امریکہ: مشی گن کی گورنر کو اغوا کرنے کے 6 منصوبہ ساز گرفتار


گورنر مشی گن گریچن وٹمر، فائل فوٹو

ایف بی آئی کا کہنا ہے کہ اس نے وسط مغربی ریاست مشی گن کی حکومت کو ختم کرنے اور اس کی گورنر گریچن وٹمر کو برطرف کرنے کے ایک منصوبے کو ناکام بنا دیا ہے۔ یہ منصوبہ تین نومبر کو ہونے والے انتخابات سے پہلے پایہ تکمیل تک پہنچایا جانا تھا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کا کہنا ہے کہ مشی گن کی فیڈرل کورٹ میں ایک سیل بند ابتدائی فرد جرم کو کھولا گیا، جس سے منکشف ہوا کہ اس سلسلے میں چھ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ایک ملیشیا گروپ ول ویرائین واچ مین کے سات ارکان کو بھی اس سازش میں شامل ہونے پر گرفتار کیا گیا ہے۔

ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گرفتار ہونے والے چھ افراد نے مہینوں تک سازش تیار کی اور ملیشیا گروپ کے ارکان کے ساتھ تربیت حاصل کی۔ انہوں نے اگست اور ستمبر میں دو دفعہ ریہرسل بھی کی۔

ایف بی آئی کے مطابق، مبینہ سازش تیار کرنے والوں میں، 37 سالہ ایڈم فاکس، 24 سالہ ٹائے گاربن، 26 سالہ کیلب فرینکس، 23 سالہ ڈینئیل ہیرس اور 32 سالہ برینڈن کاسیٹرا کا تعلق مشی گن سے جب کہ 44 سالہ بیری کرافٹ کا تعلق ریاست ڈیلاویئر سے ہے۔

فیڈرل پولیس کا کہنا ہے کہ ان میں سے چار افراد نے آتشیں اسلحہ اور دیگر ساز و سامان خریدنے کے لئے رقم ادا کی۔

مشی گن کی گورنر کے اغوا کی سازش میں ملوث ملزم، 8 اکتوبر 2020

ایف بی آئی کے مطابق، گرفتار شدگان کا کہنا ہے کہ گورنر وٹمر کے ہاں کوئی چیک اینڈ بیلنس نہیں ہے، اور بقول ان کے، گورنر کے پاس اس وقت بے قابو طاقت اور اختیار ہے، اور اس کا اب خاتمہ ہونا چاہیے تھا۔

جمعرات کے روز، حکام کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس منصوبے کو ناکام بنانے کے لئے، خفیہ ایجنٹ اور مخبروں کو استعمال کیا۔

امریکہ میں کورونا وائرس کی عالمی وبا کے دوران ان کی اپنی ریاست میں لاک ڈاؤن سے متعلق ان کی پالیسیوں کو سخت قرار دیا ہے۔ اس ماہ کے آغاز پر، ریاست مشی گن کی سپریم کورٹ نے لاک ڈاؤن سے متعلق ان کے احکامات کو آئین سے متصادم قرار دیا تھا۔

ایف بی آئی کا کہنا ہے کہ دو مبینہ ملزمان نے دیگر افراد کو اپنے مقصد کے لئے ساتھ جوڑنے پر اتفاق کیا، اور متعدد ریاستی حکومتوں کے خلاف، جن کے بارے میں ان کا خیال تھا کہ وہ امریکی آئین کی خلاف ورزیاں کرتی ہیں، متشدد اقدام اٹھائے۔

ادھر مشی گن کی گورنر گریچن وٹمر نے اس پر اپنے ردعمل میں میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ یہ واقعہ ہر صورت قومی یکجہتی کا لمحہ ہونا چاہیے اور ہم سب کو مل کر اس طاقت سے متحد ہونا چاہیے جس کا مظاہرہ یہ لوگ کر رہے تھے۔ انسانیت کو بچانے کے لیے ہر ایک کو اپنا کردار ادار کرنا ہو گا

گروپ کا ابتدائی منصوبہ یہ تھا کہ وہ کیپیٹل بلڈنگ پر دھاوا بولیں گے اور پھر بعد میں فیصلہ کیا کہ وہ وٹمر کے دوسرے گھر کو بھی نشانہ بنائیں گے۔ ایڈم فاکس نامی ایک ملزم کا کہنا تھا کہ وہ مشی گن کی گورنر پر بغاوت کے الزام میں مقدمہ چلانا چاہتا تھا۔

ایف بی آئی نے اپنے بیان حلفی میں کہا ہے کہ یہ گروپ ایک ایسا معاشرہ تشکیل دینا چاہتے ہیں جو امریکی بیل آف رائٹس کی پیروی کرتا ہو اور جہاں وہ خود کفیل ہو سکیں۔ بیان حلفی میں مزید کہا گیا ہے کہ اس گروپ نے اپنے مقصد کے حصول کے لئے پر امن کاوشوں سے لے کر متشدد اقدامات اختیار کرنے پر غور کیا تھا، اور متعدد ارکان نے ظالموں کو قتل کرنے اور موجودہ گورنر کو اغوا کرنے پر بات چیت کی تھی۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa