مصباح الحق کا چیف سلیکٹر کے عہدے سے استعفی دینے کا فیصلہ، بطور ہیڈ کوچ ذمہ داریاں جاری رکھیں گے


پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے بی بی سی اُردو کو اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ چیف سلیکٹر کے عہدے سے استعفی دے رہے ہیں تاہم وہ بحیثیت ہیڈ کوچ اپنی ذمہ داریاں جاری رکھیں گے۔

مصباح الحق کا کہنا ہے کہ وہ بدھ کی دوپہر ایک پریس کانفرنس میں اس کا باضابطہ اعلان کریں گے۔

مصباح الحق نے ایک ایسے وقت چیف سلیکٹر کے عہدے سے استعفی دینے کافیصلہ کیا ہے جب وہ 19 اکتوبر کو زمبابوے کے خلاف محدود اوورز کی سیریز کے لیے پاکستانی سکواڈ کا اعلان کرنے والے تھے اور اس سلسلے میں ان کی ساتھی سلیکٹرز سے مشاورت جاری تھی۔

یاد رہے کہ مصباح الحق کے بارے میں پچھلے کچھ عرصے سے ذرائع ابلاغ میں اس طرح کی خبریں تواتر کے ساتھ آ رہی تھیں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ان کے پاس موجود دو عہدوں میں سے ایک واپس لینے کے بارے میں سوچ رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

مصباح الحق پاکستان کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مقرر

مصباح کا ‘ٹرائل اینڈ ایرر’ کہاں تک چلے گا؟

’مصباح ٹھیک کہتے ہیں، لیکن۔۔۔‘

اگر مصباح نے مصباح کو نہ ہرایا ہوتا

مصباح الحق

مصباح الحق کا اس بارے میں کہنا ہے کہ انھوں نے چیف سلیکٹر کا عہدہ کسی دباؤ کے تحت چھوڑنے کا فیصلہ نہیں کیا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے انھیں یہ کہہ رکھا تھا کہ جب تک وہ سمجھتے ہیں چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ کے دونوں عہدوں پر کام کرتے رہیں اور اگر سمجھتے ہیں کہ دونوں عہدوں پر وہ کام نہیں کر سکتے تو وہ خود اس بارے میں فیصلہ کر سکتے ہیں۔

مصباح الحق نے گذشتہ دنوں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی اور محمد حفیظ کے ساتھ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی تھی جس کا مقصد انھیں ڈپارٹمنٹل کرکٹ ختم کیے جانے سے پیدا شدہ مسائل سے آگاہ کرنا اور اس فیصلے کو تبدیل کرنے کی درخواست کرنا تھا۔

تاہم بتایا جاتا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ان تینوں کی وزیراعظم سے اس ملاقات پر خوش نہیں تھا حالانکہ اس ملاقات میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی اور چیف ایگزیکٹیو وسیم خان بھی موجود تھے۔

ملاقات کے بعد مصباح الحق اور اظہرعلی کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلی حکام کے سامنے وضاحت پیش کرنی پڑی تھی کہ انھوں نے یہ ملاقات پاکستان کرکٹ بورڈ کی اجازت یا انھیں علم میں لائے بغیر کیوں کی تھی۔

مصباح الحق نے کب عہدہ سنبھالا تھا؟

مصباح الحق

مصباح الحق گذشتہ سال چار ستمبر کو چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مقرر کیے گئے تھے۔ اس سے قبل پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر تھے۔

پاکستان کی کرکٹ تاریخ میں یہ پہلا موقع تھا کہ کسی ایک شخص کو بیک وقت یہ دو ذمہ داریاں سونپی گئیں۔

جس کمیٹی نے مکی آرتھر کا کوچ کی حیثیت سے معاہدہ تجدید نہ کرنے کی سفارش کی تھی، مصباح الحق اس کمیٹی کا حصہ تھے جبکہ اُن سے قبل چیف سلیکٹر کی ذمہ داریاں انضمام الحق نبھا رہے تھے۔

مصباح الحق کی بطور چیف سلیکٹر کارکردگی کیسی رہی؟

مصباح الحق کی بحیثیت چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ پہلی سیریز سری لنکا کے خلاف تھی جس میں پاکستانی ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تینوں میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا البتہ پاکستانی ٹیم ون ڈے سیریز دو صفر سے جیتنے میں کامیاب ہوئی تھی۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز کے سلیکشن میں مصباح الحق اور کپتان سرفراز احمد کے درمیان اختلاف رائے سامنے آیا تھا۔

مصباح الحق نے اس سیریز میں عمراکمل اور احمد شہزاد کو پاکستانی ٹیم میں واپس لانے کا فیصلہ کیا جس پر کپتان سرفراز احمد خوش نہیں تھے۔

مصباح الحق کا یہ فیصلہ درست ثابت نہیں ہوا اور عمراکمل اور احمد شہزاد دونوں ان کے اعتماد پر پورے نہیں اترے لیکن اس کا خمیازہ سرفراز احمد کو بھگتنا پڑا تھا اور اسی سیریز کے نتیجے کو بنیاد بنا کر ان کی کپتانی چلی گئی تھی۔

کرکٹ

مصباح الحق کی سلیکشن کے معاملے میں یہ سوچ کارفرما رہی کہ آپ فوری طور پر سینئر کھلاڑیوں کو نظرانداز نہیں کرسکتے

مصباح الحق کو بحیثیت چیف سلیکٹر اُس وقت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا تھا جب آسٹریلیا کے اہم دورے سے قبل تجربہ کار فاسٹ بولرز محمد عامر اور وہاب ریاض نے ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے سے معذرت کرلی جس پر نوجوان فاسٹ بولرز محمد موسیٰ اور نسیم شاہ کو ٹیسٹ ٹیم میں شامل کرنا پڑا تھا۔

مصباح الحق نے بحیثیت چیف سلیکٹر ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں پانچ کھلاڑیوں کو کھیلنے کا موقع فراہم کیا جن میں خوشدل شاہ، احسان علی، محمد موسی، حارث رؤف اور حیدرعلی شامل ہیں۔

مصباح الحق کی سلیکشن کے معاملے میں یہ سوچ کارفرما رہی کہ فوری طور پر سینئر کھلاڑیوں کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔

انھوں نے جہاں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینے کی پالیسی اپنائی وہیں محمد حفیظ، شعیب ملک اور وہاب ریاض جیسے سینئیر کھلاڑیوں پر بھی ان کا اعتماد برقرار رہا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp