دردنہیں بانٹا جا سکتا جس کو ہوتا ہے وہی جانتا ہے


کس کا کلیجہ کتنا چھلنی ہے، کس کی روح تک کو کتنا زخمی کیا گیا ہے کوئی نہیں جانتا۔ درد کی ایسی شدت ہے دھاڑیں مار مار کر چیخ رہا ہوں، خاموش زبان سے چلا چلا کر پکار رہا ہوں کہ کوئی تو سنبھال لے۔ لیکن ہر دفعہ کی طرح درد کی شدت میں کسی نے آنکھ اٹھا کر بھی نا دیکھا

اور میں نے پھر دل پر درد کی ہی مرہم رکھ لی

درد ہر صورت درد ہی رہا ہے الٹا لکھا چاہے سیدھا، درد اور موت دونوں کے ہی تین حروف ہوتے ہیں بس فرق اتنا ہوتا ہے کہ موت ایک بار کا درد ہے اور درد ہر لمحہ کی موت۔

یہ درد کوئی چاند نہیں کہ گھٹتا اور بڑھتا رہے، یہ درد کوئی جذبہ نہیں کہ اس پیدا ہو جائے یا ختم ہو جائے، درد تو ایک ایسی چنگاری ہے جو سلگتی رہتی ہے اور زمانہ ایسا ہے کہ ہر دوسرا شخص اس کو ہوا دیتا ہے اور یہ آگ کی صورت دل کو جلاتا ہی چلا جاتا ہے۔ درد آپ کو روشن کر دیتا ہے لوگ کچھ دیر اس آگ کو دیکھ کر خوش ہوتے ہیں یا اپنا کام نکالتے ہیں اور پھر چلے جاتے ہیں۔

کبھی کبھار دل چاہتا کہ درد کو ایسے لکھوں جیسے ہوتا ہے لیکن یقین کیجیے نہ تو الفاظ کے بس کی بات ہے کہ درد کو بیان کر پائیں اور نہ ہی ان میں اتنی سکت کپ درد کی ترجمانی کر پائیں، ایک جوان بیٹے کی لاش پر ماں کا درد کوئی لکھ کر تو دکھائے، ایک بوڑھے باپ جس کی بیٹی کے بالوں میں چاندی اتر آئی اور وہ اس کا جہیز نہیں بنا سکتا اس کا درد کوئی بیان نہیں کر سکتا، یہ جو اوراق پر چند الفاظ کشید کیے گئے ہیں کہ درد کی شدت کو بیان کیا جا سکے یہ بھی بس استعارے ہیں، کسی بھی لغت میں اتنی سکت ہی نہیں کہ درد کی عکاس بنے۔

درد کی مثال کچھ ایسی ہے کہ جیسے کوئی آپ کے بخیے ادھیڑ کر رکھ دے، جسم کا ہر عضو الگ سمت میں پڑا ہو، خون سے آپ رنگین ہوں اور بس آپ کا دل آپ کے ہاتھوں میں ہو اور آپ چپ چاپ تمام اعضاء سمیٹنے کی کوشش میں لگے ہوں لیکن آپ سے کچھ بن نا پا رہا ہو۔

درد اذیت بھی اور یہی درد یزیدیت ہے یہ صحرا میں آپ کو پیاسا قتل کرتا ہے اور پھر آپ کے جسموں پر گھوڑے دوڑائے جاتے ہیں آپ کے سامنے آپ کے پیاروں کو قتل کرتا ہے اور آپ کے جوانوں کو تہہ تیغ کرتا ہے، یہ آپ کے شیرخوار کی پیاس تیر سے بجھاتا ہے۔ یہ ایسی خون کہ ہولی ہے کہ آپ کو اپنا آپ بھلا دیتا ہے، مصائب و آلام کی وہ سخت گھڑی ہے کہ جس میں روح کو جسم سے بے دخل کر دیا جاتا ہے۔

وقار حیدر

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وقار حیدر

وقارحیدر سما نیوز، اسلام آباد میں اسائمنٹ ایڈیٹر کے فرائض ادا کر رہے ہیں

waqar-haider has 57 posts and counting.See all posts by waqar-haider