پاکستانی تجھے سلام


پاکستان کی کل آبادی کا ساٹھ فی صد حصہ نو جوانوں پر مشتمل ہے۔ ایک اندازے کے مطابق ہر سال پاکستان کی سرکاری اور نجی یونیورسٹیوں سے ڈھائی لاکھ نو جوان گریجوایشن کی ڈگری حاصل کرتے ہیں، مگر افسوس کہ ملک کے معاشی حالات کی ابتری کی وجہ سے نو جوان، کم کم ہی ملازمت کا حصول کر پاتے ہیں۔

دور جدید میں سماجی ابلاغ عامہ کے ذریعے پیسہ کمانا مشکل نہیں رہا، مگر مسئلہ یہ ہے کہ ہمارے یہاں نا تو گوگل کا آفس ہے نا ہی اب تک کسی پاکستانی نے فیس بک، ٹویٹر، یو ٹیوب، ایمزون یا علی بابا ایکسپریس جیسی ویب سائٹس بنائی ہیں۔ خوشی اس بات کی ہے جو کام اب تک نہیں ہو سکا، وہ اب ہو گیا ہے۔ پاکستان کے بہترین ملبوسات بنانے کے مرکز فیصل آباد کے نو جوان شہزاد یونس شیخ نے وہ کر دکھایا، جس کا ہر پاکستانی کو بے چینی سے انتظار تھا۔

یہ نو جوان کم عمری سے ٹیکسٹائل اور اسپورٹس کی صنعتوں میں کام کر رہے ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے ایک کمپنی کا افتتاح کیا ہے، جس کا نام جگلو ڈاٹ پی کے ہے۔ یہ کمپنی ایمزون اور علی بابا ایکسپریس کی طرز پر بنائی گئی ہے جس سے پاکستانی استفادہ کر کے اپنی مصنوعات یورپ سمیت پوری دنیا میں متعارف کرا سکتے ہیں۔ تا حال اس جگلو ڈاٹ پی کے کا افتتاح پاکستان سمیت 26 ممالک میں ہوا ہے۔

اس کی مزید خوبیوں میں ایک یہ بھی خوبی ہے کہ ویب سائٹ پر آپ بنا کسی رقم کی ادائیگی کے اپنا اکاؤنٹ بنا سکتے ہیں۔ بعد ازاں آپ اپنی مصنوعات دنیا کے کسی بھی ملک میں متعارف کرا سکتے ہیں۔ جگلو ڈاٹ پی کے پر پہلے دس ہزار اکاؤنٹ بنانے والوں کے لئے کسی قسم کی کوئی فیس نہیں ہے۔ نا ہی پراڈکٹ پر کوئی کمیشن رکھا گیا ہے۔ یہ ایک پاکستانی کا اپنے ہم وطنوں کے لئے بہترین تحفہ ہے، جس کی جتنی توصیف کی جائے، وہ کم ہے۔

دیگر ممالک کی طرح پاکستان کا رجحان بھی ای کامرس اور ڈیجیٹلائزیشن کی جانب مرکوز ہو گیا ہے۔ ای کامرس کے اس دور میں جگلو ڈاٹ پی کے کسی نعمت سے کم نہیں۔ پاکستانیوں کو شہزاد یونس شیخ کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے مکمل سپورٹ کرنا چاہیے، تا کہ اس نو جوان کی حوصلہ افزائی ہو اور مزید نو جوان اس جانب آ کر اپنا اور وطن عزیز کا مستقبل روشن کریں۔

حکومت کو نو جوانوں کو آن بورڈ لے کر، ای کامرس کے حوالے سے اس قسم کی کمپنیوں کا قیام یقینی بنانا چاہیے، تا کہ پاکستان کا زر مبادلے میں اضافہ ہو اور کاروبار فروغ پائے۔ جب پاکستان معاشی اعتبار سے مضبوط ہو گا، تو دنیا پر راج کرنے کے قابل بنے گا۔ اللہ کے کرم سے ہمارا ملک قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، مگر بد قسمتی سے ہمارے سابق حکمرانوں کی نا اہلی کی وجہ سے اقوام عالم کی قطار میں ہم بہت پیچھے ہیں۔ حکومت وقت کو نو جوان شہزاد یونس شیخ کی صلاحیتوں کو سراہ کر، ان کو سپورٹ کرنا ہو گا، تا کہ مز ید نو جوان اپنے حصہ کا دیا جلانے کی ہمت کریں۔ پاکستان زندہ باد۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).