شوبز ڈائری: کنگنا کی بالی وڈ ستاروں کو جھاڑ پلانے کی کوشش اور کشمیرہ شاہ سلمان خان کی شکر گزار


کنگنا وناوت
ممبئی پولیس کی جانب سے سوشانت سنگھ راجپوت کی موت کو خودکشی قرار دیے جانے کے بعد سے بالی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت کو چند فلمی ستاروں نے آڑے ہاتھوں لیا تھا۔

اب جب بالی وڈ کے پروڈیوسر گلڈ آف انڈیا سمیت فلم انڈسٹری کی چار تنظیموں اور 34 فلمسازوں نے اداکار سوشانت سنگھ کی خودکشی کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے بارے میں ‘غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ’ کرنے پر انڈیا کے نجی ٹی وی چینلز ریپبلک ٹی وی اور ٹائمز ناؤ سمیت ان کے چار اینکرز کے خلاف دہلی ہائی کورٹ میں مقدمہ دائر کیا ہے تب سے کنگنا کو پھر ایک نیا کام مل گیا ہے۔

اس ہفتے انھوں نے ٹوئٹر پر اپنی ایک ویڈیو میں بالی ووڈ کے چند نامور ستاروں کو جھاڑ پلانے کی کوشش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ جب اپنے پر بات آئی تو ’بالی ووڈ کے لگڑ بگھے‘ میڈیا کے خلاف متحد ہو گئے لیکن خود ان کے سیٹ پر کام کرنے والے غریب افراد کے بارے میں انھوں نے کبھی کچھ نہیں کیا۔

کنگنا کا کہنا تھا کہ ان ستاروں کو اپنے حقوق کی بہت فکر ہے جبکہ دوسروں کے انسانی حقوق ان کے لیے کوئی معانی نہیں رکھتے۔

یہ بھی پڑھیے

ریا چکرورتی کے جیل میں شب و روز اور ان کی والدہ کے دل میں خودکشی کے خیالات

شاہ رخ کی بیٹی کو ’بدصورت‘ کیوں کہا جاتا تھا؟

’کنگنا کو سکیورٹی اور عامر خان کو پاکستان جانے کا مشورہ‘

یاد رے کہ انڈین ٹی وی چینلز کے خلاف درخواست گزاروں میں کرن جوہر، شاہ رخ خان، سلمان خان، انیل کپور، اجے دیوگن اکشے کمار، فرحان اختر، زویا اختر اور عامر خان جیسے بڑے اداکاروں کی فلم پروڈکشن کمپنیاں شامل ہیں۔

بعض ٹی وی چینلز نے اداکار سوشانت سنگھ کی موت کی وجہ قتل قرار دیا تھا اور کیس کی تحقیقات کے دوران منشیات کے استعمال کا پہلو سامنے آنے پر بالی وڈ میں نہ صرف منشیات کے استعمال کا الزام لگایا بلکہ کچھ ٹی وی چینلز اور ان کے اینکرز نے بالی ووڈ ستاروں کو بھی نشانہ بنایا۔

منی ماتھر

منی ماتھر اور کبیر خان

کبیر خان کی ’دوسرے مذہب میں شادی

ممتاز فلسماز کبیر خان کی بیگم مِنی ماتھر کا کہنا ہے کہ دوسرے مذہب میں شادی سے انھیں صرف محبت اور خوشی ملی ہے۔

دراصل منی ماتھر، جو پیشے سے ٹی وی اینکر، اداکارہ اور ماڈل ہیں، زیوارت کے مقبول برانڈ تنِشک کے اشتہار کو سوشل میڈیا پر ’لو جہاد‘ کی تشہیر کے الزام میں ٹرول کیے جانے کے بعد اس معاملے پر شروع ہونے والی بحث کا جواب دے رہی تھیں۔

انسٹاگرام پر اپنی پوسٹ میں منی نے لکھا کہ ’ملک میں پھیلتی اس نفرت کو دیکھ کر افسوس ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تنِشک کو اپنا یہ اشتہار واپس نہیں لینا چاہیے تھا جس میں ایک ہندو لڑکی کی گود بھرائی اس کے مسلم سسرال والے کر رہے تھے۔

منی کا کہنا تھا کہ اس طرح کے معاملات میں آواز نہ اٹھانا ایسے نظریات کو جائز قرار دینے کے مترادف ہے۔ انھوں نے فلسماز کبیر خان کے ساتھ اپنی خوشگوار شادی کی مثال دیتے ہو کہا کہ نفرت کے اس ماحول کو ختم کیا جانا چاہیے۔

بالی ووڈ میں ہندو مسلم شادیوں کا رواج عام ہے اور عامر خان، شاہ رخ خان ،عرفان خان، رتک روشن، عمران خان کے علاوہ اور بھی کئی نامور اداکار ایسے ہیں جن کے شریکِ حیات کا تعلق دوسرے مذہب سے ہے۔

رواں ہفتے زیورات کے برانڈ تنِشک کے اشتہار کے بعد پیدا ہونے والے تنازع پر بالی ووڈ کی کئی ہستیوں نے افسوس ظاہر کیا ہے۔

منی کے ساتھ ہی اداکار محمد ذیشان کی بیگم رسیکا آگاشے نے اس تنازع کے بعد اپنی گود بھرائی کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’سوچا یہ تصویر شیئر کردوں اور میرے خیال میں لوگوں کو ’سپیشل میرِج ایکٹ‘ کے بارے میں خود کو آگاہ کرنا چاہیے۔‘

ہندو روایات کے مطابق ہونے والی رسیکا کی گود بھرائی کی ان تصاویر میں ذیشان ان کے ساتھ بیٹھے دکھائی دے رہے ہیں۔ رسیکا خود بھی ایک تھیٹر آرٹسٹ ہیں۔ اس کے علاوہ اداکارہ تاپسی پنوں اور دویہ دتہ نے اس اشتہار کو خوبصورت کہا جبکہ توقعات کے مطابق کنگنا نے اسے پروپیگنڈہ قرار دیا۔

کشمیرہ شاہ

بالی ووڈ اداکارہ کشمیرہ شاہ

اداکارہ کشمیرہ شاہ کی جانب سے سلمان خان کی تعریف

ادھر اداکارہ کشمیرہ شاہ نے ٹوئٹر پر سلمان خان کی تعریف کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ دراصل 14 اکتوبر کو اداکارہ پوجا بھٹ نے ٹوئٹر پر ایک پوسٹ شیئر کی تھی جس میں بالی ووڈ کے ماضی کے اداکار فراز خان کی شدید علالت کے ذکر کیا تھا۔

انھوں نے پوسٹ میں لکھا تھا کہ ’وہ ہسپتال میں زندگی اور موت کی کشمکش میں ہیں اور ان کا خاندان ان کے علاج کے لیے پیسے اکٹھے کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ اس پوسٹ کے جواب میں سلمان خان نے ان کے علاج کا پورا خرچہ ادا کر دیا۔ اداکارہ کشمیرہ شاہ نے سلمان خان کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’آپ نے فراز کی مدد کر کے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ آپ ایک اچھے انسان ہیں اور میں ہمیشہ سے ہی آپ کی مداح تھی اور رہوں گی۔‘

کشمیرا شاہ گوندہ کے بھانجے کرشنا ابھیشیک کی بیگم ہیں اور خود سلمان کے ساتھ کئی فلموں میں کام کر چکی ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32289 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp