ترکی کی خارجہ پالیسی کب بدلی اور کیونکر جارحانہ ہوئی

گونل ٹال - مڈل ایسٹ انسٹیٹیوٹ، واشنگٹن ڈی سی

  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  

آرمینیا اور آذربائیجان کے مابین جنگ چھڑنے کے فورا بعد ہی ترکی نے آذربائیجان کی حمایت کرنے کا اعلان کیا جس کے بعد ترکی نے مبینہ طور پر ہتھیار اور شامی جنگجوؤں کو آذربائیجان کی مدد کے لیے بھیجا۔

ایک طرف جہاں دوسرے بہت سارے ممالک فوری طور پر جنگ بندی کی اپیل کر رہے ہیں وہیں اس کے برعکس ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے آذربائیجان کے صدر الہام علییف سے جنگ جاری رکھنے کی بات کی ہے۔

یہ تازہ ترین جنگی محاذ ہے جہاں ترکی اپنی مضبوط موجودگی درج کرنا چاہتا ہے۔ اس کے علاوہ بہت سے دوسرے ممالک میں بھی ترکی کی افواج موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

کیا امریکہ کی عالمی سطح پر پسپائی ترکی کے لیے آگے بڑھنے کا موقع ہے؟

کیا ترکی سلطنت عثمانیہ کی تاریخ دہرانے کی کوشش کر رہا ہے؟

ترکی کا قدرتی وسائل کی تلاش میں اپنا بحری جہاز متنازع پانیوں میں بھیجنے کا اعلان

گذشتہ چند سالوں میں ترکی مندرجہ ذیل علاقوں میں عسکری طور پر شامل رہا ہے:

  • شام میں تین بار فوجی مداخلت کی ہے
  • شام میں باغیوں کے زیر قبضہ آخری صوبہ ادلب میں فوج بھیجی ہے
  • شمالی شام میں حال ہی میں اس نے ‘مسلح انتہا پسند گروپ’ کے خلاف نئی فوجی کارروائی کے لیے متنبہ کیا ہے
  • لیبیا کو عسکری امداد پہنچائی ہے اور جنگجو بھیجے ہیں
  • مشرقی بحیرہ روم کے علاقے میں اپنا دعویٰ پیش کرنے کے لیے اس نے اپنی بحریہ کو اس علاقے میں تعینات کیا ہے۔
  • شمالی عراق میں کردوں کی تنظیم پی کے کے باغیوں کے خلاف فوجی کارروائی میں اضافہ کیا ہے

اس کے علاوہ اگر ترک فوج قطر، صومالیہ اور افغانستان میں موجود ہے وہیں بلقان کے خطے میں بھی اس نے امن فوج تعینات کر رکھی ہے۔

خیال رہے کہ سلطنت عثمانیہ کے زوال کے بعد عالمی سطح پر ترکی کی موجودہ فوجی کارروائی سب سے مہنگی مہم ہے۔

ترکی کے صدر اردوغان

Reuters

خارجہ پالیسی میں تبدیلی کی کیا وجہ ہے؟

اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے ہارڈ پاور (یعنی سخت فوجی کارروائی) پر ترکی کا یقین اس کی 2015 کے بعد کی خارجہ پالیسی کا خاصہ رہا ہے۔

نئی خارجہ پالیسی کے تحت وہ کثیرالجہتی مسئلے کو شک و شبے کی نظر سے دیکھتا ہے اور اس بات پر زور دیتا ہے کہ ضرورت پڑنے پر پرکی کو یکطرفہ کارروائی سے پیچھے نہیں ہٹنا چاہیے۔

ترکی کی نئی خارجہ پالیسی مغرب مخالف ہے۔ ترکی کا خیال ہے کہ دنیا میں مغربی ممالک کا اثر و رسوخ اب کم ہو رہا ہے اور ترکی کو چین اور روس جیسے ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات میں اضافہ کرنا چاہیے۔

ترکی کی موجودہ خارجہ پالیسی سامراجیت مخالف ہے۔ دوسری جنگ عظیم کے بعد تیار ہونے والے مغربی غلبے والے نیو ورلڈ آرڈر کو وہ چیلنج کرتا ہے اور اقوام متحدہ جیسی بین الاقوامی تنظیموں سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ مغربی ممالک کے علاوہ دوسرے ممالک کی بھی آواز سنے۔

ترکی کا خیال ہے کہ اس کے چاروں جانب آباد ممالک اس کے ساتھ دشمنی رکھتے ہیں اور اس کے مغربی اتحادیوں نے بھی اس کا ساتھ چھوڑ دیا ہے۔

لہٰذا ترکی نے ایک ایسی خارجہ پالیسی کا راستہ اختیار کیا ہے جو اپنی حدود سے باہر ایک فعال فوجی قوت کی حیثیت سے دنیا میں اپنی موجودگی کو مؤثر انداز میں پیش کرتا ہے۔

یہ دوسرے ممالک کے ساتھ اس کی پرانی تجارتی اور ثقافتی میل جول والی پالیسی کے برعکس ہے۔

ترکی کی موجودہ خارجہ پالیسی کے لیے بہت ساری اندرونی اور بین الاقوامی تبدیلیاں ذمہ دار ہیں۔

ترکی

Getty Images

تبدیلی کیسے شروع ہوئی؟

ترکی کی نئی خارجہ پالیسی نے سنہ 2015 سے نئی شکل اختیارکرنا شروع کیا ہے۔ اس کا آغاز اس وقت ہوا جب ایک دہائی سے بھی زیادہ عرصے میں پہلی بار حکمراں اے کے پارٹی کو کرد پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (ایچ ڈی پی) کی وجہ سے پارلیمنٹ میں اپنی اکثریت کھونی پڑی۔

اکثریت حاصل کرنے کے لیے صدر اردوغان نے دائیں بازو اور بائیں بازو دونوں کے قوم پرست رہنماؤں کے ساتھ ہاتھ ملایا۔

ان پارٹیوں نے اردوغان کا اس وقت ساتھ دیا جب انھوں نے کرد باغیوں کے خلاف دوبارہ کارروائی شروع کی۔

کُردوں پر اتنی توجہ کیسے دی؟

سنہ 2013 میں کردستان ورکرز پارٹی (پی کے کے) کے رہنما عبداللہ اوکلان نے ترکی کے ساتھ جنگ بندی کا اعلان کیا تھا۔ اس کے بعد سے ترکی کے ساتھ پی کے کے کا تنازع کافی حد تک ختم ہوگیا تھا۔

نظریاتی اختلافات کے باوجود انتہائی دائیں بازو کی جماعت اور نو قوم پرست بائیں بازو کی جماعت اس بات پر متفق ہیں کہ کرد مسئلے سے سختی کے ساتھ نمٹنا چاہیے۔

یہ پارٹیاں ملکی محاذ پر قومی سلامتی کو ترجیح دینے کے حق میں ہیں اور خارجہ پالیسی کے بارے میں مغربی مخالف مؤقف رکھتی ہیں۔

ان کی حمایت سے اردوغان نے ملک کے پارلیمانی نظام کو صدارتی نظام میں بھی تبدیل کردیا ہے۔ اس سے ان کی طاقت میں اضافہ ہوا ہے۔

ترکی کے یکطرفہ، فوجی، اور حوصلہ مندانہ خارجہ پالیسی میں اس سیاسی اتحاد کا بڑا کردار ہے۔ اور سنہ 2016 میں ہونے والی ناکام بغاوت نے بھی اس میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

ترکی

EPA

تختہ الٹنے کی کوشش سے آنے والی تبدیلی

ترکی کے صدر اردوغان نے الزام لگایا تھا کہ سنہ 2016 میں ان کی حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش مذہبی مبلغ فتح اللہ گولین کی سربراہی میں ہوئی تھی جبکہ گولین اب تک ان الزامات کی تردید کرتے ہیں۔

فتح اللہ گولین کے ترکی میں لاکھوں پیروکار ہیں۔ ان کے 150 سے زیادہ ممالک میں سکول ہیں اور ان کا کاروبار اربوں ڈالر میں ہے۔ وہ سنہ 1990 کی دہائی سے امریکہ کے شہر پینسلوینیا میں مقیم ہیں۔

ترکی کی خارجہ پالیسی میں فوجی کردار کی آمد کی ایک بڑی وجہ بغاوت کی کوشش بھی رہی ہے۔ اس سے قوم پرستوں کے ساتھ اردوغان کا اتحاد مزید مضبوط ہوا ہے۔

تحتہ الٹنے سازش میں ملوث ہونے کے شبہ میں تقریبا ساٹھ ہزار سرکاری ملازمین کو یا تو مارا گیا، یا جیل بھیج دیا گیا یا برخاست کردیا گیا۔ اس میں فوج کے جوان اور عدلیہ کے لوگ بھی شامل تھے۔

ان کی جگہ پر اردوغان کے وفاداروں اور قوم پرستوں کو شامل کیا گیا ہے۔

اس میں قوم پرستوں کے اس تصور پر بھی زور دیا گیا کہ ترکی گھریلو اور غیر ملکی محاذ پر دشمنوں سے گھرا ہوا ہے۔

ترکی

EPA

شام میں ترکی کی پالیسی کیسے بدلی؟

شام کے صدر بشار الاسد کی جانب سے شمالی حصے میں کردوں کو کرد زون کے لیے کو کھلی چھوٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ یہ خطہ ترکی کی سرحد سے متصل ہے۔

سنہ 2014 میں امریکہ نے مبینہ طور پر کردوں کی مدد کے لیے اسلحہ فراہم کیا تھا۔ ان سب کے سبب ترکی کے عدم اطمینان میں اضافہ ہوا کیونکہ ترکی کردوں کو انتہا پسند سمجھتا ہے۔

اس سے ترکی کو یہ احساس ہوا کہ اسے تنہا ہی اپنی سرحد کی حفاظت کرنی ہوگی اور اس لیے اس نے سرحد پر فوج کی تعیناتی میں اضافہ کر دیا۔

تختہ الٹنے کی کوشش سے قبل اردوغان نے شام میں فوجی کارروائی کا عندیہ دیا تھا۔ انھوں نے ‘انتہا پسندی کے خطرے’ کو ختم کرنے کی بات کی۔

لیکن ترک فوج اس کے حق میں نہیں تھی۔ ترک فوج کسی دوسرے ملک میں کارروائی کرنے کے معاملے میں محتاط رہتی ہے۔

لیکن تختہ الٹنے کی کوشش کے چند ماہ بعد اردوغان کی یہ خواہش پوری ہوگئی اور ترکی نے شام میں کردوں کے خلاف پہلی فوجی کارروائی کی۔ اس کے بعد ترکی کی فوج نے شام میں مزید دو بار کارروائی کی ہے۔

اردوغان کے قوم پرست اتحادیوں نے ان کے فیصلے کی خوب تعریف کی۔ قوم پرستوں کو خوف تھا کہ امریکہ کی مدد سے کرد ترکی کی سرحد پر ایک آزاد ریاست تشکیل دے سکتے ہیں۔

امریکہ کے متعلق اس خوف کی وجہ سے وہ روس کی حمایت کرتے ہیں۔

لیبیا اور ترکی کے سربراہان

Reuters

لیبیا اور مشرقی بحیرہ روم میں ترکی کیوں ہے؟

جنوری میں ترکی نے لیبیا کی موجودہ حکومت کو فوجی مدد بھیجی تھی۔ لیبیا میں وزیر اعظم فیض السراج کی حکومت کو اقوام متحدہ کی حمایت حاصل ہے۔

لیبیا میں ترکی کا بنیادی مقصد سراج کی حکومت کو بچانا ہے۔ مشرقی بحیرہ روم کا خطے اردوغان کی حکومت میں شامل قوم پرستوں کے لیے بہت اہم ہے۔

قبرص میں گیس نکالنے کے حق پر ترکی مشرقی بحیرہ روم کے خطے میں یونان اور قبرص کے ساتھ تصادم کی حالت میں ہے۔

ترکی نے نومبر میں سراج حکومت کے ساتھ فوجی امداد کے بدلے سمندری سرحدوں کے متعلق ایک معاہدہ کیا ہے۔ اردوغان کا مقصد مشرقی بحیرہ روم میں سمندری حدود کا از سر نو تعین کرنا ہے کیونکہ ترکی کو لگتا ہے کہ موجودہ صورتحال میں ترکی کے دشمن یونان اور قبرص اس سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

ترکی مظاہرہ

EPA
آذربائیجان کی حمایت میں ترکی کے لوگ سڑکوں پر اتر آئے

اردوغان کی خارجہ پالیسی کتنی کامیاب ہے؟

شام، لیبیا اور مشرقی بحیرہ روم میں ترکی کی پالیسی بہرحال اتنی کامیاب نظر نہیں آتی جتنی اس کی حکومت میں اتحادیوں نے کی توقع کی تھی۔

ترکی اپنی سرحد کے پاس شام میں کردوں کو مکمل طور پر ہٹانے میں کامیاب نہیں رہا ہے۔ مشرقی بحیرہ روم میں لیبیا کے ساتھ ہونے والے معاہدے سے بھی اس کی حیثیت میں کوئی خاص فرق نہیں آیا ہے۔

اس کے برعکس یہ ہوا کہ ان تنازعات میں ترکی کی مداخلت کی وجہ سے ان ممالک میں اور مغربی ممالک میں اردوغان مخالف جذبات کو ہوا ملی ہے۔

ناگورنو-قرہباخ میں بھی ترکی کا یہی حشر نظر آ رہا ہے کیونکہ ترکی کی طرف سے آذربائیجان کی حمایت پر روس کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔

ترکی قبرص

EPA

ترکی کے لیے آگے کیا ہے؟

صدر اردوغان کے قوم پرست اتحادی چاہتے ہیں کہ وہ جنگ جاری رکھیں۔ ایک نیو قوم پرست ریٹائرڈ ایڈمرل سیحات یاسی کا کہنا ہے کہ یونان مغربی ترکی پر تحاوزات قائم کرنا چاہتا تھا۔

انھوں نے اردوغان سے اپیل کی ہے کہ وہ یونان کے ساتھ بات چیت نہ کریں۔

صدر اردوغان کے پاس اس طرح کے مشوروں کو سننے کے علاوہ اور کوئی چارہ نہیں ہے۔ وہ رائے عامہ کے جائزوں میں اپنا دبدبہ کھوتے جا رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ملکی اور خارجہ پالیسی میں قوم پرستوں کے اثر و رسوخ میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔

(گونل ٹال واشنگٹن ڈی سی میں مشرق وسطی کے انسٹی ٹیوٹ کے ترک سٹڈیز کے مرکز کے ڈائریکٹر ہیں۔)

Comments - User is solely responsible for his/her words

  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 16149 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp