نے ووڈکا کی قیمتیں کم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔

لیکن اب ایوین نے شراب نوشی ترک کر دی ہے اور اب وہ آن لائن ویڈیو بلاگنگ اور کشتیاں تیار کرنے کا شوق رکھتے ہیں۔

صدر پوتن کی پارٹی کے لیے یہ فتح کیا اہمیت رکھتی ہے؟

مرینا کی فتح کے فوراً بعد روس کی حزب اختلاف کی جماعت نے اسے پوتن کی جماعت کی شکست کے طور پر پیش کرنا شروع کر دیا۔

اس خبر کے پورے ملک میں جنگل کی آگ کی طرح پھیلنے کے بعد یقیناً حکمران جماعت کے حمایتیوں کے لیے ایک دھچکا تھی کہ ایک چھوٹے سے ضلع میں صفائی کرنے والی نے ایک میئر کو ایک ایسے الیکشن میں شکست دے دی ہے جس کے لیے انھوں نے کوئی انتخابی مہم بھی نہیں چلائی تھی۔

بی بی سی ریشئن کو علم ہوا ہے کہ اس شکست کے بعد علاقائی دارالحکومت کوسٹروما میں گورنر کی زیر نگرانی اس کے محرکات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے۔

یہ خبر ماسکو میں روس کے مرکزی الیکشن کمیشن میں پہنچی تو اس کے سربراہ کی جانب سے اس پر تبصرہ کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’جی بالکل مرینا نے اس انتخاب میں بطور ’ٹیکنیکل امیدوار‘ حصہ لیا اور اس میں کچھ غلط نہیں ہے۔ ان کے گاؤں والوں نے انھیں ووٹ دے کر کامیاب کروایا اور بطور صفائی کرنے والی کی حیثیت سے وہ بھی اس کی توقع نہیں کر رہی تھیں۔‘

A dog outside a house in a rural Russian village

Yevgeny Zhuravlev / BBC
جبکہ حکمران جماعت یونائیٹڈ رشیا کے سربراہ گالینا پولیاکوا نے بی بی سی کو بتایا کہ ’اس غیر معمولی صورتحال کے باوجود کوئی مشکل پیش نہیں آئے گی۔‘

مرینا کے پاس بھی دیگر چھوٹے اضلاع کی طرح ایک سربراہ ہوں گے، یہ غیر معمولی ضرور ہے لیکن کوئی حادثہ نہیں ہے۔‘

ان کا کہنا ہے کہ ’یونائیٹڈ رشیا کے امیدوار کی شکست میں کوئی بری بات نہیں ہے، لوگ اکثر شخصیت کو ووٹ دیتے ہیں نہ کہ سیاسی پارٹی کو، شاید مرینا ایک اچھی مبلغ ہیں اور ان کے پاس انتظامی امور کو بہتر ادا کرنے کی اہلیت ہے اور سابق میئر شائد یہی سے مار کھا گئے ہیں۔‘

مخالفت کا ووٹ

An office building with a Russian flag flying outside

Yevgeny Zhuravlev / BBC
حزب اختلاف کے رہنما الیکسی نوالنی کا کہنا ہے کہ یونائیٹڈ رشیا کے امیدوار میں مخالفت کا ووٹ ہی ملک میں سیاسی استحکام پیدا کر سکتا اور تبدیلی لا سکتا ہے۔

اگست میں نوالنی کے سائبیرین شہر ٹومسک کے دورے کا مقصد ہی یہ تھا کہ حکومت مخالف ووٹ کو بڑھاوا دیا جائے، یاد رہے کہ اس دورے کے دوران انھیں زہر دیا گیا تھا اور وہ موت سے بال بال بچے تھے۔

انھوں نے روسی صدر پوتن پر انھیں زہر دے کر ہلاک کرنے کی کوشش کا الزام عائد کیا تھا۔

پوالخیینو جیسا دیہی علاقہ شائد الیکسی نوالنی اور ان کی سیاست کی حمایت کرے یا نہ کرے لیکن یہ حقیقت اپنی جگہ موجود ہے کہ اس چھوٹے سے گاؤں نے بھاری اکثریت سے مرینا کی صورت میں نئے چہرے کو سیاست میں موقع دیا ہے۔

Trees surround the buildings in a small Russian village

Yevgeny Zhuravlev / BBC
کیا روس کے دیگر گاؤں اور قصبے اس کو مثال بناتے ہوئے اور اس کے نقش قدم پر چلتے ہوئے موجودہ حکومت کے خلاف تبدیلی لا پائیں گے؟

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32494 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp