کرکٹ: زمبابوے کے خلاف پاکستان کرکٹ ٹیم کے ممکنہ سکواڈ میں شعیب ملک، سرفراز جگہ نہ بنا سکے


شعیب ملک
پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے پیر کو زمبابوے کے خلاف سیریز کے لیے 22 رکنی ممکنہ پاکستانی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جس میں شعیب ملک اور سرفراز احمد جیسے سینیئر کھلاڑی جگہ بنانے میں ناکام رہے ہیں۔

پاکستان رواں ماہ یعنی اکتوبر کے اواخر سے زمبابوے کے خلاف تین میچوں کی ون ڈے اور اس کے بعد تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کی میزبانی کر رہا ہے۔ پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 30 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔

پاکستان کی کرکٹ ٹیم نے گذشتہ 12 ماہ سے کوئی ون ڈے میچ نہیں کھیلا۔ اس دورے میں موجود ون ڈے سیریز آئی سی سی کرکٹ ولڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہے اور ورلڈ کپ 2023 کا کوالیفائنگ راؤنڈ ہے۔

یہ بھی پڑھیے

دورۂ پاکستان کی دعوت پر انگلینڈ کا ’مثبت ردعمل‘

’یہ وزیراعظم کے ساتھ ملاقات کی سزا نہیں بلکہ ایک پیشہ ورانہ فیصلہ ہے‘

کیا سرفراز احمد اپنے کریئر کے اہم موڑ پر کھڑے ہیں؟

پاکستان کی تیز ترین ٹی ٹوئنٹی سنچری بنانے والے خوشدل شاہ

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد

اس موقع پر مصباح نے ٹی ٹوئنٹی کے لیے نوجوان جبکہ ون ڈے میچوں کے لیے تجربہ کار کھلاڑیوں کو کھلانے پر غور کیا ہے۔ ممکنہ سکواڈ میں شامل 22 کھلاڑی دونوں ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچوں کے لیے منتخب کیے گئے ہیں۔

دونوں فارمیٹس میں ٹیم کی کپتانی بابر اعظم کریں گے اور شاداب خان نائب کپتان مقرر کیے گئے ہیں۔ محمد رضوان کے ساتھ روحیل نذر کو بیک اپ وکٹ کیپر کے طور پر رکھا گیا ہے۔

مصباح نے بتایا ہے کہ شعیب ملک اور سرفراز احمد کی جگہ عبداللہ شفیق جیسے نوجوان کھلاڑیوں کو جگہ دی گئی ہے۔ نیشنل ٹی ٹوئنٹی لیگ میں عبداللہ شفیق کی سنچری کے علاوہ اچھی کارکردگی سکواڈ میں ان کی جگہ کا باعث بنی ہے۔

چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ اس کا ’ہرگز یہ مطلب نہیں کہ ان کا کیریئر ختم ہو گیا ہے۔‘ جبکہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد سے کہا گیا ہے کہ دورۂ نیوزی لینڈ میں جگہ بنانے کے لیے وہ 25 اکتوبر سے شروع ہونے والی قائد اعظم ٹرافی میں اپنی فارم بحال کر سکتے ہیں۔

پی سی بی نے انجری کی بدولت حسن علی اور نسیم شاہ کو بھی سکواڈ میں شامل نہیں کیا۔ فاسٹ بولر محمد عامر اور عثمان شنواری کی جگہ حارث رؤف، محمد حسنین اور موسیٰ خان کو موقع دیا گیا ہے۔

زمبابوے کے پاکستان دورے کے بعد جنوبی افریقی ٹیم کا دورۂ پاکستان بھی متوقع ہے۔

ممکنہ 22 رکنی سکواڈ

بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، عبداللہ شفیق، عابد علی، فخر زمان، حیدر علی، حارث سہیل، افتخار احمد، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد حفیظ، محمد رضوان، روحیل نذیر، عماد وسیم، ظفر گوہر، عثمان قادر، فہیم اشرف، حارف رؤف، محمد حسنین، موسیٰ خان، شاہین شاہ آفریدی اور وہاب ریاض


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32493 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp