ٹائیگر کنونشن سے وزیر اعظم عمران خان کا خطاب: ’اب کسی بھی ڈاکو کو پروڈکشن آرڈر نہیں ملے گا'


پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے گذشتہ روز گوجرانوالہ میں ہونے والے حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد کے جلسے کو 'سرکس' قرار دیتے ہوئے حزب اختلاف کے رہنماؤں پر شدید تنقید کی اور کہا کہ اب اپوزیشن کو ایک مختلف قسم کا عمران خان دیکھنے کو ملے گا اور چوروں اور ڈاکوؤں کو کوئی پروڈکشن آرڈر نہیں دیا جائے گا۔

وزیر اعظم اسلام آباد میں جناح کنوشن ہال سے ٹائیگر فورس کنوشن سے خطاب کر رہے تھے جہاں انھوں نے کارکنان کو خراج تحسین پیش کیا اور ملکی سیاست پر بات چیت کی۔

اسی حوالے سے مزید پڑھیے

نواز شریف کے جنرل قمر باجوہ پر ن لیگ حکومت کو ’رخصت‘ کرانے، عمران خان حکومت کے لیے ’جوڑ توڑ‘ کرنے کے الزامات

‘نواز شریف اور ن لیگ کے لیے یہاں سے واپسی ممکن نہیں’

کورونا ریلیف آپریشن کے لیے قائم کردہ ٹائیگر فورس کتنی فعال ہے؟

‘نواز شریف کا حملہ آرمی چیف پر نہیں بلکہ فوج پر ہے’

ملک کی مختلف سیاسی جماعتوں کے اتحاد کے جلسے کے بارے میں بات کرتے ہوئے عمران خان نے اسے سرکس قرار دیا اور کہا کہ گذشتہ رات کے جلسے میں دو بچوں نے تقریر کی تھی وہ اس پر بات نہیں کریں گے۔

مسلم لیگ نواز لیگ کی نائب صدر مریم نواز اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا نام لیے بغیر وزیر اعظم نے کہا کہ ان دونوں پر تبصرہ کرنا وقت کا ضیاع ہے اور ان دونوں کو ٹیم کا 12 واں کھلاڑی قرار دے دیا۔

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے نام سے بنے اتحاد میں مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف کی تقریر پر تبصرہ کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کا حملہ آرمی چیف پر نہیں بلکہ فوج پر ہے۔

‘ماحولیاتی تبدیلی کی وجہ سے ہونے والی بارشیں گندم کی قلت کا باعث بنیں’

اپنی تقریر کے ابتدا میں انھوں نے ملک میں مہنگائی اور اجناس کی قلت کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کی وجہ سے ہونے والی بارشوں نے گندم کی پیداوار کو متاثر کیا جس کی وجہ سے قلت ہوئی اور مہنگائی بڑھی گئی۔

سٹور

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ جب گندم کی پیداوار سے آگاہی رکھنے والا نظام خراب تھا جس کی وجہ سے حکومت کو دیر سے معلوم ہوا کہ پیداوار میں کمی ہوئی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ گندم کی قلت کو پورا کرنے کے لیے اسے در آمد کر لیا گیا لیکن مقامی مارکیٹس میں ذخیرہ اندوزی شروع ہو گئی تھی۔

انھوں نے ٹائیگر فورس کو تاکید کی کہ وہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کام کریں اور اس کے لیے وہ خود مداخلت نہیں کریں گے بلکہ صرف تصویر لے کر پورٹل پر ڈال دیں اور انتظامیہ اس پر ایکشن لے گی۔

عمران خان نے کہا کہ چینی بحران سے متعلق کہا کہ پہلی مرتبہ تفصیلی انکوائری ہوئی ہے اور ہمیں ساری چیز معلوم ہوگئی ہے، جو منصوبہ لے کر آرہے ہیں آئندہ مہنگی چینی نہیں ملے گی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32540 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp