شوبز ڈائری: ریا چکرورتی کی والدہ کی دہائی اور بالی ووڈ اداکاروں کی اینکرز پر تنقید


ریا
اداکارہ ریا چکرورتی کی والدہ سندھیا کا کہنا ہے جب ان کے دونوں بچے جیل میں تھے تو نہ انھیں نیند آتی تھی اور نہ ہی بھوک لگتی تھی اور اُن کا کھانا پینا چھوٹ گیا تھا۔

سندھیا چکرورتی کا کہنا ہے کہ وہ اتنی زیادہ مضطرب تھیں کہ ان کے ذہن میں خود کشی کے خیال آنے لگے تھے۔

انڈین روزنامہ ’دی ٹائمز آف انڈیا‘ میں چھپی رپورٹ کے مطابق ریا کی والدہ کا کہنا ہے کہ ان کا خاندان تباہ ہو چکا ہے اور انھیں ہمیشہ یہ خوف لگا رہتا ہے کہ آگے کیا ہو گا؟

سندھیا کا کہنا ہے کہ کئی بار ان کے دل میں اپنی جان لینے کا خیال بھی آیا لیکن ایسے میں وہ اپنے بچوں کے بارے میں سوچتی رہیں جو اس وقت بُرے دور سے گزر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

سُشانت سنگھ کی ’گرل فرینڈ‘ ریا چکرورتی کون ہیں؟

ریا چکرورتی کو منشیات کیس میں مشروط ضمانت مل گئی

’میڈیا ایک لڑکی کو شیطان کے طور پر پیش کر رہا ہے‘

سوشانت کی گرل فرینڈ کا ’میڈیا ٹرائل‘: ’ریا انٹرویو نہیں، تفتیش کی مستحق ہیں‘

انھوں نے کہا ہے کہ جب سے ان کے بچوں کو گرفتار کر کے سلاخوں کے پیچھے رکھا گیا تھا تب سے وہ صحیح طور پر کھانا نہیں کھاتی تھیں اور یہ سوچ کر بستر پر نہیں سو رہی تھیں کہ ان کے بچے جیل میں ہیں۔

بدھ کے روز ممبئی ہائی کورٹ نے ریا کو منشیات سے متعلق الزامات میں ضمانت دی ہے اور ریا ایک ماہ جیل میں گزارنے کے بعد گھر واپس آئی ہیں۔ انھیں ستمبر میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے گرفتار کیا تھا۔

https://twitter.com/FarOutAkhtar/status/1313741897928589313?s=20

ریا کی والدہ کا کہنا ہے کہ وہ نہیں جانتیں کہ ریا پر جو گزر رہی ہے وہ اس سے باہر کیسے نکلیں گی تاہم ان کا کہنا تھا کہ ان کی بیٹی ایک فائٹر ہے اور حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔

ریا کو ایک لاکھ روپے کے ذاتی مچلکے پر ضمانت ملی ہے، تاہم ریا کے بھائی شووک ابھی تک جیل میں ہیں۔

ریا کے وکیل ستیش مان شندے نے ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ریا ایک بہادر لڑکی ہے اور جیل میں جب وہ انھیں ملنے گئے تو انھیں دیکھ کر خوشی ہوئی کہ انھوں نے خود کو جیل کے ماحول میں ڈھال لیا تھا۔

’وہ جیل میں ملنے والا کھانا ہی کھاتی تھیں اور وہاں عام قیدیوں کی طرح رہ رہی تھیں، ریا اپنی ساتھی قیدیوں کے لیے یوگا کی کلاسز کیا کرتی تھیں۔‘

ریا کی رہائی پر بالی وڈ کی کئی شخصیات نے خوشی کا اظہار کیا۔ اداکارہ تاپسی پنوں نے ٹوئٹر پر اپنی پوسٹ میں لکھا ’امید کرتی ہوں کہ ریا کے جیل جانے سے اُن لوگوں کی انا کو سکون ملا ہو گا جنھوں نے سوشانت سنگھ کو انصاف دلوانے کے نام پر اپنے ذاتی اور پروفیشنل ایجنڈے پورے کیے۔‘

’دعا ہے کہ آنے والی زندگی میں ریا کے دل میں کسی طرح کی تلخی پیدا نہ ہو۔‘

ریا

اداکار فرحان اختر نے ٹویٹ کیا ’مجھے نہیں لگتا کہ کہ ٹی وی کے وہ اینکرز جنھوں نے چیخ چیخ کر ریا اور ان کے خاندان کو اس دوزخ میں دھکیلا معافی مانگیں گے۔ ہاں اب آپ انھیں اپنا گول سپاٹ بدلتے دیکھ سکتے ہیں جس کے لیے وہ مشہور ہیں۔‘

جبکہ اداکارہ ہما قریشی نے پوسٹ کیا ’سب کو ریا چکرورتی سے معافی مانگنی چاہیے اور ان لوگوں کے خلاف تحقیقات شروع کی جانی چاہیے جنھوں نے اسے قتل کی سازش کہنا شروع کیا تھا۔ ان لوگوں کو شرم آنی چاہیے جنھوں نے اپنے ایجنڈے کو پورا کرنے کے لیے ایک لڑکی کی زندگی اور اس کے خاندان کو تباہ کر دیا۔‘

https://twitter.com/taapsee/status/1313752913072668672?s=24

ادھر اداکارہ رچا چڈھا اور پائل گھوش کے درمیان تنازع ختم ہوتے ہوتے اس میں ایک نیا موڑ آ گیا ہے۔ ستمبر میں ریچا چڈھا نے اداکار پائل گھوش کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا تھا۔ پائل گھوش جنھوں نے فلمساز انوراگ کشیپ پر مبینہ جنسی زیادتی کا الزام لگایا تھا اپنے ایک بیان میں رچا کے حوالے سے قابلِ اعتراض باتیں کہی تھیں۔

بدھ کے روز اس معاملے کی ممبئی ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔ پائل گھوش کے وکیل نتن ستپوتے نے عدالت کو بتایا کہ ان کے مؤکل نے معافی مانگنے اور اپنا بیان واپس لینے پر اتفاق کیا ہے۔

لیکن بعد میں پائل گھوش نے ٹوئٹر پر پوسٹ کیا کہ وہ ہرگز معافی نہیں مانگیں گی۔ سوشل میڈیا پر شروع ونے والی یہ لڑائی عدالت تک پہنچ کر واپس سوشل میڈیا پر موضوع بحث بن گئی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp