امریکی فوج کے ایک اور سینئر افسر میں کرونا وائرس کی تصدیق


امریکہ کی فوج کی جوائنٹس چیف آف اسٹاف میں شامل تمام اعلیٰ فوجی افسران قرنطینہ میں جا چکے ہیں۔ ان میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل مارک ملی بھی شامل ہیں۔ (فائل فوٹو)

امریکہ کی فوج کی میرین کور نے کہا ہے کہ اس کے دوسرے اعلیٰ ترین افسر جنرل گیری تھامس بھی کرونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔ ان کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے۔

خیال رہے کہ جنرل گیری تھامس امریکہ کی فوج کے دوسرے اعلیٰ ترین افسر ہیں جو کہ رواں ہفتے عالمی وبا سے متاثر ہوئے ہیں۔
اب خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں کہ ان دونوں اعلیٰ افسران سے ملاقات کرنے والے پینٹاگون کے دیگر اعلیٰ حکام بھی وائرس سے متاثر ہو سکتے ہیں۔

جنرل گیری تھامس میرین کور کے اسسٹنٹ کمانڈنٹ ہیں۔ ان میں کرونا وائرس کی معمولی علامات ظاہر ہوئی ہیں۔ انہوں نے خود کو اپنے گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔
امریکی فوج کی جوائنٹ چیفس آف اسٹاف میں شامل تمام اعلیٰ فوجی افسران قرنطینہ میں جا چکے ہیں۔ ان میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل مارک ملی بھی شامل ہیں۔

اعلیٰ فوجی افسران اس اجلاس کے بعد قرنطینہ میں گئے ہیں جس میں جنرل گیری تھامس اور کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے کوسٹ گارڈز کے دوسرے اعلیٰ ترین افسر ایڈمرل چارلس رے شریک ہوئے تھے۔ ایڈمرل چارلس رے کا کرونا ٹیسٹ تین دن قبل پیر کو مثبت آیا تھا۔

کرونا وائرس کے باعث قرنطینہ میں جانے والے افسران میں بیشتر اعلیٰ ترین حکام شامل ہیں۔ ان میں نیشنل سیکیورٹی ایجنسی اور سائبر کمانڈ کے سربراہ پاول ناکاسونی سمیت آرمی، نیوی، ائر فورس اور اسپیس فورس کے سربراہان سر فہرست ہیں۔

پینٹاگون کے ترجمان جوناتھن ہوفمین نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مزید کسی بھی اور اعلیٰ افسر کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت نہیں آیا جس کے بارے میں فی الحال آگاہ کیا جائے۔

جوناتھن ہوفمین نے مزید کہا کہ پینٹاگون امریکہ کے سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونشن (سی ڈی سی) کی قرنطینہ کے حوالے سے ہدایات پر عمل کرتا رہے گا۔ جب کہ ایک شخص سے دوسرے کے متاثر ہونے کی بھی نشان دہی کی جاتی رہے گی۔

پینٹاگون کے ترجمان نے مزید کسی بھی قسم کی معلومات جاری نہیں کیں۔ نہ ہی یہ بتایا گیا ہے کہ مزید کسی اور اعلیٰ افسر میں وبا کی علامات ظاہر ہوئی ہیں یا نہیں۔

ممکنہ طور پر ایسی معلومات سامنے آنے پر امریکہ کی نیشنل سیکیورٹی کی اعلیٰ قیادت کے حوالے سے غیر یقینی صورت حال کا سامنا ہو سکتا ہے۔
ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وائٹ ہاؤس اور واشنگٹن میں اعلیٰ حکام کے کرونا وائرس سے متاثر ہونے سے سرکاری امور میں کسی قسم کا خلل واقع نہیں ہو رہا۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa