سوشانت سنگھ کی خودکشی: شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان کی پروڈکشن کمپنیوں سمیت بالی وڈ پروڈیوسرز نے ’غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ‘ پر انڈین میڈیا چینلز پر مقدمہ کر دیا


بالی وڈ
بالی وڈ کی چند بڑی پروڈکشن کمپنیوں نے اداکار سوشانت سنگھ کی خودکشی کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے بارے میں 'غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ' کرنے پر چند انڈین میڈیا کے اداروں پر مقدمہ دائر کر دیا ہے۔

رواں برس جون میں اداکار سوشانت سنگھ کی خودکشی کے بعد انڈیا کے چند نیوز چینلز نے مہینوں اس بارے میں قیاس آرائیوں اور افواہوں کو ہوا دی تھی۔

اس ضمن میں بالی وڈ ادکار شاہ رخ خان، عامر خان اور سلمان خان کی پروڈکشن کمپنیوں سمیت درجنوں دیگر کمپنیوں نے نیوز چینلز پر ’غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ‘ کا الزام عائد کرتے ہوئے مقدمہ درج کروایا ہے۔

ان کی جانب سے دائر کیے گئے مقدمے میں موقف اپنایا گیا ہے کہ ‘مختلف نیوز چینلز کی جانب سے کی جانے والی رپورٹنگ اور ہتک آمیز مہم سے بالی وڈ سے وابستہ افراد کے روزگار پر بہت زیادہ اثر پڑا ہے۔’

واضح رہے کہ گذشتہ چند ماہ سے انڈین میڈیا پر سوشانت سنگھ کی موت کا واقعہ بہت زیادہ زیر بحث رہا ہے۔

بالی وڈ کے 34 پروڈیوسرز اور چار فلم ایسوسی ایشنز نے مشترکہ طور پر دو انڈین میڈیا چینلز اور چار اینکرپرسنز کے خلاف مقدمے کا اندراج کروایا ہے تاہم ان چینلز اور اینکر پرسنز کی جانب سے اب تک ان الزامات پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

ریا چکرورتی کو منشیات کیس میں مشروط ضمانت مل گئی

کیا لبرل بالی وڈ اب قوم پرستوں کے نشانے پر ہے؟

کورونا وائرس سے متاثرہ فلم انڈسٹری چھوٹی سکرین پر تکیہ کرنے پر مجبور

سوشانت سنگھ اداکارہ بھومی پڈنیکر کے ساتھ

سوشانت سنگھ اداکارہ بھومی پڈنیکر کے ساتھ

بالی وڈ پروڈیوسرز کی جانب سے دائر مقدمے کے مطابق یہ موقف اپنایا گیا ہے کہ ‘بالی وڈ میں کام کرنے والے افراد کی ذاتی زندگیوں پر حملہ کیا گیا ہے، اور ان کی ساکھ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانے کے ساتھ ساتھ تمام بالی وڈ فلم انڈسٹری کو جرائم پیشہ، اور منشیات کا عادی بنا کر پیش کیا گیا ہے، اور عوام کی نظر میں بالی وڈ کو جرائم کی دنیا سے منسوب کیا گیا ہے۔’

یاد رہے کہ رواں برس 14 جون کو بالی وڈ اداکار سوسانت سنگھ راجپوت کی لاش ممبئی میں ان کے فلیٹ سے ملی تھی، پولیس نے اسے خودکشی قرار دیا تھا۔

لیکن اس کے بعد ان کے اہلخانہ نے ان کی گرل فرینڈ ریا چکرورتی کے خلاف پولیس کو درخواست دی تھی جس میں ان پر سوشانت کی خودکشی کی ذمہ داری سمیت دیگر جرائم کا الزام عائد کیا تھا۔ تاہم ریا نے ان تمام الزامات کی تردید کی ہے۔

دیپیکا پاڈوکون

تب سے نامور بالی وڈ اداکارہ دیپکا پڈوکون سمیت متعدد بالی وڈ شخصیات کو پولیس کی تفتیش کا سامنا کرنا پڑا ہے البتہ ان میں سے کسی پر بھی کسی جرم کا الزام نہیں لگایا گیا۔

بالی وڈ اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی موت کے کیس پر اب تین وفاقی ایجنسیوں کے ذریعہ تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

تفتیش کاروں کی جانب سے میڈیا کے چند حلقوں کو اس کیس کی کچھ معلومات جاری کرنے اور اس پر میڈیا کی جانب سے کیا ہوا، کیسے ہوا کے سوالات پر قیاس آرائیوں کا سہارا لینے سے اس معاملے کو مزید بڑھاوا دیا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32288 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp