ریل کی پٹری پر فوٹو شوٹ، سیلفیاں: شادی کی تصاویر کھنچوانے والے جوڑے کی مذمت


برطانیہ کے نارتھ یارکشائر علاقے میں ایک جوڑے کے ریل کی پٹری پر شادی کی تصویریں کھنچوانے کے بعد محکمہ ریل کی جانب سے انھیں شدید مذمت کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

جولائی میں جاری ہونے والی ایک سی سی ٹی وی فوٹیج میں انھیں وٹبی کے نزدیک ریلوے لائن پر کھڑے تصویریں کھنچواتے پایا گیا تھا۔

جون سے ستمبر کے درمیان ریل کی پٹریوں کے ارد گرد علاقوں میں غیر قانونی طور سے داخل ہونے کے پانچ ہزار سے زیادہ واقعات سامنے آئے ہیں، جن میں سے بیشتر میں لوگوں نے ریلوے لائن کے ساتھ تصاویر کھینچیں۔

یہ بھی پڑھیے

پٹنہ کی زیرِ آب سڑکوں پر فوٹو شوٹ پر تنقید

شادی کی فوٹوگرافی کے لیے تاریخی عمارتیں ہی کیوں؟

دولہے نے دریا میں کود کر بچے کی جان بچائی

شادی شدہ جوڑے کی تصویر اصلی یا بناوٹی؟

برطانیہ کے محکمہ ریل نے کہا کہ اس طرح سیلفیاں کھینچنا یا فوٹو شوٹ کروانا ’محض بیوقوفی‘ ہے۔

صرف ستمبر میں ہی اس قسم کے 1،239 واقعات درج ہوئے تھے۔

برطانیہ کی ٹرانسپورٹ پولیس کی اہلکار ایلیسن ایونس نے کہا کہ ’ریل کی پٹری تصویر کھنچوانے کے لیے معقول یا محفوظ مقام نہیں ہے۔ بھلے دیکھنے میں یہ منظر دلکش کیوں نا لگتا ہو۔‘

انھوں نے کہا کہ ‘جتنی بار کوئی ریلوے ٹریک پر قدم رکھتا ہے وہ صرف اپنی زندگی کو خطرے میں نہیں ڈالتا، بلکہ ٹرینوں کے اہم سفر میں تاخیر بھی پیدا کرتا ہے۔‘

ریلوے لائن پر فوٹو شوٹ کی تصاویر سوشل میڈیا پر ڈالنے کے بعد تنقید کی زد میں آنے والے اداکار ایلس ہولِنس کو جولائی میں معافی مانگنے پر مجبور ہونا پڑا تھا۔

انھوں نے اعتراف کیا تھا کہ یہ ایک ‘غیر ذمہ دارانہ’ برتاؤ تھا اور ‘خطرناک ماحول میں شامل ہو کر انھوں نے غیر ذمہ داری کا ثبوت دیا۔‘

برطانیہ کے محکمہ ریل نے برطانوی ٹرانسپورٹ پولیس کے ساتھ مل کر ایک مہم کا آغاز کیا ہے جس کا نام ہے ’یو ورسز ٹرین‘ یعنی ’آپ بمقابلہ ٹرین’۔ اس مہم کا مقصد نوجوانوں میں اس موضوع پر آگہی پیدا کرنا ہے۔

گزشتہ دو برسوں میں ریلوے لائن سے وابستہ 51 مقامات پر بچوں کے ساتھ ہونے والے حادثوں میں کمی آئی ہے۔

برطانوی محکمہ ریل کے اہلکار ایلن سپینس نے کہا کہ ’ریلوے ٹریک پر شادی کی تصاویر کھنچوانا یا سیلفیاں لینا نا سمجھی ہے۔‘

انھوں نے کہا ’یہ یقینی بنائیے کہ آپ کو ریلوے سے منسلک بنیادی حفاظتی نکات پتا ہوں اور آپ انھیں اپنے پیاروں کو بھی بتا سکیں۔ دوسروں کے لیے اچھی مثال قائم کریں اور ریل کی پٹریوں سے دور رہیں۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32485 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp