متحدہ عرب امارات جانے کے لیے دو ہزار درہم کی نئی شرط، سینکڑوں پاکستانی دبئی ایئرپورٹ پر پھنس گئے


سیاحتی ویزے پر متحدہ عرب امارات جانے والے مسافروں کے پاس کم از کم 2000 درہم ہونا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔

اس حوالے سے جمعرات کو پی آئی اے نے بھی ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے جس کے مطابق متحدہ عرب امارات جانے والے مسافر کے پاس کم از کم دو ہزار درہم، واپسی کا کنفرم ٹکٹ اور کنفرم ہوٹل بکنگ یا رہائش کی جگہ کی معلومات کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔

ہوٹل کے بجائے کسی کے پاس ٹھہرنے کی صورت میں رہائشی پتہ کی تفصیلات ہونا لازمی ہے۔ پی آئی اے انتظامیہ بورڈنگ سے قبل یا پاکستانی امیگریشن حکام ان شرائط کو یقینی بنانے کے لیے مسافروں کی چیکنگ کرسکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

قطر سعودی تنازع میں پھنسے پاکستانی

’سعودی نظامِ انصاف کے جال میں پھنسے پاکستانی قیدی‘

’گھر والے پوچھتے ہیں گھر کب آؤ گے، انھیں کیا بتاؤں؟‘

دبئی میں پاکستانی قونصل خانے کا کہنا ہے کہ دبئی ایئرپورٹ کے دو مختلف ٹرمینلز پر 304 پاکستانیوں کو روکا گیا ہے۔

پاکستانی قونصل خانے کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ روکے جانے والے تمام پاکستانی وزٹ ویزے پر دبئی پہنچے تھے مگر وہ اس ویزے کی شرائط پر پورا نہیں اتر رہے۔

قونصل خانے کے مطابق ‘دبئی پہنچنے والے کچھ مسافروں کے پاس واپسی کے ٹکٹ نہیں تو کچھ کے پاس ہوٹل بکنگ نہیں ہے‘۔

قونصل خانے کے مطابق متعدد پاکستانی مسافروں کے پاس دبئی میں قیام کے اخراجات بھی نہیں ہیں۔

پاکستان قونصل خانے نے بتایا کہ وہ ‘متحدہ عرب امارات کے حکام سے پاکستانی مسافروں کے دبئی میں داخلے کی اجازت کے لیے بات کر رہے ہیں۔’

ٹریول ایجنٹ معاذ خان نے بی بی سی کو بتایا کہ اکثر لوگ سیاحتی وزٹ پر وہاں نوکری تلاش کرنے جاتے ہیں۔ ان کے مطابق اس وقت غیر ملکیوں کے لیے ملازمت کے مواقع نہیں ہیں۔

ان کے مطابق پہلے ٹریول ایجنٹ ون وے ٹکٹ پر بھی سیاحتی ویزے پر نوکری کے خواہشمندوں کو یو اے ای بھیج دیتے تھے مگر کورونا وائرس کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے بعد متحدہ امارات کے حکام نے اب اس حوالے سے نیا ہدایت نامہ جاری کیا ہے۔

معاذ خان کے مطابق پاکستان کی حکومت نے دبئی سے ملنے والی ہدایات کے بعد یہ نئی ہدایات جاری کیں جس سے ٹریول ایجنٹس کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32295 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp