’‏آئی ایس آئی کو پتہ ہے میں کیسی زندگی گزار رہا ہوں‘ وزیر اعظم عمران خان


پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ انھیں فوج سے اس وجہ سے بھی کوئی مسئلہ نہیں ہے کہ کیونکہ انٹرسروسز انٹیلیجنس (آئی ایس آئی) کو پتا ہے کہ عمران خان کیسی زندگی گزار رہا ہے۔

لاہور میں انصاف لائرز فورم کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایس آئی کو ان کی چوری کا پتا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان میں فیصلہ کن وقت ہے اور یہ جو سارے بے روزگار سیاستدان اکھٹے ہوئے ہیں یہ قانون کی بالادستی نہیں مانتے، یہ کہہ رہے ہیں کہ ہم قانون سے اوپر ہیں، ہم جوابدہ نہیں ہیں۔

عمران خان نے اپوزیشن جماعتوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جتنے مرضی جلسے کر لیں مگر جب قانون توڑا تو سیدھا جیل جائیں گے۔

خیال رہے کہ اپوزیشن جماعتوں نے حال ہی میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے نام سے اتحاد قائم کر کے ملک بھر میں حکومت مخالف تحریک اور جلسے منعقد کرنے کا لائحہ عمل طے کیا ہے۔

عمران خان نے اپنی تقریر میں حکومت مخالف تحریک پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن رہنما یہ چاہتے ہیں کہ وہ چوری کریں، ڈاکے ماریں، انھیں کوئی ہاتھ نہ لگائے، اگر ہاتھ لگائے تو یہ انتقامی کارروائی ہو گی۔

عمران خان نے نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود لندن میں بیٹھا ہوا ہے اور کارکنان سے کہہ رہا ہے کہ وہ سڑکوں پر نکلیں۔ انھوں نے وفاقی وزیر اسد عمر کے بھائی محمد زبیر پر بھی تنقید کی جنھیں حال ہی میں نواز شریف اور مریم نواز کا ترجمان مقرر کیا گیا ہے۔

محمد زبیر کی حالیہ دنوں میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے ساتھ ہونے والی ملاقاتیں خبروں کی زینت بنی رہیں۔

عمران خان نے اپنی تقریر میں کہا ہے کہ جس دن ان کو این آر او ملا وہ پاکستان کی تباہی ہوگی۔ پاکستان اس دن نیچے چلا جائے گا۔ پاکستان میں قانون کی بالادستی ختم ہو جائے گی۔

عمران خان: ’کیا جہاز دیکھ کر مریض ٹھیک ہوگیا‘

’ہماری فوج دنیا کی بہترین فوج تب ہوگی جب آئین کی پاسداری کرے گی‘ : نواز شریف

جماعت کا کوئی رکن آئندہ عسکری نمائندوں سے ملاقات نہیں کرے گا: نواز شریف

’پاکستانی فوج پر حملوں کا مقصد‘

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستانی فوج پر انھوں (نواز شریف) نے جو حملے کیے ہیں اور جو زبان استعمال کی ہے، میں صرف یہ کہنا چاہتا ہوں کہ اگر اس وقت کوئی بھی جو ہندوستان کا ایجنڈا لے کر پھر رہا ہے تو وہ یہ پھر رہا ہے۔

عمران خان کی تقریر کے دوران وکلا نے یہ نعرے بھی لگائے کہ ’انڈیا کا جو یار ہے، غدار ہے غدار ہے‘۔

واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے جمعرات کو پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کی فوج دنیا کی بہترین فوج تب ہوگی جب آئین کی پاسداری کرے گی۔ ان کے مطابق ‘مجھے فوج کے چھوٹے اور بڑے تمام افسران عزیز ہیں لیکن وہ افسر مجھے پسند نہیں جو دھاندلی کرتے ہیں، جو الیکشن میں دھاندلی کرتے ہیں، جو ووٹ ایک بکسے سے نکال کر دوسرے بکسے میں ڈلواتے ہیں۔

عمران خان نے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان کو بلیک لسٹ کرنے کے ایجنڈے کے تحت پاکستانی فوج پر تنقید کی جاتی ہے۔

عمران خان نے اپنی جماعت کے ہمدرد وکلا سے یہ سوال پوچھا کہ مجھے پاکستانی فوج سے مسئلہ کیوں نہیں ہے؟ اپنے سوال کا خود ہی جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کیونکہ ہر جگہ فوج ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ کونسا ایسا ایجنڈا نہیں ہے، جس پر فوج نے ہماری مدد نہیں کی بلکہ ادھر بھی کی جہاں ان کا کام بھی نہیں تھا۔

انھوں نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے روک تھام کی کوششوں اور حالیہ بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کراچی کے نالوں کی صفائی میں فوج کے کردار کی تعریف کی۔

’ان (نواز شریف) کا مسئلہ کیا ہے‘

وزیر اعظم نے کہا کہ ایشو یہ ہے کہ اگر آج عمران خان پیسہ بنانا شروع کر دے اور اگر میں یہاں سے پیسہ بنا کر باہر منی لانڈرنگ شروع کردوں تو سب سے پہلے ہماری آئی ایس آئی کو پتا چلے گا۔ کیوں پتا چلے گا کیونکہ آئی ایس آئی دنیا کی ٹاپ ایجنسی ہے۔

عمران خان کے مطابق نواز شریف تین بار وزیر اعظم رہے اور ان کی اداروں کو کنٹرول کرنے کی کوشش ہوتی ہے اور ادھر لڑائی ہوتی ہے۔ اس لیے تو نواز شریف کی ہر آرمی چیف سے لڑائی ہو جاتی ہے کیونکہ وہ اس کو پنجاب پولیس بنانا چاہتا ہے۔

عمران خان کے مطابق فوج کو پتا ہوتا ہے، وہ جا کر ان کو بتاتی ہے کہ دیکھیں جی آپ نے اتنی کمیشن لے لی ہے، اتنا پیسہ بنا لیا ہے، یہ اس لیے ڈرے ہوئے ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان نواز شریف کے ایک بیان کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ آپ استعفے کے مطالبے کے وقت اس وجہ سے خاموش رہے کیونکہ آئی ایس آئی کے سابق سربراہ ظہیر الاسلام کو پتا تھا کہ آپ نے کتنا پیسہ چوری کیا ہوا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32550 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp